ایک نوجوان کا اپنی بھیڑوں کی مدد سے دل بنا کر اپنی آنٹی کو آخری سلام


کورونا وائرس کی وبا کے دوران جیسے بہت سے خاندان ایک دوسرے سے دور رہنے پر مجبور تھے ویسے ہی بن جیکسن بھی اس دوری کی وجہ سے اپنے ایک پیارے کو الوداع نہیں کہہ پائے۔

یہ آسٹریلوی کسان نیو ساؤتھ ویلز میں کوئنز لینڈ سے 400 کلومیٹر کی دوری پر تھے جب ان کی آنٹی ڈیبی دو سال تک کینسر سے جنگ لڑنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئیں۔

کورونا کی وجہ سے سفر پر عائد پابندیوں کی وجہ سے جیکسن بریزبن میں اپنی آنٹی کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کر پائے۔

ایسے میں اپنی آنٹی سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے انھوں نے اپنی چراہ گاہ میں اپنی بھیڑوں کو دل کی شکل میں اکھٹا کیا اور ایسا کرنے کے لیے انھیں دانہ بھی ڈالا۔

انھوں نے اناج کو ایسے پھیلایا کہ جب وہ اپنے ریوڑ کو آزاد کریں تو اس میں موجود ہزاروں بھیڑیں اس مقام پر دوڑیں اور اس بڑی شکل کو بھر دیں۔

چند بار کوشش اور اندازوں کے بعد انھوں نے ایک آؤٹ لائن یا خاکہ تیار کیا اور پھر جانوروں کو آزاد گھومنے دیا۔

ان نتائج کو ڈرون کے ذریعے ایک ویڈیو بنا کر محفوظ کیا گیا اور جب جیکسن نے اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا تو یہ ویڈیو وائرل ہو گئی۔

بی بی سی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس کوئی راستہ نہیں تھا کہ میں وہاں جاتا اور اپنی آنٹی کو دیکھتا، انھیں خدا حافظ کہتا یا پھر ان کی آخری رسومات پر جاتا۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’اس وجہ سے میں بہت ناامید اور بے یارو مددگار محسوس کر رہا تھا۔ مجھے سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ کیا کروں لیکن چونکہ میں پہلے ہی بھیڑوں کو کھانا دے رہا تھا تو میں نے سوچا کہ زمین پر ایک بڑا سا دل بناؤں۔‘

پیر کو اپنی آنٹی کی آخری رسومات سے پہلے جیکسن نے یہ ویڈیو اپنے رشتہ داروں کو بھجوائی۔ چرچ میں جیکسن کی آنٹی کی آخری رسومات میں ان کی یہ ویڈیو ان کے پسندیدہ گانے کے ساتھ پیش کی گئی۔

جیکسن کہتے ہیں ’یہ گانا ان کا پسندیدہ گانا تھا۔۔۔ جب میں نے دل والی اپنی ویڈیو کو دیکھا تو میں یہ تسلیم کروں گا کہ میں ایسے آبدیدہ ہو گیا جیسے میں نے ایک ٹن پیاز کاٹی ہے۔ وہ سب بہت جذباتی تھا۔’

حالیہ برسوں میں جیکسن نے بھیڑوں کے ذریعے کچھ اور آرٹ ورک بھی کیا ہے۔ ان کی آنٹی ان کے اس کام کو بہت پسند کرتی تھیں۔

جیکسن بتاتے ہیں کہ وہ لوگوں میں گھلنے ملنے والی اور بہت فراخ دل خاتون تھیں اور وہ گذشتہ مئی میں ان سے ملی بھی تھیں۔ یہ کورونا کے باعث آسٹریلیا میں نئے لاک ڈاؤن سے پہلے کی بات ہے۔

بھیڑوں کے ذریعے پیش کیا جانے والا یہ پیغام آسٹریلیا کے ٹی وی چینلوں پر بھی دکھایا گیا اور سوشل میڈیا پر بھی بہت سے لوگ اسے شیئر کر رہے ہیں۔

جیکسن کا کہنا ہے کہ ان کی آنٹی اس سب سے بہت خوش ہو رہی ہوں گی۔

’اتنے سارے لوگوں کو مسکراتے اور انجوائے کرتا دیکھ کر وہ بہت فخر محسوس کر رہی ہوں گی۔ یہ بس محبت ہے۔ محبت کی گرم جوشی۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp