مصباح اور وقار کوچنگ کے عہدوں سے ‘دست بردار’، ثقلین اور رزاق عبوری کوچز تعینات


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بالنگ کوچ وقار یونس اپنے عہدوں سے ‘دست بردار’ ہو گئے ہیں۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق بطور عبوری کوچز ذمے داریاں نبھائیں گے۔

پیر کو پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ اس فریم آف مائنڈ میں نہیں ہیں کہ آئندہ چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکیں، لہٰذا وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے دورۂ ویسٹ انڈیز کے دوران اپنی دو سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اُن کے بقول وہ جانتے ہیں کہ یہ مناسب وقت نہیں، لیکن وہ اپنے کام پر توجہ نہیں دے سکیں گے اسی لیے عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔

بالنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ جب مصباح الحق نے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تو اُنہوں نے بھی بطور بالنگ کوچ عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران نوجوان فاسٹ بالرز کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ شان دار رہا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ وہ مصباح الحق اور وقار یونس کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق اور آل راؤنڈر عبدالرزاق کو عبوری کوچز تعینات کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مصباح الحق اور وقار یونس کو ستمبر 2019 میں پاکستان کی ٹیم مینجمنٹ میں شامل کیا گیا تھا۔

ثقلین مشتاق کو دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے عبوری کوچ تعینات کیا گیا ہے۔
ثقلین مشتاق کو دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے عبوری کوچ تعینات کیا گیا ہے۔

دونوں کی کوچنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر کافی عرصے سے سوالات اُٹھائے جا رہے تھے۔

مصباح اور وقار نے ایسے وقت میں پاکستان کی کوچنگ چھوڑی ہے جب پاکستان کرکٹ ٹیم کی رواں برس کئی مصروفیات ہیں۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلنی ہے جب کہ آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات اور عمان میں شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرنی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کو ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں محمد عامر، سرفراز احمد، شعیب ملک اور فہیم اشرف کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments