ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے شیڈول کا اعلان


فائل فوٹو
ویب ڈیسک — انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے میچز 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک کھیلے جائیں گے اور ایونٹ کی میزبانی مشترکہ طور پر متحدہ عرب امارات اور عمان کریں گے۔

آئی سی سی کے مطابق ایونٹ کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز ہوں گے جب کہ دوسرے مرحلے میں ایونٹ کے لیے براہِ راست رسائی حاصل کرنے والی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔

کوالیفائنگ مرحلے میں آٹھ ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی جن میں سے کامیاب ہونے والی چار ٹیمیں فائنل 12 میں جگہ بنا پائیں گی۔ کوالیفائنگ میچز عمان، ابو ظہبی اور شارجہ کے کرکٹ گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے۔

کوالیفائنگ میچز کھیلنے والی ٹیموں کو مزید دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ ‘اے’ میں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈ اور نمیبیا کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ گروپ ‘بی’ میں بنگلہ دیش، اسکاٹ لینڈ، عمان اور پاپوا نیو گنی شامل ہیں۔

ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے آٹھ ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ ‘اے’ میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ گروپ ‘بی’ میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں موجود ہیں۔

ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 23 اکتوبر کو ابوظہبی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ سے ہو گا۔ میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے شروع ہو گا۔ اسی روز انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں دبئی میں مدِ مقابل ہوں گی اور یہ میچ شام چھ بجے کھیلا جائے گا۔

گروپ ‘اے’ میں شامل ٹیموں کے پہلے میچ کا آغاز 24 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں میچ سے ہو گا۔ پاکستان کا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ، 29 اکتوبر کو افغانستان اور دو اور سات نومبر کو کوالیفائی کر کے اس گروپ میں پہنچنے والی دیگر دو ٹیموں سے شیڈول ہے۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 10 نومبر کو ابو ظہبی میں ہو گا جب کہ دوسرے فائنل کی میزبانی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم 11 نومبر کو کرے گا۔ آئی سی سی کے مطابق دونوں سیمی فائنلز کے لیے ریزرو ڈے بھی رکھے گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کا فائنل 14 نومبر بروز اتوار شام چھ بجے دبئی میں کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی کے مطابق کسی بھی وجہ سے اتوار کو فائنل میچ نہ ہونے کی صورت میں یہ مقابلہ 15 نومبر کو ہو گا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments