مریخ روور: ناسا کا پرسیورینس مریخ پر پتھر کا دوسرا نمونہ ڈرل کرنے میں کامیاب

جانتھن ایموس - بی بی سی سائنس کارسپانڈنٹ


امریکی خلائی ادارے کی سیارے مریخ پر موجود گاڑی پرسویرنس کے بارے میں امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اپنی دوسری کوشش میں وہ بالآخر مریخ کی سطح پر ڈرلنگ کے بعد ایک چٹان کا نمونہ اٹھانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ اس پتھر کو اب واپس زمین پر لایا جائے گا۔

مریخ سے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بظاہر چٹان میں صفائی سے سوراخ کیا گیا اور اس کا ٹکڑا زمین پر بھیجے جانے کے لیے خلائی گاڑی میں محفوظ ہے۔

گذشتہ ماہ اس طرح کی ایک کوشش اس وقت ناکام ہو گئی تھی جب ڈرلنگ سے حاصل کیا گیا چٹان کا ٹکڑا پاؤڈر بن جانے کی وجہ سے محفوظ نہیں کیا جا سکا تھا۔

مریخ کی چٹان کا نمونہ حاصل کرنے کی اپنی دوسری کوشش میں کامیابی کی صورت میں پہلی بار ہو گا کہ کسی دوسرے سیارے سے چٹان کا ٹکڑا زمین پر واپس لانے کے لیے حاصل کیا گیا ہو گا۔

مریخ پر خلائی گاڑی پرسیویرنس کے مقاصد میں اگلے ایک سال میں دو درجن سے زیادہ ایسے نمونے حاصل کرنے ہیں جو پھر اس دہائی کے آخر میں امریکہ اور یورپ کی مشترکہ کوشش سے زمین پر واپس پہنچائے جائیں گے۔

پرسیورینس اس سال فروری میں مریخ کے جیزیرو نامی گڑھے پر اتری تھی جس کی چوڑائی 45 کلومیٹر ہے۔ اس گڑھے کے بارے میں خیال ہے کہ اربوں سال پہلے یہاں ایک جھیل تھی۔ اس تاریخ کی وجہ سے ماہرین کا خیال ہے کہ اگر مریخ میں زندگی کبھی انتہائی بنیادی صورت میں موجود تھی تو پھر جیزیرو میں اس کے آثار ضرور ہوں گے۔

پرسویرنس مریخ پر اترنے کے بعد اب تک تقریباً دو کلومیٹر فاصلہ طے کر چکی ہے۔ یہ وہ مقام تھا جہاں پرسیورینس نے اپنی تازہ ترین ڈرلنگ کرنے کی کوشش کی تھی۔

اس روبوٹ میں ایسا نظام موجود ہے جس کے ذریعے یہ روبوٹ اس پتھر کا انگلی کے برابر حجم کا ٹکڑا کاٹ کر اسے سیلنڈر نما ٹیوب میں بند کر دے گا۔

اس سیلنڈر کو بند کرنے سے پہلے روور اس کی تصاویر بھی بنائے گا۔ اگست کے آغاز میں ایسی ہی ڈرلنگ کا ایک تجربہ اس موقع پر آ کر ناکام ہوا تھا، جب سائنسدانوں کو یہ معلوم ہوا تھا کہ ٹیوب میں تو کچھ ہے ہی نہیں اور اس روبوٹ نے پتھر کو پاؤڈر بنا دیا ہے اور یہ ڈرلنگ کے مقام کے ساتھ ہی کہیں گر گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مریخ پر 3000 دن: ناسا کیوروسٹی روور نے سرخ سیارے پر کیا دیکھا؟

مریخ پر ’کیوروسٹی‘ کے دو ہزار دن

متحدہ عرب امارات کا خلائی مشن ہوپ مریخ کے مدار میں، ملک بھر میں جشن

ناسا کا خلائی روبوٹ اور مریخ پر دہشت کے سات منٹ

تاہم ٹیم کی حوصلہ افزائی اس وقت ہوئی جب پرسیورینس کی جانب سے تصاویر موصول ہوئیں جن میں جمعرات کو صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ پتھر کا کچھ حصہ ٹیوب کے سرے پر موجود ہے۔

روور کی جانب سے اس نمونے کو مکمل طور پر پرکھا جائے گا۔ پرسیورینس کی نگرانی اس کا چھوٹا ہیلی کاپٹر انجینویٹی کرتا ہے۔

اس ڈرون کو مارس پر ٹیکنالوجی میں جدت ظاہر کرنے کے لیے مریخ پر لے جایا گیا تھا لیکن اب اس کے ذریعے روور کے آگے موجود راستہ دیکھا جاتا ہے۔

اب تک انجینویٹی نے 12 پروازیں کر لی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32533 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp