ڈینیئل کریگ کے بعد اب کون ہوگا اگلا جیمز بونڈ؟


دنیا میں بہت کم ہی ایسی کہانیاں اور کردار ہوں گے جس کے لیے اداکار کے انتخاب کا بے چینی سے انتظار کیا جاتا ہو۔ جیمز بونڈ ایسا ہی ایک کردار ہے جس کے لیے نئے چہرے کی تلاش ایک مرتبہ پھر اس کردار کے مداحوں کے تجسس کا محور بنی ہوئی ہے۔

لیکن ایسا کیوں ہے؟ 15 سال تک جیمز بونڈ کا کردار ادا کرنے والے ڈینیئل کریگ اعلان کرچکے ہیں کہ اس کہانی کے ساتھ ان کا سفر ختم ہوجائے گا۔

کریگ کی بطور 007 ایجنٹ پانچویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ اگلے ہفتے ریلیز ہو رہی ہے۔

ڈینیئل کریگ ایک عرصے سے جیمز بونڈ کے کردار کو چھوڑنا چاہتے تھے لیکن فلم کی پروڈیوسر باربرا بروکولی نے انہیں ’ نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کرنے کے لیے قائل کر ہی لیا تھا۔

ڈینیئل کریگ کے اعلان کے بعد جیمز بونڈ کے کردار کے لیے نئے اداکار کی تلاش کے بارے میں کئی توقعات کا اظہار بھی کیا جاتا رہا ہے۔ بعض مداحوں کا یہ بھی خیال ہے کہ اس بار بونڈ کے لیے کسی سیاہ فام ہیرو حتی کہ کسی خاتون کا انتخاب بھی ہو سکتا ہے ۔

برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ
برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ

عالمی سطح پر مقبول اس سیریز کا مرکزی کردار کرنے والوں میں ماضی میں شین کونری، راجر مور اور پیئرس بروسنن جیسے اسٹارز کے نام شامل ہیں۔ گزشتہ چند برسوں سے اس کردار کے لیے کچھ نام گردش میں ہیں بلکہ بعض ناموں پر تو جوا بھی کھیلا جا رہا ہے۔

ٹام ہارڈی

مبصرین کا کہنا ہے کہ ڈینیئل کریگ کا انتخاب اس لیے کیا گیا تھا کہ ملکہ برطانیہ کے ٹاپ ایجنٹ کے کردار میں ایک سخت جان شخصیت کو پیش کرنا تھا۔

کریگ کے ساتھ ’کسینو روئل‘ اور ’اسکائی فال‘ کی غیر معمولی کامیابی کے ساتھ یہ تجربہ کام یاب رہا۔ ان دونوں کو بونڈ سیریز کی بہترین فلمیں قرار دیا جاتا ہے۔ مبصرین کے خیال میں کریگ کی اداکاری سے ان فلموں میں بونڈ کا کردار ایئن فلیمنگ کے ناولز کے کردار سے زیاہ قریب ثابت ہوئے۔

ٹام ہارڈی۔
ٹام ہارڈی۔

ٹام ہارڈی اکثر ولن یا کم از کم اینٹی ہیرو کے کردار میں نظر آتے ہیں۔ دی ڈارک نائٹ رائزز، وینم، میڈ میکس: فیوری روڈ وغیرہ میں انہوں نے ایسے ہی کردار ادا کیے۔ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ بونڈ کے لیے ٹام ہارڈی کا انتخاب کیا گیا تو یہ اس کردار کے تاریک پہلو کو دکھانے کے لیے زیادہ موزوں ہوگا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق برطانیہ میں بونڈ کے کردار کے انتخاب پر جوا کھیلنے والوں میں بھی ٹام ہارڈی کا نام سب سے زیادہ فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

ادریس ایلبا

دی وائر، دی سوسائڈ اسکواڈ اور بی بی سی کی سیریز لوتھر سے شہرت پانے والے ادریس ایلبا کا نام بھی اس کردار کے لیے سامنے آتا رہا ہے۔

ادریس ایلبا نے 2018 میں ایک پوسٹ بھی کی تھی جس میں انہوں جیمز بونڈ کے کردار کے مشہور ڈائیلاگ ’مائی نیم از بونڈ، جیمز باںڈ‘ کی طرز پر ایک پوسٹ میں لکھا تھا، “مائی نیم از ایلبا، ادریس ایلبا۔”

لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ واضح بھی کردیا تھا کہ ان سے متعلق اس کردار کے لیے گردش کرنے والی خبروں پر یقین نہ کیا جائے۔

بونڈ فلم کی پروڈیوسر باربرا بروکولی متعدد بار یہ کہہ چکی ہیں کہ اگلا 007 ضروری نہیں کوئی سفید فام مرد ہی ہو۔

ان کے اس اعلان کے بعد انہیں بعض لوگوں کے نسل پرستانہ ردِ عمل کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔ دوسری جانب جیمز بونڈ کے کئی مداحوں کا خیال ہے کہ ادریس ایلبا کی شخصیت میں وہ کرشماتی کشش ہے جو اس کردار میں کی گئی اس تبدیلی کو مقبولِ عام بنا سکتی ہے۔

لشانا لنچ

پروڈیوسر بروکولی کسی خاتون سے جیمز بونڈ کا کردار ادا کرانے کے امکان کو بھی بظاہر مسترد کرچکی ہیں۔ ‘اے ایف پی’ کے مطابق انہوں نے ماضی میں اہے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ جیمز بونڈ کے مردانہ کردار کو کسی خاتون سے ادا کرانے میں دل چسپی نہیں رکھتیں۔

انہوں ںے کہا تھا کہ میرے خیال میں خواتین اس کردار سے زیادہ دلچسپ ہوتی ہیں۔

لیکن اس کے باوجود اس بارے میں قیاس آرائیاں ختم نہیں ہوئیں اور 33 سالہ سیاہ فام اداکارہ لشانا لنچ کا نام اس کردار کے لیے گردش میں ہے۔

بونڈ کا کردار ادا کرنے والے ڈینیئل کریگ نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں بروکولی کے موقف کی یہ کہہ کر تائید کی تھی کہ خواتین یا غیر سیاہ فام افراد کے لیے کئی اور بہتر کردار ہیں جن میں انھیں کاسٹ ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب خواتین کے لیے اس سے بہتر کردار موجود ہیں تو انہیں جیمز بونڈ بننے کی کیا ضرورت ہے۔

ریگی جین پیج

نیک فلکس کی مقبول سیریز ’برجرٹن‘ سے لاکھوں دل جیتنے والے زمبابوین نژاد برطانوی اداکار ریگی جین پیج بھی اس کردار کے لیے فیورٹ قرار دیے جارہے ہیں۔

‘اے ایف پی’ کے مطابق بونڈ کے کردار کے لیے اداکار کے انتخاب پر جوا کھیلنے والے بھی ریگی پیج کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔

ٹام ہولنڈ

سپر ہیرو سیریز اسپائڈر مین کے اسٹار ٹام ہولنڈ کو بھی جیمز کے لیے موزوں کردار قرار دیا جا رہا ہے۔

اگرچہ یہ نوجوان اداکار اپنے سپر ہیرو کے کردار سے زیادہ مطمئن نہیں۔ لیکن ’ورائٹی‘ کو اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ سنیما کے دلدادہ کسی بھی جوان برطانوی کی طرح وہ بھی چاہیں گے کہ وہ جیمز بونڈ کا کردار ادا کریں۔

ہولنڈ کا تو یہ بھی کہنا تھا کہ وہ سوٹ میں بہت اچھے لگتے ہیں۔

کچھ اور نام

حال ہی میں معروف برطانوی اسٹائل میگزین ’ووگ‘ نے کئی دیگر فن کاروں کے نام بھی اس کردار کے لیے تجویز کیے تھے۔ ان میں ہینری گولڈنگ، رچرڈ میڈن اور سیلین مرفی کے نام بھی شامل تھے۔

اس معاملے پر کوئی لب کشائی کے لیے تیار نہیں کہ بونڈ کردار ادا کرنے والا نیا چہرہ کس کا ہوگا۔ پروڈیوسر بروکولی پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ ایک وقت میں ایک ہی فرد سے محبت کی جاسکتی ہے۔ اور فی الحال ہم ڈینیئل کریگ کے علاوہ کسی کے بارے میں سوچ ہی نہیں پا رہے ہیں۔

اس تحریر کے لیے معلومات خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے لی گئی ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments