باکسر عامر خان کو امریکی فلائٹ سے اتار دیا گیا


عامر خان
PA Media
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو ماسک سے چہرہ مناسب طور پر نہ ڈھانپنے کے الزام میں ایک امریکی پرواز سے اتار دیا گیا۔

34 سال کے عامر کا کہنا ہے کہ جب کسی کی جانب سے یہ شکایت کی گئی کہ ان کے دوست نے ماسک سے چہرہ مناسب طور سے نہیں ڈھانپا ہوا تو پولیس نے انھیں ان کے ساتھی سمیت امریکن ایئرلائنز کے طیارے سے نیچے اتار دیا۔

اس ایئرلائن کا کہنا ہے کہ نیو ارک سے ڈیلاس فورٹ جانے والی پرواز اس وقت گیٹ پر واپس لوٹ آئی جب دو افراد کی جانب سے جہاز کے عملے کی درخواست پر عمل کرنے سے انکار کیا گیا۔

تاہم ایئرلائن نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ اس واقعے میں پولیس کو بھی مداخلت کرنا پڑی۔

ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہماری کسٹمر ریلیشن ٹیم مسٹر خان سے رابطہ کر رہی ہے تاکہ ان کے تجربے کے بارے میں مزید جان سکیں اور ہمارے صارفین اور عملے کی حفاظت کے لیے نافذ کردہ پالیسیوں کی اہمیت کو مزید تقویت ملے۔‘

ٹوئٹر پر عامر خان نے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ نیویارک میں قیام کے بعد کولوراڈو میں تربیتی کیمپ جا رہے تھے کہ انھیں اس ’ناگوار‘ رویے کا سامنا کرنا پڑا۔

لائٹ والٹر ویٹ کے سابق عالمی چیمپئین عامر خان کہتے ہیں کہ ’پولیس نے انھیں آج جہاز سے اس وقت اتار دیا جب وہ کولوراڈو سپرنگز کے تربیتی کیمپ جا رہے تھے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ یقینی طور پر یہ شکایت امریکن ایئرلائنز کے عملے نے کی ہو گی۔

انھوں نے کہا کہ ’میرے ساتھی کے چہرے پر ماسک مناسب حد تک اونچا نہیں تھا۔ اس لیے انھوں نے جہاز کو روکا اور مجھے اور میرے دوست کو اتار دیا حالانکہ میں نے کچھ غلط نہیں کیا تھا۔‘

مزید پڑھیے

انڈیا: ماسک نہ پہننے پر ’جارج فلائیڈ طرز‘ کا مبینہ پولیس تشدد

کیا لازمی ماسک پہننے کے احکامات پر عملدرآمد کروایا جا سکے گا؟

جب ہائی جیکروں کو دھوکہ دینے کے لیے پاکستان کا حیدرآباد انڈیا کا بھوج بن گیا

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اب میں ایک اور جہاز کے ذریعے تربیتی کیمپ جا رہا ہوں اور یہ بہت پریشان کن ہے۔ یہ بلاوجہ کیا گیا اور میرے لیے یہ بہت ناگوار بات ہے کہ امریکن ایئرلائنز نے میرے ساتھ ایسا کیا اور میرے سفر کرنے پر پابندی لگا دی۔‘

ادھر امریکن ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ نیو جرسی میں اس اطلاع کے بعد کہ دو مسافروں نے عملے کی جانب سے سامان رکھنے، سیل فون کو ایئر پلین موڈ میں رکھنے اور چہرے کو ڈھانپنے کی درخواستوں پر عمل کرنے سے انکار کیا تو پرواز 700 نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے گیٹ پر واپس آئی۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ پروٹوکول کے مطابق پولیس وہاں موجود تھی لیکن پولیس نے کسی مسافر کو طیارے سے نکلنے کے لیے نہیں کہا اور نہ ہی پولیس نے مداخلت کی۔

ایئرلائن کا یہ بھی کہنا ہے کہ نہ تو عامر خان اور نہ ہی ان کے ساتھی پر ایئر لائن نے پابندی عائد کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments