شوبز ڈائری: کرینہ کی زندگی کا اصول ’نو گٹس نو گلوری‘ اور شلپا شیٹی کی ناختم ہونے والی مشکلات

نصرت جہاں - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن


‘میری زندگی کا ایک ہی اصول ہے ’نو گٹس نو گلوری‘ یعنی ہمت نہیں تو کامیابی بھی نہیں۔‘

اپنے اس اصول کو کرینہ کپور نے اپنی پروفیشنل اور ذاتی زندگی میں کچھ اس طرح ثابت کیا کہ بالی وڈ میں ورکنگ وومن کی ایک زندہ مثال بن گئیں۔

انسٹا پر اپنی کتاب ’پریگنینسی بائبل‘ کے اجرا کے موقع پر کرن جوہر کے ساتھ بات کرتے ہوئے کرینہ کا کہنا تھا کہ ’حمل کے دوران عورت کیا محسوس کرتی ہے اور اس پر کیا گزرتی ہے، یہ صرف ایک عورت ہی سمجھ سکتی ہے، مردوں کو اس کا بالکل اندازہ نہیں ہوتا۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا ’ہر عورت کو حمل کے دوران ہی نہیں بلکہ عام زندگی میں بھی گِلٹ فری اور بے باک ہونا چاہیے۔‘

ایک سوال کے جواب میں کرینہ کا کہنا تھا کہ یہ کتاب لکھنے میں انھوں نے پوری ایمانداری سے کام لیا ہے۔

کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ ’حمل کے دوران لوگ بے شمار مشورے دیتے ہیں کہ یہ کرو، وہ نہ کرو، یہاں نہ جاؤ، یہ نہ کھاؤ۔۔۔ لیکن ہر عورت کو اپنے دل کی بات سننی چاہیے اور وہ کریں جو ان کا دل چاہتا ہے۔‘

کرینہ کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کی بات ایک کان سے سُن کر دوسرے کان سے نکال دیتی ہیں اور اپنے دل کی کرتی ہیں اسی طرح ہر عورت کو زندگی میں ’گِلٹ فری‘ یعنی ہر طرح کے احساسِ جرم سے آزاد ہو کر رہنا چاہیے۔

کرن جوہر نے جب ان سے ان کے دوسرے بیٹے کے پورے نام کے بارے میں پوچھا تو کرینہ نے کہا ’جیہہ علی خان۔‘

کرینہ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ پازیٹیو رہتی ہیں اور اس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ منفی لوگوں اور منفی باتوں یا ٹرولز کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے ارد گرد مثبت ذہن والے لوگوں کو رکھیں۔

جہاں تک ٹرول کا تعلق ہے تو اپنے پہلے بیٹے تیمور کی پیدائش کے بعد تیمور کے نام پر سوشل میڈیا پر ایک طوفانِ بد تمیزی برپا ہوا تھا۔ گذشتہ برس صحافی برکھا دت کے ساتھ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کرینہ نے کہا تھا کہ ’تین سو سال پہلے کیا ہوا کس نے دیکھا۔ ہم اپنے بچے کا کچھ بھی نام رکھیں اس سے کسی کا کوئی لینا دینا نہیں ہونا چاہیے۔‘

کرینہ کے بیٹے کا نام اور سوشل میڈیا ٹرولز

کرینہ کی کتاب کے اجرا کے بعد سوشل میڈیا پر پھر سے ان کے دوسرے بیٹے کے نام پر بحث چھڑ گئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ کرینہ کے دوسرے بیٹے کا نام جہانگیر علی خان ہے اور کرینہ نے کھل کر اپنے بیٹے کا پورا نام نہیں لیا۔

سوشل میڈیا پر کچھ نامعلوم لوگوں کی جانب سے کسی کو گالی دینا، نیچا دکھانا، بے رحمی سے تنقید کرنا یا دھمکی دینا بہت آسان ہے کیونکہ اس کے لیے ہمت یا ضمیر کی ضرورت نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ اب بچے بھی ٹرولز کا شکار ہونے لگے ہیں اس کی تازہ مثال سیف علی خان اور کرینہ کپور کے بچے تیمور علی خان اور جیہہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’میرے ممی پاپا ایک ساتھ خوش نہیں تھے‘

کرینہ، سیف کے دوسرے بیٹے کا نام: ’بھکتوں، ہر چیز تمہارے لیے نہیں ہے’

راج کندرا کی گرفتاری: ’ایک ماں ہونے کے ناتے میری نجی زندگی کا احترام کیا جائے‘

کیا مذہب اور سیاست کا جنون اس قدر بڑھ گیا ہے کہ ماں باپ اپنے بچوں کا محض نام رکھنے پر بُری طری ٹرول کا نشانہ بنائے جانے لگے اور بچے بھی اس میں روندھے جانے لگے۔

امیتابھ بچن کی نواسی مرد رول ماڈلز کی تلاش میں

’ہم عورتوں کے حالات اُس وقت تک نہیں بدل سکتے جب تک مردوں کو اس مہم کا حصہ نہ بنایا جائے۔‘

امیتابھ بچن کی نواسی نویا نندہ نے عورتوں کو بااختیار بنانے سے متعلق ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انھوں نے کہا کہ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانا یا مہم چلانا صرف عورتوں ہی کی ذمہ داری نہیں مردوں کو بھی اس مہم کا حصہ بننا پڑے گا تبھی جا کر حالات بہتری کی سمت بڑھیں گے۔

نویہ کا کہنا تھا ’ہمیں مرد رول ماڈل چاہییں جو عورتوں کے ساتھ اپنے حسن سلوک سے نوجوان نسل کو راستہ دکھا سکیں۔‘

’ویسے اس کی شروعات تو گھر سے ہی ہو سکتی کہ جہاں گھر کی عورتوں کے ساتھ اپنے والد، چچا یا خاندان کے دیگر مردوں کا رویہ دیکھ کر نئی نسل بہت کچھ سیکھ سکتی ہے۔‘

انسٹا پر نویہ کی اس ویڈیو کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔ نویہ کی شوبز میں کوئی دلچسپی نہیں اور وہ اپنا فیملی بزنس جوائن کرنا چاہتی ہیں۔

راج کندرہ کے بعد شلپا کے خلاف بھی فراڈ کی شکایت

شلپا شیٹی اور ان کے بزنس مین شوہر راج کندرہ کی مشکلیں ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔

جہاں ایک طرف راج کی ضمانت نہیں ہو رہی اور انھیں 20 اگست تک حراست میں ہی رہنا ہو گا وہیں لکھنؤ پولیس کی ایک ٹیم صحت سے متعلق ایک سینٹر کے فراڈ کیس میں شلپا شیٹی اور ان کی والدہ سُنندہ شیٹی سے پوچھ گچھ کے لیے ممبئی پہنچی ہے۔

اس سلسلے میں لکھنؤ کے دو تھانوں میں ایف آئی آرز درج کر لی گئی ہیں۔

چینل نیوز 18 کے مطابق شلپا اور ان کی والدہ نے مبینہ طور پر ویل نیس سنیٹر کی برانچ کھولنے کے لیے کافی بڑی رقم لی تھی لیکن یہ سینٹر ابھی تک نہیں شروع ہوا۔

پولیس نے شلپا اور ان کی والدہ سے پوچھ گچھ کے لیے نوٹس بھیجے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp