کرسٹیانو رونالڈو: مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیجنڈ کھلاڑی کی ڈرامائی واپسی پر سوشل میڈیا صارفین خوشی سے نہال، کلب کی ویب سائٹ کریش کر گئی


رونالڈو
کھیلوں کی دنیا میں مداحوں کی خواہشات کو خبر بنانے کے لیے اکثر افواہوں پر مبنی خبریں چلائی جاتی ہیں۔ مداح جانتے بوجھتے ہوئے بھی ان خبروں کو پڑھتے ہیں لیکن دل ہی دل میں یہی سوچتے ہیں کہ شاید ایسا کبھی ہو نہ پائے۔

سنہ 2009 میں جب کرسٹیانو رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑ کر ریال میڈرڈ روانہ ہوئے تو یقیناً یہ دنیائے فٹبال کے لیے ایک دھچکے سے کم نہ تھا۔ انھوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے چھ برسوں میں 292 میچ کھیلے اور 112 گول کیے اور یوں کلب کے لیجنڈ قرار پائے۔

ایسے میں ان کی کلب سے روانگی ان کے مداحوں کو کبھی ہضم نہ ہو سکی اور ان کی وہ خوبصورت فری ککس سے مداحوں کی نسل بھی لطف اندوز ہو رہی ہے۔ خود رونالڈو کے بیانات یہ بتاتے رہے ان کے دل میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے ایک نرم گوشہ موجود ہے۔

جیسے راجر فیڈرر سے ان کی ریٹائرمنٹ کے بارے میں تقریباً ہر پریس کانفرنس میں سوال ہوتا ہے ویسے ہی رونالڈو اور مانچسٹر یونائیٹڈ سے ان کی واپسی کے بارے میں سوال بھی ایک معمول بن چکا تھا۔

یہی وجہ تھی کہ گاہے بگاہے ان کی واپسی کی افواہوں کی خواہش خبر بنتی رہی۔ لیکن آج یہ خواہش صرف ایک افواہ نہیں بلکہ سچی خبر ثابت ہو گئی ہے۔

https://twitter.com/ManUtd/status/1431283208889544707?s=20

مانچسٹر یونائیٹڈ نے تصدیق کی ہے کہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو ایک مرتبہ پھر کلب کے لیے کھیلیں گے۔

سال کے بہترین فٹبالر کا اعزاز (بیلن ڈی اور) پانچ مرتبہ جیتنے والے 36 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ ہونے والا معاہدہ فی الحال ذاتی شرائط، ویزا اور میڈیکل پر منحصر ہے۔

ظاہر ہے جب خواہش خبر بنتی ہے تو مداحوں کی خوشیاں بھی دیدنی ہو جاتی ہیں اور اس کا مظاہرہ اس وقت سوشل میڈیا پر خاصے بھرپور انداز میں کیا جا رہا ہے اور پاکستان سمیت دنیا کے اکثر ممالک میں کرسٹیانو رونالڈو کی مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی پر بحث ہی ٹرینڈ کر رہی ہے۔

رونالڈو

رونالڈو نے مانچسٹر یونائیٹڈ کے معروف کوچ سر ایلکس فرگسن کی زیرِ نگرانی تین پریمیئر لیگ ٹائٹل، ایک چیمپیئنز لیگ، دو لیگ کپ، ایک ایف اے کپ، ایک فیفا کلب ورلڈ کپ اور کمیونٹی شیلڈ جیت رکھی ہے

’ہم رونالڈو کو خوش آمدید کہنے کے لیے پرجوش ہیں‘

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘کلب میں سبھی کرسٹیانو رونالڈو کو خوش آمدید کہنے کے لیے پرجوش ہیں۔’

یہ اعلان گذشتہ 24 گھنٹوں کی ڈرامائی صورتحال کے بعد سامنے آیا ہے کیونکہ کل تک مانچسٹر سٹی رونالڈو کو خریدنے کی دوڑ میں سب سے آگے تھی اور یہ خبریں بھی آ رہی تھیں کہ اس معاہدے میں کچھ ذاتی شرائط مان لی گئی ہیں۔

تاہم رونالڈو نے اپنے پرانے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو ترجیح دی۔ انھوں نے اس کلب میں کوچ سر ایلکس فرگسن کی زیرِ نگرانی تین پریمیئر لیگ ٹائٹل، ایک چیمپیئنز لیگ، دو لیگ کپ، ایک ایف اے کپ، ایک فیفا کلب ورلڈ کپ اور کمیونٹی شیلڈ جیت رکھی ہے۔

ابتدا میں رونالڈو کا خیال تھا کہ اب ان کا اپنے سابقہ کلب میں واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے لیکن یونائیٹڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایسا کرنا چاہتے ہیں۔

یہ معاہدے گذشتہ 24 گھنٹوں کے اندر طے پایا اور جیسے ہی مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے اس فیصلے کا اعلان کیا گیا تو ان کی ویب سائٹ کریش کر گئی۔ اس وقت مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم میں دنیا کے نامور اٹیکنگ پوزیشنز پر کھیلنے والے کھلاڑی موجود ہیں جن میں مارکس ریشفرڈ، جیڈن سانچو، پال پوگبا، میسن گرین وڈ، ایڈنسن کوانی، برونو فرنینڈیز اور اینتھونی مارسیئیل شامل ہیں۔

رونالڈو

’یہ فٹبال کی تاریخ کی سب سے بڑی ٹرانسفر ہے‘

مانچسٹر یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں کی ٹویٹس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اس وقت خوشی سے نہال ہیں۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق کھلاڑی اور رونالڈو کے ساتھ سنہ 2006 سے 2009 کے درمیان کھیلنے والے پیٹرک ایورا نے ٹویٹ میں رونالڈو کے ساتھ واٹس ایپ پر اپنی بات چیت کا سکرین شاٹ شیئر کیا جس میں رونالڈو انھوں بتا رہے ہیں کہ ’میں ہمارے کلب میں کھیلنے والا ہوں۔‘ ایورا ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ یہ فٹبال کی تاریخ کی سب سے بڑی ٹرانسفر ہے۔

رونالڈ کی جانب سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جوینٹس کو خیرباد کہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’ہم نے ایک ساتھ ایک خوبصورت کہانی تحریر کی ہے۔ میں نے دل و جان کے ساتھ اٹلی اور بلاشبہ یورپ کے سب سے بڑے کلب کے لیے کھیلا اور تیورن شہر سے میری محبت مرتے دم تک رہے گی۔‘

اس حوالے سے بھی اطلاعات آ رہی ہیں کہ رونالڈو نے کچھ سابقہ ساتھیوں سے بات کی تھی جنھوں نے انھیں منانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان میں سے ایک ساتھی دفاعی پوزیشن پر کھیلنے والے سابقہ کھلاڑی ریو فرڈینینڈ بھی صبح سے اس حوالے سے ایسی ٹویٹس کرتے دکھائی دے رہے ہیں جو اس ٹرانسفر کی جانب سے اشارہ کرتی ہیں جیسے یہ ٹویٹ:

https://twitter.com/rioferdy5/status/1431252679993569284?s=20

مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق گول کیپر ایڈون وینڈر سار نے ٹویٹ کیا کہ ’مانچسٹر یونائیٹڈ کے مداح کیسا محسوس کر رہے ہیں؟ میں نے ہمیشہ سے یہ خواب دیکھا تھا، لیکن کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ یہ حقیقت بن جائے گا۔‘

اکثر افراد کلب کی جانب سے اس مرتبہ کی ٹرانسفر ونڈو میں بہترین خریداری کرنے پر خاصے خوش دکھائی دے رہے ہیں ایک صارف نے لکھا کہ ’ایک ہی مرتبہ میں وران، رونالڈ اور جیڈن سانچو کی خریداری شاید آپ کو فٹبال کی کسی گیم کے کریئر موڈ میں ملتی ہے، اور آپ یہی سوچتے ہیں کہ اصل میں تو ایسا کبھی نہیں ہو سکتا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp