طالبان کے اقتدار میں آنے کے پاکستان پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں؟

جیمز لینڈیل - سفارتی نامہ نگار


Taliban and Pakistani soldiers guard Afghanistan's border
کچھ مغربی ممالک کو یہ امید ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت پر اثر و رسوخ استعمال کیا جا سکے گا۔ ان ممالک کو یہ امید بھی ہے کہ پاکستان اس حوالے سے ثالث کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

پاکستان کا افغانستان کے ساتھ منفرد نوعیت کے تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کی ایک دوسرے کے ساتھ 2570 کلو میٹر طویل سرحد ہے۔ دونوں ممالک کے مابین اہم کاروباری شراکت داری بھی ہیں۔ ان میں کئی ثقافتی، لسانی اور مذہبی روابط پائے جاتے ہیں۔ سابق افغان صدر حامد کرزئی نے ایک بار دونوں ممالک کے بارے میں کہا تھا کہ یہ دو ایسے بھائیوں کی طرح ہیں جنھیں ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا ہے۔

مگر کچھ ممالک جو اسلام آباد کے ساتھ اپنے تعلقات پر بحال کرنے کے منتظر ہیں ان میں اس حوالے سے منقسم رائے پائی جاتی ہے۔

کچھ کے نزدیک پاکستان ’جہادی دہشتگردی‘ کے خلاف جنگ میں کوئی مضبوط اتحادی ثابت نہیں ہوا ہے۔ امریکہ سمیت کچھ دیگر ممالک طویل عرصے سے پاکستان پر یہ الزام عائد کرتے آئے ہیں کہ یہ ملک طالبان کی مدد کرتا ہے۔ تاہم پاکستان اس الزام کی تردید کرتا آیا ہے۔

ابھی مغربی ممالک یہ چاہتے ہیں کہ طالبان ان کے شہریوں کا افغانستان سے محفوط انخلا یقینی بنائے، انسانی بنیاد پر دی جانے والی امداد کے رستے کھول دے اور بہتر انداز میں نظام حکومت چلائے۔

پاکستان کے افغانستان اور طالبان سے تعلقات کیسے ہیں؟

پاکستان کے ناقدین یہ الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ افغانستان اور طالبان کے لیے اپنا سب کچھ داؤ پر لگا رہا ہے۔

امریکہ میں 9/11 کے حملوں کے بعد ۔۔(مبینہ طور پر) ان حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی تھی۔۔۔ پاکستان نام نہاد دہشتگردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اتحادی بن گیا۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ملٹری اور انٹیلیجنس اسٹیبلشمنٹ کے کچھ عناصر نے افغانستان میں طالبان جیسے اسلامی گروہوں سے تعلقات قائم کیے رکھے۔ یہ دعوی کیا جاتا ہے کہ وہ روابط بعد میں دیگر امور طے کرنے میں بہت کام آئے۔

پالیسی سازوں کے مطابق پاکستان کے افغانستان سے مفادات جڑے ہوئے ہیں۔ وہ کابل میں ایسی حکومت کا خواہاں نہیں ہے کہ جو انڈیا نواز ہو۔ پاکستان نے طالبان کی کب اور کتنی حمایت کی ہے یہ ایک متنازع بات ہے۔ مگر جب 20 برس قبل طالبان اقتدار میں تھے تو پاکستان ان چند ممالک میں شامل تھا جنھوں نے طالبان کی حکومت کو تسلیم کیا تھام جب گذشتہ ہفتے طالبان نے کابل کا انتظام سنبھالا تو پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ افغانستان میں عوام نے غلامی کی زنجیریں توڑ دی ہیں۔

Afghans waiting at Pakistani border

پاکستان کس بات کے لیے پریشان ہے؟ تاریخی طور پر پاکستان کی طالبان کی حمایت کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہے کہ یہ طالبان کے کابل پر اقتدار سے مکمل طور پر خوش ہے۔ پاکستان طویل عرصے سے افغانستان سے اسلامی گروہوں کی طرف سے حملوں کا نشانہ بنتا آ رہا ہے۔ پاکستان کا مفاد اب اس بات سے جڑا ہے کہ وہ کابل میں نئی طالبان حکومت سے کہہ کر القاعدہ اور نام نہاد دولت اسلامیہ خراساں جیسے گروہوں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائے۔ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ پاکستان کا بھی مفاد اس میں ہے کہ طالبان سخت کارروئی کریں اور افغانستان میں اپنی عملداری کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان آنے والے افغان شہری ’پناہ گزین‘ کیوں نہیں ہیں؟

پاکستان آنے والے افغان پناہ گزین: ’طالبان خوفناک لوگ ہیں۔۔۔ ان کے سینوں میں دل نہیں‘

سہیل شاہین: طالبان کو کشمیر سمیت کہیں بھی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے کا حق ہےپاکستان کا دوسرا بڑا تحفظ پناہ گزینوں کے بحران سے متعلق ہے۔ پاکستان میں پہلے ہی کی جنگوں کے تقریباً تین ملین تک افغان پناہ گزین ہیں اور اب اپنی دگرگوں معیشت کے ساتھ پاکستان مزید پناہ گزینوں کی میزبانی کی سکت نہیں رکھتا ہے۔

پاکستان کے برطانیہ میں ہائی کمشنر معظم احمد خان نے بی بی سی ٹوڈے پروگرام میں بتایا ہے کہ ہم مزید پناہ گزینوں کی میزبانی کی سکت نہیں رکھتے ہیں اور اسی وجہ سے ہم یہ تجویز اور درخواست بھی کرتے ہیں کہ ہمیں بیٹھ کر اس طرح کی صورتحال سے بچنے کا رستہ تلاش کرنا چائیے۔

تاہم امریکہ کی پاکستان کے خلاف پائی جانے والی رائے دیگر مغربی ممالک پر زیادہ اثر انداز نہیں ہو رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں برطانیہ اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے اسلام آباد کا دورہ کیا اور اٹلی کے وزیر خارجہ بھی جلد پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔ سفارتکاروں کا خیال یا انھیں یہ امید ہے کہ پاکستان کا اب بھی طالبان پر اثر و رسوخ ہیں۔ انھیں یہ ڈر ہے کہ پاکستان سے تعلقات ختم کرنے کا مطلب یہاں چین کی مزید مقبولیت میں اضافہ کرنے جیسا ہے۔ سوال یہی ہے کہ کیا واقعی پاکستان طالبان پر اثر رکھتا ہے؟ ملا عبدالغنی بردار جس کے بارے میں نئی طالبان حکومت کے سربراہ کے طور پر عندیہ دیا جاتا ہے ماضی میں پاکستان کی قید میں وقت گزار چکے ہیں۔ ابھی اس فیصلہ ہونا ہے کہ اس کے اپنے سابقہ جیلر (پاکستان)کے ساتھ تعلقات کیسے ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp