کرس گیل کی جانب سے پاکستان آمد کے اعلان پر پاکستانی کرکٹ شائقین خوشی سے نہال

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

ویسٹ انڈیز، کرس گیل، پاکستان
Getty Images
کرس گیل پاکستان سپر لیگ میں بھی شرکت کر چکے ہیں
نیوزی لینڈ کی ٹیم کی طرف سے اچانک سیریز چھوڑ کر دورہ پاکستان سے واپس جانے کے بعد جہاں کرکٹ کے شائقین کو بہت رنج پہنچا وہیں عالمی سطح پر ایسے نام بھی سامنے آئے جنھوں نے شائقین کے ٹوٹے دل جوڑنے اور انھیں حوصلہ دینے کے لیے اپنے اپنے پیغامات بھیجے اور پاکستان سے متعلق اہم اعلانات بھی کیے۔

ان ناموں میں ہی شامل ہیں ویسٹ انڈیز کے کرکٹ سٹار کرس گیل، جو پاکستان میں اپنے جارحانہ کرکٹ کے علاوہ اپنے خاص انداز کی وجہ سے بھی خاصی شہرت رکھتے ہیں۔

سنیچر کو جب کرکٹ کے شائقین نیوزی لینڈ کی ٹیم کے واپس چلے جانے کی وجہ سے دلبرداشتہ تھے تو کرس گیل نے اسی وقت پاکستان کے دورے کا اعلان کیا۔

کرس گیل نے پاکستان آنے کا اعلان کیا تو سوشل میڈیا پر صارفین میں جیسے غم کے ان لمحات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہو۔

صارف فضل عباس نے لکھا کہ اصلی ہیرو، اصلی ہیرا کرس گیل۔ آپ کو پاکستان میں بہت خوشی ملے گی، ہم آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔ آپ نے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔

کوئی کرس گیل کی پاکستان آمد سے متعلق خوشی مناتا نظر آ رہا ہے تو کوئی ان کی تصاویر کے ساتھ ان کا شکریہ ادا کرتا نظر آ رہا ہے۔

صارفین کی بڑی تعداد انھیں یونیورس باس بھی کہہ کر مخاطب کر رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر اگر اس وقت کوئی ایک شخصیت سب سے زیادہ ٹرینڈ کر رہی ہے تو وہ کرس گیل ہی ہیں جو نہ صرف شائقین کو اپنے چوکوں اور چھکٰوں سے محظوظ کرتے ہیں بلکہ اپنے خاص انداز سے جس طرح وہ وکٹ پر جشن مناتے ہیں اور ڈانس کرتے ہیں اس سے اور بھی شائقین کو وہ اپنے فین کلب کا حصہ بنا لیتے ہیں۔

ایک اور صارف نے کرس گیل کی بابر اعظم کے ساتھ تصویر شیئر کر کے لکھا کہ ایسے لوگ دلوں میں رہنے کے لیے پیدا ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ کر گیل نے گذشتہ برس بھی پاکستان کو کرکٹ کھیلنے کے اعتبار سے ’محفوظ ترین ممالک میں سے ایک‘ قرار دیا تھا جب بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کے دورے کا اعلان کرنے میں تاخیر کر رہی تھی۔ اس وقت کرس گیل دبئی میں موجود ہیں اور وہ پنجاب کنگز سکواڈ کا حصہ ہیں۔

طلحہٰ نامی صارف نے لکھا کہ کرس گیل، آپ عظیم شخص ہیں۔ پاکستان آئیں اور دنیا کو دکھا دیں کہ پاکستان محفوظ ہے۔ اللہ نے چاہا تو ہم آپ کا بھرپور استقبال کریں گے۔

امان اللہ نامی صارف نے کرس گیل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا کو یہ پیغام سننے دیجیے کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے۔

اب انتظار کرنے والے اس قدر بے تاب ہیں کہ جہاز میں بیٹھے کرس گیل کی تصویر شیئر کر کے ساتھ یہ دعویٰ بھی کر دیا کہ کرس گیل پاکستان آ رہے ہیں اور پھر دوسروں کی اس بات کی ترغیب دی کہ ’یونیورس باس کو خوش آمدید کہیے۔‘

صارف فروا منیر نے لکھا کہ ہم پرتپاک انداز سے یونیورس باس کرس گیل کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں اور ہم پاکستان کے لیے آپ کی محبت کے مشکور ہیں۔

موسٹ ویلکم۔


  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 21096 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Inline Feedbacks
View all comments