ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان؛ سرفراز، ملک، عامر آؤٹ


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی پی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ سابق کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک اور محمد عامر اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔

پی سی بی کے چیف سیلکٹر محمد وسیم نے پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جب کہ شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔

محمد وسیم کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کے علاوہ تین کھلاڑیوں کو ریزرو میں رکھا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر کے مطابق پاکستان اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم، محمد حفیظ، صہیب مقصود، آصف علی، خوشدل شاہ، اعظم خان، محمد رضوان، شاداب خان، عماد وسیم، حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔

ان کے بقول اوپننگ بلے باز فخر زمان، فاسٹ بالر شاہنواز دھانی اور لیگ اسپنر عثمان قادر کو ریزرو میں رکھا ہے۔

وسیم خان نے بتایا کہ ٹی ٹوئںٹی ورلڈ کپ کے لیے منتخب کردہ اسکواڈ کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے برقرار رکھا گیا ہے۔

اسکواڈ میں کون ان اور کون آؤٹ ہوا؟

رواں برس 17 اکتوبر سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں بلے باز آصف علی اور خوشدل شاہ کی واپسی ہوئی ہے۔

سابق کپتان سرفراز احمد، تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک اور فاسٹ بالر محمد عامر کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔

اوپننگ بلے باز شرجیل خان اور آل راؤنڈر فہیم اشرف بھی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات اور عمان مشترکہ طور پر کریں گے۔ ایونٹ میں پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز ہوں گے جب کہ دوسرے مرحلے میں ایونٹ کے لیے براہِ راست رسائی حاصل کرنے والی ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔

کوالیفائنگ مرحلے میں آٹھ ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی جن میں سے کامیاب ہونے والی چار ٹیمیں فائنل 12 میں جگہ بنا پائیں گی۔

کوالیفائنگ میچز کھیلنے والی ٹیموں کو مزید دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ ‘اے’ میں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈ اور نمیبیا کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ گروپ ‘بی’ میں بنگلہ دیش، اسکاٹ لینڈ، عمان اور پاپوا نیو گنی شامل ہیں۔

ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے آٹھ ٹیمیں پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ ‘اے’ میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ گروپ ‘بی’ میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں موجود ہیں۔

اسکواڈ سلیکشن پر شائقین ناخوش

پاکستانی اسکواڈ کی بیٹنگ لائن میں شعیب ملک، سرفراز احمد کو ڈراپ کرکے آصف علی، اعظم خان کو شامل کرنے پر شائقین کرکٹ نالاں نظر آ رہے ہیں۔ اور ٹوئٹر پر آصف علی، اعظم خان کا نام ٹرینڈ کر رہا ہے۔

ٹوئٹر پر تحریم نامی صارف نے آصف علی کی پاکستانی اسکواڈ میں سلیکشن پر ایک میمز شیئر کی۔

ڈینیئل الیکسزینڈر نے ٹوئٹ کیا کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی مڈل آرڈر میں سب سے زیادہ تجربہ رکھنے والے شعیب ملک کو شامل نہیں کیا۔ جارحانہ بلے باز فخر زمان کو بھی ڈراپ کردیا گیا جب کہ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو نمبر ون پر لے جانے والے سرفراز احمد بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنے لیکن آصف علی کو شامل کرلیا گیا۔

بشیر ماہی نامی صارف نے پاکستان کرکٹ اسکواڈ کی سلیکشن پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی، اعظم خان اور خوشدل شاہ کو کس پرفارمنس پر سلیکٹ کیا گیا ہے۔

ایک اور ٹوئٹر صارف سلطان صلاح الدین نے ٹوئٹ کیا کہ پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تاریخی اور بہترین اسکواڈ کا اعلان کیا جو مخالف ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرے گا۔

چیف سیلکٹر محمد وسیم نے پریس کانفرنس میں اگرچہ یہ تسلیم کیا کہ آصف علی اور خوشدل شاہ کے نمبرز متاثر کن نہیں لیکن ان کے بقول ان کھلاڑیوں کی زبردست صلاحیتوں پرکسی کو شک نہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی مڈل آرڈر بلے بازوں کے لیے ہمارے دستیاب پول میں بہترین ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments