'افغانستان میں طالبان: کابل کے باسیوں کی نئے، غیر یقینی مقدر سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش

لیس ڈوسٹ - چیف انٹرنیشنل کارسپانڈنٹ کابل


کابل: 31 اگست
بہت سی خواتین اب طالبان کے احکامات کے مطابق گھر سے باہر نکلتی ہیں
’تم محرم کے بغیر سفر کیوں کر رہی ہو؟‘ طالبان گارڈ نے اکیلی سفر کرتی ہوئی ایک نوجوان عورت سے پوچھا۔

وہ پیلے رنگ کی پرانی ٹیسکی کی پچھلی سیٹ پر بیٹھی تھی۔ ٹیکسی باقی سب گاڑیوں کی طرح طالبان کے ایک ناکے پر آ کر رکی تھی۔

آخر کابل میں کس بات کی اجازت ہے اور کس بات کی نہیں؟

طالبان گارڈ نے اپنی بندوق کندھے پر رکھتے ہوئے اسے اپنے شوہر کو بلانے کا حکم دیا۔ جب اس لڑکی نے کہا کہ اس کے پاس فون نہیں ہے تو اس گارڈ نے ایک اور ٹیسکی ڈرائیور کو کہا کہ اس کو گھر لے کر جاؤ اور پھر اس کے شوہر کے ساتھ اسے واپس لاؤ۔ یہ مسئلہ طالبان گارڈ کی مرضی کے مطابق حل ہو گیا۔

کابل میں اب بھی ٹریفک جام ہوتے ہیں۔ ریڑھیوں پر انگور، گہرے رنگ کے آلو بخارے نظر آتے ہیں۔ اور پھٹے ہوئے کپڑے پہنے بچے اس رش میں ایک کونے سے دوسرے کونے تک دوڑتے ہیں۔

کابل

کابل کا بازار

بظاہر لگتا ہے کہ اس شہر میں سب کچھ پہلے جیسا ہے۔ لیکن ایسا نہیں ہے.

یہ دارالحکومت اب طالبان کے بیانات اور سڑک پر سب کچھ طالبان کے مطابق چلتا ہے۔

’لوگوں سے رابطوں میں احتیاط کریں۔ اس قوم نے بہت دکھ دیکھے ہیں۔ نرمی اپنائیں۔‘ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پوری طرح مسلح جنگجوؤں کے ساتھ کھڑے ہو کر امریکی افواج کے انخلا کے پہلے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا۔

کچھ باتیں کہنی نہیں پڑتیں۔ گزشتہ ماہ طالبان کے کابل میں دوسرے دور کے شروع ہوتے ہی مردوں نے داڑھیاں بڑھانا شروع کر دی تھیں۔ عورتوں نے رنگ برنگے سکارف سیاہ رنگ کے سکارف سے بدل دیے تھے اور ان کے کپڑوں کے ڈیزائیں اور ناپ بھی بدل گئے تھے۔

اس طرح بہت کچھ اور غیر واضح اور پریشان کن ہے۔

’خواب جو ٹوٹ گئے‘

مجھے کیا کرنا چاہیے؟ دنیا بھر سے ہر گھنٹے مجھ سے افغانوں کی طرف سے یہ سوال میرے فون اور کمپیوٹر پر آ رہا ہے۔

جب کابل پر طالبان کا قبضہ ہوا تو مریم راجائی کو معلوم تھا کہ کیا کرنا ہے۔

15 اگست کو جب طالبان جنگجو کابل میں داخل ہوئے تو وہ اٹارنی جنرل کے دفتر میں ایک ورکشاپ کروا رہی تھیں۔ ’ہمیں اپنا کام جاری رکھنا چاہیے‘ ان کے شاگردوں نے ان کی طرف سے خطرے کی نشاندہی کرنے پر جواب دیا۔

تاہم ان کی کلاس کے شرکا نے جلد ہی حقیقت کو تسلیم کر لیا۔ اس دن سے راجئی اپنے اہل خانہ اور دو بچوں کے ساتھ ایک گھر سے دوسرے میں چھپتی پھر رہی ہیں۔

مریم راجئی

جب طالبان کا کابل پر قبضہ ہوا مریم راجئی ایک ورکشاپ کروا رہی تھیں

ان کی تین سالہ بیٹی ابھی سے کہتی ہے کہ وہ انجینیئر بنے گی۔

کسی کو نھیں معلوم کہ طالبان جب عورتوں اور لڑکیوں کو ’اسلام کے مطابق حقوق‘ دینے کی بات کرتے ہیں تو ان کا کیا مطلب ہے۔

مریم راجئی سمیت بہت سی خواتین کو واضح طور پر کہہ دیا گیا تھا کہ وہ ’دفتر مت آئیں۔‘ ان میں سے بہت سی خواتین کو خدشہ ہے کہ انھیں اب اس شہر میں پہلے والی زندگی دوبارہ نھیں ملے گی جو انہیں اب اپنا نھیں لگتا۔

’تعلیم حاصل کرنا، اچھی نوکری تلاش کرنا، معاشرے میں اونچی سطح پر اپنا کردار ادا کرنا میرا حق ہے،‘ راجئی اپنی یونیورسٹی کی ڈگری اور کتابوں کے ڈھیر کے پاس بیٹھ کر ہمیں کہتی ہیں۔ ’میرے سارے خواب ٹوٹ گئے ہیں،‘ وہ اپنی ٹوٹتی ہوئی آواز کے ساتھ ہمیں کہتی ہیں۔

کانٹریکٹر جو پیچھے رہ گئے

دو دہائیوں تک عالمی رابطوں نے نئئ سوچ، نئی شناخت کے لیے جگہ پیدا کی تھی۔ اب اس طرح جی گئی کچھ زندگیاں بوجھ بن رہی ہیں۔

تیرہ سال تک کابل میں برطانوی سفارتخانے کے شیف رہنے والے حمید کرسمس پارٹیوں کو یاد کرتے ہوئے کہتے ہیں ’میری اچھی یادیں ہیں اپنی کرسمس پارٹیوں کی، کھانے بنانے کی، ہم سب بہت خوش تھے۔‘

حمید

حمید برطانوی سفارتخانے میں کام کرتے تھے اور سمجھتے ہیں کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے

حمید اور سفارتخانے کے تقریباً 60 ملازم ایک پرائیویٹ کنٹریکٹر کے ذریعے ملازم رکھے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا کہ سفارتخانے کا تقریباً وہ رمام سٹاف جو براہ راست بھرتی کیا گیا تھا طالبان کی آمد سے پہلے کابل چھوڑنے میں کامیاب ہو گیا تھا لیکن کانٹریکٹ والے پیچھے رہ گئے۔

’ہم نے کووڈ کے لاک ڈاؤن کے دوران بھی بہت کام کام کیا تھا۔ اگر وہ ہمیں یہاں سے نھیں نکالتے تو یہ بہت بڑی زیادتی ہو گی۔‘

برطانیہ دیگر مغربی ممالک کی طرح تیسرے ممالک میں ان کی مدد کرنے کے متبادل طریقے تلاش کر رہا ہے لیکن بہت سے لوگوں کے لیے صورتحال بہت خطرناک اور مشکل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

افغان لڑکیاں جو عالمی میدانوں میں کرکٹ کھیل رہی تھی اب کابل میں کیا کر رہی ہیں؟

لندن کی افغان نژاد کونسلر کی کابل سے بچ نکلنے کی داستان

وادی پنجشیر: طالبان سمیت بیرونی حملہ آوروں کے خلاف مزاحمت کا آخری گڑھ

جب دو عرب نوجوانوں نے ’پنجشیر کے شیر‘ کو دھماکے سے اڑا دیا

طالبان کے ساتھ گپ شپ

کچھ جلدی میں شہر چھوڑ کر چلے گئے ہیں اور کچھ خوشی خوشی اس میں آئے ہیں۔ طالبان جنگجو مختلف صوبوں سے دارالحکومت میں آ رہے ہیں۔ جب ہم کابل ایئرپورٹ کی طرف بڑھ رہے تھے تو وسطی افغانستان میں ارزگن سے تعلق رکھنے والے ایک گروپ نے ہمیں بات چیت کی دعوت دی۔

25 سالہ رفیع اللہ نے، جو اپنی خوشی نھیں چھپا پا رہے تھے، کہا کہ میں برسوں سے کابل نھیں آ سکا۔ جب ان سے ان کے ہم عمر ان افغانوں کے بارے میں پوچھا گیا جن کا خیال ہے کہ ان کا تو مستقبل ختم ہو گیا ہے تو انھوں نے کہا کہ ’ہم سب افغان ہیں اور یہ ملک اب خوشحالی اور امن کے اچھے راستے پر جا رہا ہے۔‘

لیس ڈوسٹ

’ہم سب افغان ہیں‘ طالبان نے کہا

کچھ محلوں میں طالبان جنگجو گھر گھر جا کر دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں اور پرانی سرکاری نوکری کے دوران ملنے والی گاڑی، فون اور کوئی اور قیمتی چیز کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ کچھ واقعات میں ڈاتی کاریں بھی یہ کہہ کر لے لی گئیں کہ کرپشن کے بغیر وہ یہ کیسے خرید سکتے تھے۔

مغربی کابل کے علاقوں میں جہاں ہزارہ بڑی تعداد میں رہتے ہیں گھر گھر تلاشی اور مردوں کو پکڑ کر لے جانے جیسے واقعات کے بارے میں سرگوشیاں سننے کو ملیں۔

شہر میں نوکری کی تلاش کے لیے جانے والی ایک عورت نے کہا کہ ’میں بہت خوفزدہ ہوں۔‘ ’میں طالبان کو بتانے کی کوشش کر رہی ہوں کہ میں اپنے خاندان کا واحد سہارا ہوں اور میرا کام کرنا بہت ضروری ہے۔‘

’کیا یہ حقیقت ہے؟‘

کابل کے بیچوں بیچ، بینکوں کےس سامنے لگی لمبی قطاریں گلیوں تک پہنچ جاتی ہیں۔ ان بینکوں کی اکثر برانچیں بند ہوتی ہیں، اکثر کے پاس کیش ہیں نہیں ہوتا۔

اس بھیڑ میں ایک شخص نے ہم سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک ہفتہ گزر چکا ہے میں ہر روز یہاں سے پیسے نکلوانے آتا ہوں، یہ ایک نیا آغاز ہے تاکہ ہم مزید پیچھے چلے جائیں۔‘

شہروں سے کہیں دور دیہی علاقوں میں اکثر افراد شکر کر رہے ہیں کہ امریکی جنگی طیارے اب آسمان پر دکھائی نہیں دیتے اور لڑائی ختم ہو چکی ہے۔ لاکھوں افغان باشندوں کے لیے جو بھوک اور مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، بقا کی جنگ اب بھی جاری ہے۔

بنکوں کے باہر رش

بنکوں کے باہر رش

پرانے نظام کے خاتمے اور نئے نظام کے قائم ہونے کے بیچ کا وقت بہت سے لوگ ایک ایک کر کے گزار رہے ہیں۔

کابل ایئرپورٹ پر جب ہماری فری لانس افغان صحافی احمد منگلی سے بات ہوئی تو انھوں نے کہا کہ ’کیا یہ تاریخ ہے، کیا یہ سچ ہے جو میں اپنی آنکھوں سے دیکھ رہا ہوں۔‘

ہم ایک ایسے ضلع میں لوگوں سے بات کر رہے ہیں جہاں گلیوں میں کچرہ جمع ہے اور انخلا کے آخری طیاروں میں سوار ہونے کی دوڑ میں اکثر افراد کا سامان پھیلا ہوا ہے۔ منگلی نے پہلی مرتبہ کابل میں اس وقت کام کرنا شروع کیا تھا جب طالبان کا پہلا دورِ اقتدار 20 برس قبل ختم ہوا تھا۔

طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ میڈیا کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ان کے اہلکار کے پاس اسلحہ، ہر کوئی سمجھتا ہے وہی بادشاہ ہے۔

منگلی کہتے ہیں کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ میں کتنے عرصے تک یہ خطرہ مول لے سکتا ہوں، لیکن میں تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہوں۔

سب سے پہلے ایک ایسی تصویر پر کالا اور سفید رنگ کیا گیا جو دوحہ میں طالبان میں امریکہ اور طالبان کے درمیان معاہدے کے بعد بنائی گئی تھی۔

ایک تاریخی لمحہ ہمارے سامنے ہے اور ایک تاریخی ماضی ختم ہونے کو۔ ایسے بل بورڈز جن پر خوشی سے دمکتے چہروں والی دلہنیں سفید لباس اور سرخ لپ سٹک میں دکھائی دے رہی تھیں، ان کے چہروں پر کالک ملی جا رہی ہے۔ ایسے مجسمے جنھیں آرٹس لارڈز کی ٹیم نے تیار کیا تھا اور جو بہادر صحافیوں اور محنت کش ڈاکٹروں اور اتنی زیادہ جنگ کے بعد امن کی تصویر بنے تھے اب ان پر بھی رنگ کیا جا رہا ہے۔

شاعروں کے ملک کے باسیوں کو الفاظ تلاش کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔

ایک پرانے دوست مسعود خلیل جنھوں نے متعدد محاظوں پر لڑائی میں حصہ لیا مجھے ایک شعر بھیجتے ہیں۔ ’کل رات قسمت لکھنے والے نے میرے کان میں سرگوشی کی، ہماری مقدر کی کتاب مسکراہٹوں اور آنسوؤں سے بھری پڑی ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp