نوجوت سنگھ سدھو پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ نہیں بنے، پہلے دلت امیدوار چرنجیت سنگھ کے نام کا اعلان


کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب کے نئے وزیرِ اعلیٰ چرن جیت سنگھ چنی ہوں گے۔

پنجاب میں کانگریس کے انچارج ہریش راوت نے یہ اعلان کیا۔

اس سے پہلے یہ خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ اس عہدے کے لیے نوجوت سنگھ سدھو کو نامزد کیا جا سکتا ہے تاہم پنجاب کے سابق وزیرِ اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے اس کی مخالفت کی تھی۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ وہ پنجاب کے پہلے دلت وزیرِ اعلیٰ ہوں گے اور اس حوالے سے کافی عرصے سے باتیں چل رہی تھیں کہ پنجاب میں کسی دلت رہنما کو اعلیٰ عہدہ دیا جا سکتا ہے۔

بی بی سی پنجابی سروس کے نامہ نگار اروند چھابڑا کے مطابق چرنجیت سنگھ چنی کو وزیرِ اعلیٰ کے طور پر نامزد کرنا ‘ماسٹر سٹروک’ ہے۔

ہریش راوت نے ٹویٹ کی کہ ‘میں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ چرنجیت سنگھ چنی کو پنجاب میں کانگریس کا سربراہ متفقہ طور پر چن لیا گیا ہے۔’

https://twitter.com/harishrawatcmuk/status/1439561495780605954

اب وہ پنجاب کے گورنر بنواری لال پروہت سے ملاقات کریں گے اور اُنھیں اپنی حمایت کا یقین دلائیں گے۔

اس کے بعد ہی چرنجیت سنگھ چنی کی حلف برداری کے وقت کا تعین کیا جائے گا۔

کیپٹن امریندر سنگھ کی مبارکباد

چرنجیت سنگھ چنی امریندر سنگھ کی حکومت میں وزیرِ روزگار تھے۔ وہ چنکور سے کانگریس کے رکنِ لیجسلیٹو اسمبلی ہیں۔ اُنھیں کیپٹن امریندر سنگھ کا سخت حریف تصور کیا جاتا ہے۔

اُنھوں نے ہی نوجوت سنگھ سدھو کو پنجاب میں کانگریس کمیٹی کا صدر بنوانے میں مدد کی تھی۔

مگر کیپٹن امریندر سنگھ نے چرنجیت سنگھ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ ‘چرنجیت سنگھ چنی کے لیے میری نیک خواہشات۔ مجھے امید ہے کہ وہ پنجاب اور اس کے لوگوں کو سرحد پار سے بڑھتے خطرے سے محفوظ رکھ سکیں گے۔’

اس سے قبل سنیچر کو کیپٹن امریندر سنگھ نے وزیرِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اُنھوں نے ایسے موقع پر استعفیٰ دیا ہے جب پنجاب میں کانگریس میں دھڑے بندی ایک طویل عرصے سے موجود ہے۔

https://twitter.com/ANI/status/1439575893945425924

اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ پارٹی کو مسلسل اُن کی قیادت پر شک ہے اور وہ ہتک محسوس کر رہے ہیں۔

اس کے بعد کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا تھا کہ وہ نوجوت سنگھ سدھو کو وزیرِ اعلیٰ نہیں بننے دیں گے کیونکہ اُن کے پاکستانی وزیرِ اعظم عمران خان اور پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے تعلقات ہیں۔

امریندر سنگھ نے کہا تھا کہ اگر سدھو کو وزیرِ اعلیٰ بنایا گیا تو وہ ملکی مفاد میں اس کی مخالفت کریں گے۔

پنجاب میں اگلے سال فروری میں اسمبلی کے انتخابات ہوں گے۔

کانگریس میں پچھلے 24 گھنٹوں سے نئے وزیرِ اعلیٰ کے نام کے حوالے سے کچھ ناموں پر غور کیا جا رہا تھا۔

چرنجیت سنگھ چنی کے علاوہ بھی کچھ نام سامنے آئے تھے جن میں ایک نام سکھجیندر رندھاوا کا نام بھی تھا۔

سکھجیندر رندھاوا نے اس فیصلے کے اعلان کے بعد کیا: ‘میں نئے وزیرِ اعلیٰ کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ یہ اعلیٰ قیادت کا فیصلہ ہے اور میں اس فیصلے کو قبول کرتا ہوں۔ مجھے بالکل بھی مایوسی نہیں ہے۔’

کانگریس

اس سے قبل امبیکا سونی بھی راہل گاندھی کے گھر گئی تھیں جس پر اُن کے نام کے بارے میں بھی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔

اُنھوں نے خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا: ‘میں نے انکار کر دیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ پنجاب میں اگلا وزیرِ اعلیٰ کسی سکھ کو ہونا چاہیے کیونکہ پنجاب پورے ملک میں واحد سکھ اکثریتی ریاست ہے۔’

ذرائع کے مطابق گاندھی خاندان اور کیپٹن سنیل جکھر کو بھی وزیرِ اعلیٰ کو بھی اس فیصلے کا حامی تصور کیا جا رہا تھا۔

کانگریس کی اعلیٰ قیادت کو خدشہ تھا کہ اکالی دل سنہ 1984 کے واقعات کو بنیاد بنا کر کانگریس کے خلاف مہم شروع کر سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments