کنگسٹن ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل


پاکستان نے اپنی دوسری اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی۔
ویب ڈیسک — پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔

کنگسٹن ٹیسٹ جیتنے کے لیے ویسٹ انڈیز کو 280 رنز جب کہ پاکستان کو نو وکٹیں درکار ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان پانچویں روز کا کھیل باقی ہے۔

کنگسٹن ٹیسٹ کے چوتھے روز دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا۔ شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بالنگ کی بدولت میزبان ٹیم 150 رنز تک محدود رہی۔ شاہین نے 51 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور یہ ان کے ٹیسٹ کریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹوں پر 176 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ چوتھے روز کھیل کے آخری سیشن میں ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 49 رنز بنا لیے تھے۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا جارحانہ آغاز کیا۔ اوپننگ بلے باز عمران بٹ اور عابد علی نے پہلی وکٹ پر 70 رنز کی شراکت قائم کی۔ عابد علی، الزاری جوزیف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے چھ چوکوں کی مدد سے 23 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 329 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 329 رنز کا ہدف دیا ہے۔

دوسری وکٹ پر عمران بٹ کا ساتھ دینے اظہر علی کریز پر آئے لیکن یہ جوڑی اسکور بورڈ پر زیادہ رنز نہ بنا سکی۔ 90 کے مجموعے پر عمران بٹ بھی 37 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے بالر کے سامنے مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ بھی 33 رنز بنا سکے جب کہ حسن علی 17، اظہر علی 22 اور فہیم اشرف نو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر اور الزاری جوزیف نے دو دو جب کہ کیل میئر اور کریگ بریتھ ویٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز اپنے نام کرنے کی میزبان ٹیم کی کوشش

میزبان ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ بریتھ ویٹ 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور ان کے ساتھ الزاری جوزیف دے رہے ہیں جنہیں نائٹ واچ مین کے طور پر اوپر کے نمبروں پر کھلایا گیا۔

ویسٹ انڈیز کو سیریز اپنے نام کرنے کے لیے مزید 280 رنز درکار ہیں۔ پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کا کوئی بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل سکا تھا تاہم دوسری اننگز میں بلے باز بہترین کھیل پیش کرنے کے خواہش مند ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ آرڈر میں نکرومن بونر، روسٹن چیز، جرمین بلیک وڈ اور آل راؤنڈر جیسن ہولڈر موجود ہیں۔ وکٹ کیپر بلے باز جوشوا ڈی سلوا اور کیل میئرز بھی کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments