کامیابی کے لئے پانچ قدم


آپ زندگی میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں؟
اپنے خوابوں کو پانے کی جستجو میں ہیں؟
آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں؟

اگر آپ کے جوابات ہاں میں ہیں تو آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ آپ نے کامیاب ہونے کے لئے کیا کرنا ہے۔ دراصل آپ نے اپنے ذہن کو پانچ کاموں کے لئے تیار کرنا ہے۔ اگر آپ نے ان آسان کاموں کے لئے خود کو تیار کر لیا تو سمجھ لیجیے کہ آپ کامیابی کی طرف نہیں بلکہ کامیابی آپ کی جانب بڑھ رہی ہے۔

1۔ خود پرداخت یا سیلف ڈویلپمنٹ

اگر آپ اپنے اوقات کار کو منظم کرنا شروع کر دیا تو سمجھ لیں کہ آپ نے ترقی اور کامیابی کی پہلی سیڑھی پر قدم رکھ دیا ہے۔ آپ دوسروں کو تبدیل کرنے کی بجائے اپنی ذات پر کام شروع کر دیں اور خود کو تبدیل کریں یہ مشکل نظر آتا ہے لیکن ایک آسان کام ہے۔ آپ جو بھی کام کر رہے ہیں اسے بہترین طریقے سے سر انجام دیں۔ اپنی ترجیحات کو واضح کریں۔ اگر آپ دفتر میں ہیں تو دفتر کے ساتھیوں اور گاہکوں کو بھر پور توجہ اور توانائیوں کے ساتھ اپنی خدمات پیش کریں اور جب گھر آ جائیں تو اپنے خاندان یعنی گھر والوں اور بچوں کو اسی جذبے کے ساتھ وقت دیں جس جذبے کے ساتھ آپ اپنے دفتری اوقات کار گزار کر آئے ہیں۔

2۔ مدافعت سے پیش بینی کی جانب

ہم اپنی زندگی مدافعتی انداز میں گزارتے ہیں اور پیش بینی سے دور رہتے ہیں۔ یعنی جو ہو گا اس سے نبٹ لیں گے۔ اس کی مثال یوں بھی لی جا سکتی ہے کہ اگر آسمان پر بادل ہوں تو ہم گھر سے چھتری لے کر نہیں نکلتے اور جب راستے میں بارش سے واسطہ پڑتا ہے تو اس وقت چھتری کی یاد آتی ہے۔

میں جن دنوں برمنگھم میں تھا تو روزانہ آفس جاتے ہوئے اپنی چھتری ساتھ رکھتا تھا حالانکہ میرا دفتر میری رہائش کے قریب تھا اور اب جب پاکستان میں ہوں تو بھی مون سون کے شروع ہوتے ہی بارش ہو یا نہ ہو چھتری میرے ساتھ ایسے ہی رہتی ہے جیسے موبائل، بٹوا اور چابیاں۔

آپ کو دوسروں پر اثر انداز ہونے کے لئے اپنی ذات پر کام کرنا پڑتا ہے۔ ہماری عادات راتوں رات تبدیل نہیں ہوتیں لیکن اگر ہم چھوٹے چھوٹے کام روزانہ کی بنیاد پر مسلسل کرتے رہیں تو ہماری شخصیت میں ایک واضح تبدیلی آجاتی ہے۔

”یاد رکھیے ایک دم سے کچھ بھی تبدیل نہیں ہوتا۔“

3۔ زندگی میں واضح گول کا ہونا

آپ کامیاب لوگوں کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں یا ان کی سوانح عمری پڑھ لیں انہوں نے کامیابی حاصل کرنے سے پہلے اپنے واضح گول کا تعین کیا اور اس کے بعد اپنی منزل کی جانب پیش قدمی شروع کی۔

آپ اس بات کو یوں سمجھیے کہ اگر آپ بس سٹاپ یا ہوائی اڈے پر موجود ہوں تو کوئی بھی بس یا ہوائی جہاز آپ کی منزل کے تعین کے بغیر آپ کو اس جگہ تک نہیں پہنچا سکتا۔ آپ کو جہاں جانا ہے آپ وہیں کی بس یا اسی منزل کی جانب اڑان بھرنے والے جہاز پر بیٹھیں گے تب جا کر آپ اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکتے ہیں لہذا منزل یا اپنے گول کا واضح تعین کامیابی حاصل کرنے کے لئے تیسرا اہم قدم ہے۔

4۔ مسلسل سیکھنا

آپ نے اکثر اپنے موبائل فون میں موجود مختلف ایپلیکیشنز کی اپ ڈیٹ کا نوٹیفکیشن دیکھا ہو گا۔ بلکہ اگر ہم ان اپلیکیشن کو اپ ڈیٹ نہ کریں تو وہ مزید کام نہیں کرتیں۔ اسی طرح زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے ہر وقت سیکھنا اور مسلسل سیکھنا بہت ضروری ہے۔ چوتھے صنعتی انقلاب نے ہمارے ارد گرد کی ہر چیز کو تبدیل کر دیا۔

آپ کو سال میں کم ازکم کسی بھی طرح کی چار ٹریننگز لازمی حاصل کرنی چاہئیں۔ مہینے میں اپنے کاروبار سے متعلقہ ایک کتاب لازمی پڑھیں اور ہفتے میں ایک آن لائن کورس لازمی کریں۔ اگر آپ سیکھنے کی اس روش پر قائم رہے تو کامیابی خود بخود آپ کی جانب بڑھنے لگے گی۔

5۔ کبھی ہار نہ مانیں

ہم میں سے ہر کوئی زندگی میں کبھی نہ کبھی کہیں نہ کہیں لازمی فیل ہوتا ہے لیکن اس ناکامی کو تمغہ بنا کر زندگی میں رکنے کی بجائے آگے بڑھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ دراصل یہ ناکامیاں ہمیں کامیابی کا پتہ دیتی ہیں۔

مجھے یاد ہے کہ جب میں کلاس چہارم میں تھا تو میرے والد صاحب نے مجھے ایک انگریزی میڈیم اسکول کا ٹیسٹ دلوایا۔ اس سے قبل میں کوئٹہ کے ایک اردو میڈیم اسکول میں پڑھتا تھا اور ہر سال امتیازی نمبروں اور پوزیشن کے ساتھ آگے بڑھ رہا تھا لیکن جب انگریزی میڈیم اسکول کے داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھا تو سوالات کی کچھ سمجھ نہیں آئی اور ناکامی سے دوچار ہوا۔ لیکن آج اردو میڈیم اسکولوں سے پڑھنے کے باوجود انگریزی پر اچھی خاصی دسترس ہے۔ اور یہ مضمون بھی ایک انگریزی کے جریدے سے (جسے “رک کونلو”  نے تحریر کیا) پڑھنے کے بعد اسے اردو کے قالب میں ڈھالا اور نمونے کے طور پر مثالیں اپنی ذاتی زندگی سے پیش کی ہیں۔

کہنے کا مطلب یہ ہے کہ ناکامی، زندگی اور کامیابی دونوں کا حصہ ہے لہذا کبھی ہار نہ مانیں اور آگے بڑھتے جائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments