”مت“ سمجھو ہم نے بھلا دیا۔ مکمل کالم


اگر کوئی پاکستانی صدق دل سے یہ سمجھتا ہے کہ طالبان اللہ کے سپاہی ہیں، مجاہد ہیں، انہوں نے محض جذبہ ایمانی کے بل پر کفر کو شکست دی ہے اور اب وہ افغانستان کی سر زمین پر اللہ کا نظام نافذ کریں گے تو اسے چاہیے کہ فوراً ً بوریا بستر باندھے اور بال بچوں سمیت افغانستان منتقل ہو جائے۔ اس بات کو طعنہ ہر گز نہ سمجھا جائے کیونکہ ہم میں سے وہ لوگ جو مغربی ممالک کے نظام سے متاثر ہیں اور وہاں کے سسٹم پر رشک کرتے ہیں، ان کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ کسی طرح ان ممالک کی شہریت حاصل کر لی جائے۔

ثبوت کے طور پر ان درخواستوں کی تعداد ملاحظہ ہو جو روزانہ ہم پاکستانی ان سفارت خانوں میں جمع کرواتے ہیں اور پھر جس کی درخواست منظور ہو جاتی ہے وہ خوشی کے شادیانے بجاتا ہوا بیوی بچوں کو لے کر امریکہ کینیڈا سیٹل ہو جاتا ہے۔ اگر کسی وجہ سے پورے کنبے کا ویزہ لگنا ممکن نہ ہو تو پھر کم ازکم بچوں کی پڑھائی کا بندوبست ضرور مغربی ممالک میں کیا جاتا ہے چاہے اس کے لیے اپنا پیٹ ہی کیوں نہ کاٹنا پڑے۔ اب یہ دلیل افغانستان کے باب میں کیوں نہ دی جاوے؟

ایک اور زاویے سے اگر دیکھیں تو ساری عمر ہم یہی سنتے آئے کہ پاکستان کے تمام مسائل کی وجہ دین سے دوری ہے۔ اس دلیل کو اگر درست مان لیا جائے تو پھر کم ازکم افغانستان کی حد تک تو یہ عذر ختم ہوا، اب وہاں ان لوگوں کی حکومت آ گئی ہے جو ہمارے بعض پیٹی بند بھائیوں کے نزدیک مثالی لوگ ہیں، ان کے اخلاص میں کوئی شک نہیں، دین کو ان سے زیادہ کوئی نہیں سمجھتا، فحاشی عریانی کی ان کے ہاں کوئی گنجایش نہیں، ایمان کی دولت سے وہ مالا مال ہیں، سو ان حالات میں یہ اور بھی ضروری ہو جاتا ہے کہ ہمارے پیٹی بند بھائی افغانستان جا کر ان کے ہاتھ مضبوط کریں۔

عافیہ صدیقی کی مثال ہمارے سامنے ہے، اس نے اپنے نظریے کے مطابق جو درست سمجھا نتائج سے بے پروا ہو کر اس پر عمل کیا۔ اور اب تو افغانستان میں امریکی بھی نہیں جو کسی کو بگرام جیل میں بند کر دیں گے، اللہ کا نام لیں اور کابل جا کر اس اسلامی حکومت کا حصہ بنیں جس کا آپ کو گزشتہ بیس برس سے انتظار تھا۔ یہ ٹھیک ہے کہ کسی ملک میں انقلاب کی حمایت کرنے کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ وہاں نقل مکانی ہی کرلی جائے، اپنے ملک میں رہ کر بھی اسی قسم کے انقلاب کے لیے جد و جہد کی جا سکتی ہے مگر کوئی ایک اللہ کا بندہ تو افغانستان کی امیگریشن لے۔ آخر ہچکچاہٹ کس بات کی ہے؟

ہم سب جانتے ہیں کہ ایسا کچھ نہیں ہو گا۔ اس ملک کے بائیس کروڑ عوام میں سے ایک بھی شخص افغانستان منتقل نہیں ہو گا۔ وہ لوگ جو اس فتح پر جشن منا رہے ہیں، انہیں بھی دل میں اچھی طرح علم ہے کہ اگر وہ افغانستان گئے تو خود ان کے بیوی بچوں کے ساتھ وہاں کیا سلوک ہو گا مگر وہ یہ بات منہ سے کبھی نہیں کہیں گے کیونکہ جونہی یہ بات انہوں نے زبان سے نکالی، اسی لمحے ان کے کھوکھلے نظریات کی عمارت دھڑام سے نیچے آ گرے گی۔ اپنے خوابوں کا جو تاج محل انہوں نے تعمیر کیا ہے وہ زمین بوس ہو جائے گا، جس بیانیے کی حمایت میں وہ ہلکان ہوئے جا رہے ہیں اس کے تضادات سامنے آ جائیں گے لہذا وہ اس بات کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتے ہیں کہ کیا مغربی تہذیب کے دلدادہ تمام لوگ مغربی ممالک میں جا بسے ہیں؟ اس کا جواب یہ ہے کہ جس کا بس چلتا ہے وہ بالکل وہاں چلا جاتا ہے، مغربی ممالک ہمیں اپنی شہریت دینے کے لیے آوازیں نہیں لگاتے، وہ شہریت بڑے کڑے مراحل سے گزر کر ملتی ہے، افغانستان میں تو ایسی کوئی شرط نہیں، ویسے بھی مسلم امہ ایک ہے، سرحدوں کا تصور تو مغربی ہے، طالبان تو اسے مانتے ہی نہیں۔

ایک بہت ہی محترم مفتی صاحب نے خوش ہو کر ٹویٹ کیا ہے کہ طالبان کی فتح سے انہیں فتح مکہ کی یاد آ گئی۔ سبحان اللہ۔ حضرت جب ان کے ساتھی طالبان یہاں ہمارے فوجیوں کے گلے کاٹ رہے تھے، بچوں کے اسکولوں پر حملے کر رہے تھے، درباروں اور مزاروں کو بموں سے اڑا رہے تھے اس وقت آپ کو کوئی قرآنی آیت یا حدیث یاد نہیں آئی جس میں ایک انسان کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا گیا ہے۔ اس وقت آپ کو حضرت علی ؓ کی خارجیوں کے خلاف جنگ یاد نہیں آئی، ان کا خطبہ آپ بھول گئے جو انہوں نہروان کے کنارے دیا تھا۔

کیا ہم امریکہ کی نفرت میں اس قدر اندھے ہو جائیں کہ اپنے بے گناہ شہریوں، عورتوں اور بچوں کا قتل ہی بھول جائیں جو ہمارے ملک میں ہوا؟ ایک خلط مبحث یہ بھی ہے کہ افغان اور پاکستانی طالبان دو بالکل مختلف گروہ ہیں، دلیل یہ دی جاتی ہے کہ ٹی ٹی پی نے پاکستان میں جو کارروائیاں کیں وہ دراصل افغانستان کی ایجنسی ’این ڈی ایس‘ اور بھارتی ایجنسی ’را‘ کے ساتھ مل کر کیں۔ یقیناً ً اس بات میں کچھ نہ کچھ صداقت ضرور ہوگی کیونکہ جب اپنا گھر ٹھیک نہ ہو تو دشمن ضرور فائدہ اٹھاتا ہے۔

مگر ہم یہ بات کیسے بھول گئے کہ چند سال پہلے تک اسی ٹی ٹی پی کی حمایت میں کس کس طرح کی تاویلیں گھڑی جاتی تھیں، انہیں ’اپنے لوگ‘ کہا جاتا تھا، ان سے مذاکرات کی مخالفت کرنے والوں پر طعنہ زنی کی جاتی تھی، پاکستان میں ٹی ٹی پی کے گروہوں میں جب کوئی جھگڑا ہوتا تھا تو اس کا تصفیہ افغان طالبان کرتے تھے، آج کی تاریخ تک افغان طالبان نے ٹی ٹی پی کے کسی اقدام سے اعلان برات نہیں کیا، ان دونوں میں کوئی جوہری فرق نہیں، دونوں کی آئیڈیولوجی ایک ہے، وہ دونوں خود کو ایک دوسرے سے الگ نہیں سمجھتے مگر ہم مصر ہیں کہ انہیں الگ سمجھا جائے۔ حالانکہ پہلا قدم جو افغان طالبان نے اٹھایا ہے وہ یہ ہے کہ سابقہ افغان حکومت کی جیل سے قیدیوں کو رہا کیا ہے جن میں ٹی ٹی پی کے وہ لوگ بھی شامل ہیں جو پاکستان میں حملوں میں ملوث تھے۔ اس بات کا ہم جشن منائیں؟

یہ با ت درست ہے کہ بھارت کو افغانستان میں ذلت اٹھانی پڑی ہے، اس کے تمام قونصل خانے جو پاکستان کے خلاف متحرک تھے، بند ہو گئے ہیں، مگر اب دیکھنا یہ ہے کہ طالبان کی حکومت میں افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوتی ہے یا نہیں او ر اس کا لٹمس ٹیسٹ یہ ہے کہ پاکستان میں ہر قسم کی دہشت گردی ختم ہو جائے، بلوچستان میں شدت پسند گروہ دم توڑ دیں اور یہاں کی کالعدم تنظیموں کو افغانستان میں سر چھپانے کے لیے جگہ نہ ملے۔ اگلے سال چھ ماہ میں یہ بات واضح ہو جائے گی۔

ایک آخری سوال۔ افغانستان میں ایک آئیڈیل حکومت قائم ہو چکی ہے، اس حکومت میں قرون اولیٰ کے مسلمانوں جیسی خصوصیات کے حامل صالحین ہیں، جذبہ ایمانی کی ان میں کمی نہیں، اصولاً تو ایسے گروہ کا غلبہ زیادہ سے زیادہ دو برس میں پوری دنیا میں ہو جانا چاہیے یا کم ازکم افغانستان کی حد تک ایک ایسی ماڈل ریاست قائم ہو جانی چاہیے جسے باقی تمام اسلامی ملک کاپی کر کے دنیا پر غلبہ حاصل کر لیں۔ پوچھنا یہ تھا کہ اگر اب بھی یہ کام نہ ہوا تو پھر ہم نے کس ٹرک کی بتی کے پیچھے بھاگنا، ذرا بتا دیں، ایسا نہ ہو جشن منانے میں غلطی ہو جائے!

 

یاسر پیرزادہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

یاسر پیرزادہ

Yasir Pirzada's columns are published at Daily Jang and HumSub Twitter: @YasirPirzada

yasir-pirzada has 490 posts and counting.See all posts by yasir-pirzada

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments