برطانیہ نے پاکستان کو ’ریڈ لسٹ‘ سے ہٹا دیا: ’میں جانتا ہوں کہ گذشتہ پانچ ماہ آپ کے لیے کتنے مشکل تھے‘


کورونا، ائیرپورٹ
برطانیہ نے پاکستان کو کووڈ 19 کے دوران سفر کے لیے خطرناک سمجھے جانے والے ممالک کی ریڈ لسٹ سے خارج کر دیا ہے۔ اس کا اطلاق 22 ستمبر سے ہوگا۔

اس بات کا اعلان برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمشنر کرسچیئن ٹرنر نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کیا ہے۔

انھوں نے ٹویٹ کیا کہ ’میں بخوشی اس بات کی تصدیق کرتا ہوں کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے خارج کر دیا گیا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ گذشتہ پانچ ماہ آپ کے لیے کتنے مشکل تھے۔‘

انھوں نے اپنے ٹویٹ میں اس سارے عرصے میں تعاون کرنے پر اسد عمر سمیت پاکستان اور برطانیہ کے صحت کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔

برطانوی حکومت نے دو اپریل کو پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے متاثرین کے باعث ملک پر سفری پابندی کا اعلان کیا تھا تھا جس کا باقاعدہ اطلاق نو اپریل کو ہو گیا تھا۔

برطانیہ آنے والوں کے لیے ریڈ لسٹ ممالک سے تعلق ہونے کا کیا مطلب تھا؟

ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے برطانیہ آنے والے مسافروں کو قرنطینہ ہوٹلوں میں قیام کے لیے 1750 پاؤنڈ فی فرد کی رقم ادا کرنا لازم تھی۔ اور مسافروں کو برطانیہ پہنچنے سے قبل بکنگ سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے قرنطینہ ہوٹل میں کمرہ پہلے سے بک کروانا ہوتا ہے۔

کسی ایک فرد کے لیے قرطینہ ہوٹل کی فیس 1750 پاؤنڈ مقرر کی گئی تھی جس میں ٹرانسپورٹ اور ٹیسٹوں کی لاگت بھی شامل ہے۔ ایک اضافی بالغ یا 12 سال سے زیادہ عمر کے بچے کے لیے یہ فیس 650 پاؤنڈ تھی ور پانچ سے 12 سال تک کے بچے کے لے 325 پاؤنڈ ادا کرنا لازم تھے۔

سرکاری طور پر منظور شدہ ہوٹل میں قرنطینہ نہ کرنے کی صورت میں مسافروں کو دس ہزار پاؤنڈ تک جرمانے یا 10 سال قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔

برطانیہ پہنچنے پر ان مسافروں کے دو قرنطینہ ٹیسٹ (دوسرے اور آٹھویں دن) کیے جاتے تھے جن کی فیس 210 پاؤنڈ بھی انھیں ہی ادا کرنا تھی۔ ان میں سے کسی ٹیسٹ کے مثبت آنے کی صورت میں مزید 10 دن قیام کرنا لازم تھا جس کی اضافی فیس کسی ایک فرد کے لیے 152 پاؤنڈ فی دن جبکہ ایک اضافی بالغ یا 12 سال سے زیادہ عمر کے بچے کے لیے 41 پاؤنڈ فی دن اور پانچ سے 12 سال تک کے بچے کے لے 12 پاؤنڈ فی دن ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments