نیوزی لینڈ: سخت لاک ڈاؤن کے دوران شہر میں ’کے ایف سی‘ کا کھانا سمگل کرنے والے دو افراد گرفتار


کھانا
New Zealand Police
نیوزی لینڈ پولیس نے آک لینڈ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایسے دو افراد کو گرفتار کیا ہے جن کی گاڑی سے ’کے ایف سی‘ کا چکن اور ہزاروں ڈالر برآمد ہوئے ہیں۔

دونوں افراد کا مبینہ طور پر کسی گینگ سے تعلق ہے اور انھیں ملک میں نافذ کوڈ کے ضابطوں کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

آکلینڈ میں چوتھے درجے کے لاک ڈاؤن اور پابندیوں کے تحت تمام ریستوران یہاں تک کے ٹیک اوے سروسز بھی بند ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 23 اور تیس سال کی عمر کے دونوں ملزمان آکلینڈ سے 75 میل دور ہیملٹن سے آئے تھے۔

پولیس کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس افسران نے شہر کے مضافات میں ایک مشتبہ کار کو دیکھا اور تلاشی کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پولیس کی کار کو دیکھ کر مشتبہ کار نے یو ٹرن لیا اور گاڑی کی رفتار اچانک تیز کر دی تھی۔ پولیس نے گاڑی کا تلاشی لی تو کار سے نقد اور بڑی مقدار میں کے ایف سی کا کھانا برآمد ہوا۔

پولیس نے جو تصاویر شئیر کی ہیں ان کے مطابق گاڑی سے بڑی مقدار میں کے ایف سی کے چکن اور فرائیز برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس نے نیوزی لینڈ کی کرنسی میں ایک لاکھ ڈالر برآمد کیے ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ملزمان نے یہ کھانا ایک لاکھ ڈالر سے پولیس کی توجہ ہٹانے کے لیے ساتھ رکھا تھا۔

ڈالر

New Zealand Police
پولیس نے ایک لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر برآمد کیے

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو صحت عامہ کے ضوابط کی خلاف ورزی کے کیس میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مزید کیس بھی درج کیے جا سکتے ہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کا کھانے کے ساتھ دیر رات باہر نکلنے کا مطلب ہے کہ انہیں اندازہ ہوگا کہ پابندیوں یا ضابطے کی خلاف ورزی کے لیے ان پر چار ہزار ڈالر تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے اور چھ ماہ کی جیل تک ہو سکتی ہے۔

نیوزی لینڈ میں کھانے کے چٹخارے کے لیے ایسی مصیبت مول لینے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ ہفتے ایک بیس سالہ شخص پر اس وقت کیس درج کیا گیا جب ٹک ٹاک پر اس نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ آک لینڈ سے باہر نکل کر میکڈونلڈ سے بڑی مقدار میں کھانا خرید رہا ہے۔

آکلینڈ منگل کی رات سے تیسرے درجے کے لاک ڈاؤن پر آ جائے گا تاہم لوگ اب بھی گھروں میں بند رہیں گے اور صرف سکول یا کام پر جانے کے لیے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔

باقی کے ملک میں دوسرے درجے کا لاک ڈاؤن ہے جس میں دکانیں، ریستوران، بار اور نائٹ کلب کھلے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32550 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments