ایک گہری دھڑکتی خواہش کیوں ضروری ہوتی ہے ؟


سب سے پہلے تو یہ بات اچھی طرح سے جان لینی چاہیے کہ ہر کامیابی کا آغاز خواہش سے ہوتا ہے۔ اگر ہمیں کامیاب ہونے کی شدید خواہش نہیں ہو گی، تو ہم کسی بھی مقصد کے حصول میں کوشش کرنے کی زحمت نہیں کریں گے۔ ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہو گی کہ کامیابی ملتی ہے یا نہیں۔

اگر ہم اپنی گزرتی زندگی کا جائزہ لیں اور ان چیزوں کے بارے میں سوچیں جو ہم نے اب حاصل کی ہوئی ہیں تو پتہ چلے گا کہ ہمارے ہر کامیاب کام کے پیچھے ایک خواہش تھی۔ یہاں تک کہ چھوٹے سے چھوٹے اور معمولی مقصد کی تکمیل کے لیے بھی خواہش کی ضرورت ہوتی ہے۔ اپنی کرسی سے اٹھنے، موبائل استعمال کرنے، کھانا پکانے، کتاب پڑھنے، نئی مہارت سیکھنے یا کاروبار شروع کرنے کے لیے بھی۔ بس یہ یاد رہے کہ جتنا بڑا مقصد ہو گا، اتنی ہی خواہش میں شدت ہونی بھی چاہیے اور یہ بات بھی کہ کامیابی کی خواہش آپ کی ناکامی کے خوف سے زیادہ ہونی چاہیے۔

خواہش ہمیں کسی بھی مقصد کو پورا کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ اندرونی طور پر اتنی مضبوط طاقت اور حوصلہ فراہم کرتی ہے کہ جب بھی ہم اپنے مقصد کے راستے پر رکاوٹوں، مخالفت یا مشکلات کا سامنا کرتے ہیں تو کسی صورت ہار نہیں مانتے ہیں کیونکہ خواہش ہمیں ایک ٹریک پر رکھتی ہے چاہے کتنے ہی مشکل سفر کا سامنا کیوں نہ ہو۔ یاد رکھیے گا دوستو کہ ایک کمزور خواہش رکھنے والوں اور دن میں خواب دیکھنے والوں کی خواہشات اتنی طاقت ور نہیں ہوتیں کہ وہ اپنا مقصد حاصل کر لیں۔

انہی باتوں کے حوالے سے نپولین ہل کا ایک قول ہے کہ تمام کامیابیوں کا نقطہ آغاز خواہش ہے۔ اور پھر اس سوال کے جواب میں کہ کسی بھی کامیابی کا نقطہ آغاز خواہش کیوں ہے؟ نپولین ہل کا کہنا تھا کہ خواہش ایک پاور ہاؤس کی طرح ہے، جو بجلی پیدا کرتا ہے۔ اس پاور ہاؤس کے بغیر، آپ زیادہ بجلی حاصل نہیں کریں گے۔ تحقیق پر مبنی ایک معروف کتاب ”سوچو اور امیر ہو جاؤ“ کے مصنف نپولین ہل کے کچھ اقتباسات ہم سب کو ایک نئی سوچ فراہم کرتے ہیں کہ جس کو سمجھ کر عمل کرنے سے واقعی فائدہ ہوتا ہے۔

اگر تم بڑے کام نہیں کر سکتے تو چھوٹے چھوٹے کام بڑے طریقے سے کرو۔
کوشش صرف اس وقت اپنا انعام اچھے سے فراہم کرتی ہے جب کوئی شخص اسے چھوڑنے سے انکار کر دیتا ہے۔

خواہش تمام کامیابیوں کا نقطہ آغاز ہے۔ صرف ایک امید یا چھوٹی سی خواہش نہیں بلکہ ایک گہری دھڑکتی خواہش، جو ہر چیز سے بالاتر ہوتی ہے۔

اپنے تصورات اور اپنے خوابوں کو یاد رکھیں کیونکہ وہ آپ کی حتمی کامیابیوں کے خاکے ہیں۔

تو جناب یہ وہ کچھ کام کی باتیں تھیں جو ہمیں اپنے کسی بھی اچھے مقصد کے سفر میں ہمیشہ یاد رکھنی چاہیں کہ ایسی پڑھی باتیں اور حوصلہ افزا لوگوں کا ساتھ ہی ہماری زندگی کو سہل بناتا جاتا ہے۔ دوسرے لوگوں کے تجربات اور مشاہدات سے سبق حاصل کر نا ہمارے مقصد میں درپیش مشکلات کو بہت حد تک کم کر دیتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments