ٹوکیو پیرالمپکس: پاکستان کے حیدر علی نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی


حیدر علی پیرالمپکس مقابلوں میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔

پاکستان کے ایتھلیٹ حیدر علی نے پیرالمپکس کے ڈسکس تھرو مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

جاپان کے شہر ٹوکیو میں پیرالمپکس میں مختلف کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں۔ جمعے کو مردوں کے اسٹینڈنگ ڈسکس تھرو (یعنی کھڑے ہو کر ڈسکس پھینکنا) مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی کے مدِمقابل یوکرین، برازیل، آسٹریلیا، مصر، وینزویلا اور دیگر ملکوں کے ایتھلیٹس تھے۔

حیدر علی اس مقابلے میں 55 اعشاریہ دو چھ میٹر دور ڈسکس پھینک کر گولڈ میڈل کے حق دار قرار پائے جب کہ دوسرا نمبر یوکرین کے ایتھلیٹ میکولا زبنیاک کا رہا جنہوں نے 52 اعشاریہ چار تین میٹر دور ڈسکس پھینکی۔

واضح رہے کہ ڈسکس تھرو کے مقابلوں میں پاکستان نے پہلی مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔

اس سے قبل حیدر علی ہی 2008 کے پیرالمپکس میں چاندی اور 2016 میں کانسی کے تمغے جیت چکے ہیں۔

اپنی حالیہ جیت پر حیدر علی نے کہا کہ ان کے ملک میں پیرا لمپکس کے کھیلوں کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے اس گولڈ میڈل کی بہت اہمیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود افراد میں یہ گولڈ میڈل دیکھ کر یہ جذبہ پیدا ہو گا کہ وہ بھی سخت محنت کر کے عالمی سطح کے مقابلوں میں پاکستان کے لیے کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

حیدر نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ پاکستان کے ان لوگوں کے لیے رول ماڈل ہوں گے جو کسی معذوری کی وجہ سے کھیلوں کی طرف راغب نہیں ہوتے اور پیرالمپکس جیسے مقابلوں میں حصہ نہیں لیتے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments