سکیورٹی سے کرکٹ تک


پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے لئے تیار تھا، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو غیر معمولی سکیورٹی بھی فراہم کی گئی تھی، سویلین اداروں، پولیس، رینجرز سمیت پاک فوج اور ایس ایس جی کمانڈوز بھی سکیورٹی کے لیے تعینات تھے۔ اس کے باوجود پہلا ون ڈے شروع ہونے سے کچھ دیر قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کر دی گئی۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خود نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو یقین دہانی کروائی کہ مہمان ٹیم کو کوئی تھریٹ نہیں ہے ہماری انٹیلی جنس ایجنسی دنیا کی بہترین ایجنسی ہے۔ یہ سیریز پی سی بی کی انتظامی غفلت اور لاپرواہی کے باعث ”ڈی آر ایس“ ٹیکنالوجی نہ ہونے کی وجہ سے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں شمار نہیں کی جا رہی تھی لیکن ایک طویل عرصے کے بعد ہونے والی دو طرفہ سیریز کی پاکستان میں کرکٹ کی مکمل واپسی کے لیے اہمیت اپنی جگہ تھی۔

میچ سے چند لمحے قبل دورہ منسوخ ہونے سے پاکستان کو شدید دھچکا پہنچا۔ جب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سکیورٹی ماہرین سے پوچھا گیا کہ آپ کیوں یہ دورہ کینسل کر رہے ہیں تو انہوں نے کچھ بتائے بغیر اپنے وطن واپس جانے کو بہتر سمجھا۔ پاکستان کی اعلٰی سطحی سکیورٹی فورسز کے نمائندگان بھی اٹھارہ، اٹھارہ گھنٹے نیوزی لینڈ کی سکیورٹی ایجنسیوں سے مذاکرات کرتے رہے لیکن وہ مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہوئے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے مثبت جواب نہ ملنے پر سکیورٹی تھریٹ کے بارے میں نیوزی لینڈ کے ماہرین نے اپنے انکشاف میں کہا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت کو پاکستان میں کرکٹ ٹیم کے خلاف تھریٹ کی اطلاع ”فائیو آئیز“ کی جانب سے دی گئی تھی۔

فائیو آئیز نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، امریکا اور برطانیہ پر مشتمل انٹیلی جنس شیئرنگ اتحاد ہے۔ راولپنڈی اور لاہور پولیس کی طرف سے جاری کی گئی تھریٹ الرٹ کی کاپیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ مبینہ طور پر اسی تھریٹ الرٹ کی کاپی ”فائیو آئیز“ کے ہتھے چڑھی ہے۔ فائیو آئیز کے اہم رکن انگلینڈ اور امریکہ افغانستان میں ناکامی کے بعد پاکستان کے خلاف انڈیا کے ساتھ ایک ہی پیج پر ہیں اور وہ اسی پلیٹ فارم کو مشترکہ طور پر استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کرنے کے درپے ہیں، بدقسمتی سے انگلینڈ اور امریکہ نے خفیہ طور پر پاکستان کے خلاف اس سازش میں نیوزی لینڈ کو مہرے کے طور پر استعمال کیا۔

نیوزی لینڈ نے بظاہر اپنی طرف سے پاکستان کو ایک غیر محفوظ ملک کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی لیکن انٹرنیشنل سطح پر نیوزی لینڈ خود بدنام ہو گیا۔ غیر ملکی کرکٹرز نیوزی لینڈ کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں کہ اگر پاکستان اتنا ہی غیر محفوظ ملک تھا تو اپنی سر زمین چھوڑ کر نہ جاتے، آپ نے ایک ہفتہ تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کی اور جب میچ شروع ہونے میں چند منٹس رہ گئے تو آپ سکیورٹی کا بہانہ بنا کر پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا۔

ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی اور کرس گیل نے بھی اپنے بیانات میں کہا کہ ہم کئی سالوں سے پاکستان میں کھیل رہے ہیں، پاکستان کھیلوں کے لیے غیر محفوظ نہیں بلکہ ایک محفوظ ملک ہے۔ کیوی ٹیم کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے انگلینڈ نے بھی پاکستان کا دورہ ملتوی کر دیا اور کہا کہ انگلینڈ چند وجوہات کی بنا پر پاکستان کا دورہ ملتوی کر رہا ہے لیکن انگلینڈ کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پاکستان نے کھیل کے میدان میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ کی ہر مشکل وقت میں مدد کی، جب پوری دنیا میں کرونا وائرس کی لہر عروج پر تھی تو اس وقت پاکستان نے نیوزی لینڈ کا دورہ کیا اور وہاں پر انٹرنیشنل میچوں میں بھرپور حصہ لیا اور اس وقت نیوزی لینڈ نے پاکستان کا شکر ادا کیا لیکن اب جب ہمیں نیوزی لینڈ کی مدد درکار تھی تو انہوں نے ہمیں پوری دنیا کے سامنے بدنام کرنے کی سازش میں اہم کردار ادا کیا۔

اس سانحہ میں جہاں غیر ملکی ٹیم کی غلطی تھی تو وہاں پر ہمارے اداروں نے بھی کچھ کمزوری کا مظاہرہ کیا۔ ہماری پولیس کا قدیم اور روایتی طریقہ کار ہے کہ ہر اہم ایونٹ کا تھریٹ الرٹ نکال دو۔ یہ پریکٹس تسلسل سے جاری ہے کہ تھریٹ الرٹ نکال دو اگر خدا نخواستہ کوئی سانحہ ہو جائے تو یہ رہا ”تھریٹ الرٹ“ ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کام چوری کی عادت سے مجبور پولیس کا قبلہ درست کیا جائے جو اپنی ہر ناکامی کا ملبہ ”تھریٹ الرٹ“ پر ڈال کر جان بخشی کروا لیتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کو اس ایشو پر سیریس نوٹس لینا چاہیے کہ بلا وجہ ”تھریٹ الرٹ“ کس کی ایماء پر نکالا گیا اور کس کے کہنے پر سوشل میڈیا پر نشر کیا جس سے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments