یہ گورمنٹ بک گئی ہے


\"\" جیسا کہ قارئین کے علم میں ہو گا، نومنتخب امریکی صدر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر ہری پور کے نواحی علاقے سرائے نعمت خان کے ساتھ ساتھ امریکہ بھر میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ ان مظاہروں کا احوال اور ان پر ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کے بیانات آپ کی خدمت میں پیش کیے دیتا ہوں۔

1۔ امریکہ تحریک انصاف کی سربراہ ہیلری کلنٹن خان نے بیان دیا ہے کہ اوئے ٹرمپ، مائیکل سیٹھی کے ساتھ مل کر تم نے جو پنکچر لگائے ہیں ان کا حساب تمہیں دینا ہو گا۔ مزید برآں، انہوں نے ایریزونا اور فلوریڈا کے حلقے کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔

2۔ امریکن پیپلز پارٹی کے چیئر مین سمتھ لنکن زرداری نے ڈیڑھ سو افراد کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر سے خطاب کرتے ہوئے نعرے لگائے کہ زندہ ہے لنکن زندہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگلے انتخابات میں امریکن پیپلز پارٹی کلین سویپ کرے گی۔ قارئین کی معلومات کے لیے بتاتے چلیں کہ حالیہ انتخابات میں یہ پارٹی اٹھارہ سو اکیسویں نمبر پر آئی ہے۔

3۔ جمیعت علمائے عیسائیت ( ف) کے سربراہ فریڈرک الریان نے اپنے آبائی حلقے ڈیرہ ہلٹن خان میں ایک چرچ کا افتتاح کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کی۔ جب ان کو بتایا گیا کہ ٹرمپ الیکشن جیت گیا ہے تو انہوں نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسی وقت بھرے مجمع میں ٹرمپ سے غائبانہ معافی مانگی اور حکومت کا مشروط ساتھ دینے کا عندیہ دے دیا۔ ہیلری کلنٹن پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جوعورت اتنی خوبصورت ہوتے ہوئے بھی اپنے شوہر کو نہیں سنبھال سکی وہ امریکہ کو کیا سنبھالے گی؟

4۔جماعت  عیسائی کے امیر جارج ہیریسن نے کہا کہ حکمرانوں کو اپنا طرزِ زندگی بدلنا ہوگااور امریکہ میں اس وقت کوئی بھی سیاسی پارٹی عیسائیت کا نظام حکومت رائج کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ لاعلم قارئین کو بتاتے چلیں کہ جماعت عیسائیت امریکہ کی مختلف ریاستوں میں مختلف جماعتوں کی اتحادی ہے۔مثلاََ فلوریڈا میں یہ حکمران جماعت کی اتحادی ہے اور کیلیفورنیا میں اپوزیشن کی اتحادی ہے۔ ان کے علاوہ کچھ اور ریاستوں میں اپنی جیسی ان جماعتوں کی اتحادی ہے جن کو نہ ہی حکمران جماعت اپنے ساتھ گنتی ہے نہ اپوزیشن کو اُن کی خبر ہے۔انہوں نے یہ نعرہ بھی لگایا کہ پیوٹن کا جو یار ہے، غدار ہے غدار ہے۔

5۔ متحدہ نیگرو موومنٹ کے قائدین نے ٹرمپ کے کالوں پر پابندیاں لگانے کے حوالے سے سوال اٹھایا کہ کالا دھن بنانے والے ہم کالوں پر کس طرح تنقید کر سکتے ہیں؟ ویسے بھی امریکہ کی بنیادوں میں ہمارے آبا ﺅ اجداد کا خون شامل ہے جو کہ شمالی امریکہ سے ہجرت کے بعد جنوبی امریکہ میں آ بسے تھے۔ قائد تحریک نے روس سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس کا آڈیو ترجمہ ہمارے ماہرین کر رہے ہیں۔

6۔ نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جن کا تعلق امریکن عیسائی لیگ (ٹرمپ گروپ) سے ہے، نے واشنگٹن میں ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر اپوزیشن کے الزامات مسترد کرتے ہوئے ان کو جمہوریت کے خلاف ایک سازش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مظاہروں کی وجہ سے پاکستانی وزیر اعظم نے اپنا دورہ امریکہ کینسل کر دیا اور اگر یہ دورہ کینسل نہ ہوتا تو امریکہ اس وقت تک دنیا کی سپر پاور بن چکا ہوتا۔ میلینیا انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ نے اپنے والد پر لگائے جانے والے الزامات کی شدید مذمت کی اور ٹویٹ کیا کہ کرنٹ، اک واری فیر ٹرمپ۔

7۔ اخبارات کی بات کی جائے تو اسمتھ ظافر نے روزنامہ’ وار‘ میں لکھا ہے کہ ٹرمپ نے قرون اولیٰ کے اولعزم حکمرانوں کی یاد تازہ کر دی ہے جو کہ سفید مشکی گھوڑے پر سوار ،تلوار بدست، شاہی لباس میں ملبوس اورمردانہ جاہ و جلال کے ساتھ ناقدین کی گستاخ نگاہوں میں اپنے دست قہار سے دہکتے انگارے جھونک دیا کرتے تھے۔

8۔ ایکٹرانک میڈیا پر ڈاکٹر جانسن مسعود چھائے رہے جن کا تجزیہ تھا کہ جنرل مائیک مولن کو اب ملک میں مارشل لاء لگا دینا چاہیے۔ جب پروڈیوسر نے ان کو جنرل مولن کے ریٹائر ہونے کا بتایا تو ڈاکٹر صاحب تعجب سے کہنے لگے کہ کیسا ملک ہے یہ اور کیسا نظام ہے جس میں ایک ریٹائرڈ جرنیل مارشل لاء بھی نہیں لگا سکتا؟

9۔اسی دوران عالمی طاقتوں بشمول روس، چائنہ اور پاکستان نے امریکہ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت اور اپوزیشن مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالیں گے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیان دیا کہ ہم امریکہ کی سیاسی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و امان کے لیے ضروری ہے کہ امریکہ میں جمہوریت کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔

10۔ ہمارے نمائندے نے جب ماسی جولیا سے ملک کی صورتحال پر تبصرہ چاہا تو ماسی نے پان کی پیک سڑک پر تھوکتے ہوئے بس اتنا کہا،”یہ بک گئی ہے گورمنٹ۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
2 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments