بھارت میں ایک دن میں ایک کروڑ افراد کرونا ویکسی نیشن


وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ارب 30 کروڑ کی آبادی والے ملک کے لیے اسے ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔

بھارت میں ایک دن میں ایک کروڑ سے زائد افراد کو کرونا وائرس سے مدافعت کی ویکسین لگائی گئی ہے۔

بھارت کی وزارتِ صحت نے ایک بیان میں بتایا کہ جمعے کو ایک کروڑ سے زائد افراد کو کرونا ویکسین لگائی گئی جو ملک میں جاری ویکسی نیشن مہم میں یومیہ سب سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے کا ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے بھارت میں ایک دن میں 92 لاکھ افراد کو ویکسین دی گئی تھی۔

وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایک ارب 30 کروڑ کی آبادی والے ملک کے لیے اسے ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے ویکسین لگوانے والے افراد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی وجہ سے حکومت کی ویکسین کی مہم کامیاب ہو رہی ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق حکومت نے رواں برس کے اختتام تک ایک ارب 10 کروڑ بالغ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

قبل ازیں انتظامی معاملات اور لوگوں کی جانب سے ویکسین لگوانے میں تردد اس ہدف کو پورا کرنے میں آڑے آ رہا تھا۔ جنوری سے شروع ہونے والی اس مہم میں اب تک ملک کے 15 فی صد بالغ افراد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔

بھارت میں اپریل اور مئی کے دوران وبا کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جس کے بعد سے اب اس میں کافی کمی آئی ہے۔

ملک میں نقل و حرکت پر تمام پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں جب کہ مبصرین ملک میں ایک اور وبا کی لہر کی پیش گوئی کر رہے ہیں

بھارت میں روزانہ کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہفتے کے روز تقریباً 46 ہزار افراد کرونا کا شکار ہوئے۔ جب کہ 500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

گزشتہ دو مہینے میں یہ کسی بھی دن متاثر ہونے والے افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس وقت سب سے زیادہ کیسز جنوبی ریاست کیرالا میں سامنے آ رہے ہیں۔

بھارت میں اب تک کرونا وائرس سے چار لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور تین کروڑ 20 لاکھ متاثر ہوچکے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد سرکاری ریکارڈ سے چار گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔

اس رپورٹ میں مواد خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے شامل کیا گیا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments