نکولا سرکوزی کو الیکشن مہم میں حد سے زیادہ اخراجات کے جرم میں ایک سال قید کی سزا


Former French President Nicolas Sarkozy (C) seen here in Madrid, Spain, 29 September 2021
سابق صدر کو 2014 میں ایک جج کو رشوت دینے کی کوشش کرنےکے جرم میں ایک سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے
پیرس کی ایک عدالت نے فرانس کے سابق صدر نکولا سرکوزی کو 2012 کی اپنی انتخابی مہم میں اخراجات کی قانونی حد سے زیادہ تجاوز کرنے کی پاداش میں سزا سنائی ہے۔

نکولا سرکوزی اس انتخاب میں ہار گئے تھے اور انھیں فرانسوا ہالیند سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

چھیاسٹھ سالہ سرکوزی کو رواں برس مارچ میں 2014 میں ایک جج کو رشوت دینے کی کوشش کے جرم میں ایک سال کی ’حفاظتی قید‘ کی سزا سنائی جا چکی ہے۔

نکولا سرکوزی وہ پہلے فرانسیسی صدر ہیں جو مدت صدارت کے بعد دو مختلف مقدمات میں مجرم قرار پائے گئے ہیں۔

جمعرات کو پیرس کی ایک عدالت نے نکولا سرکوزی کو 2012 کی انتخابی مہم میں اخراجات کی مقررہ حد سے دسیوں لاکھ اضافی یورو خرچ کرنے کے جرم میں سزا کا حقدار قرار دیا ہے۔

البتہ سابق صدر جیل جانے سے بچ گئے ہیں اور وہ الیکٹرانک ٹیگ لگا کر قید کی سزا گھر پر ہی بھگت سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کو کرپشن کے جرم میں سزا

نکولس سرکوزی پر انتخابی اخراجات سے تجاوز کرنے کا الزام

سابق صدر اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کی صحت سے انکاری ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔

یہ دوسرا موقع ہے کہ نکولا سرکوزی کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

رواں برس مارچ میں انھیں بدعنوانی اور اثر و رسوخ کا استعمال کرنے کے جرم میں ایک سال کی ’حفاظتی قید‘ کی سزا سنائی گئی تھی۔ انھوں نےاس فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے جس کی وجہ سے ان کی سزا پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔

حالیہ مقدمے جسے ’بائی گمیلن‘ سکینڈل کے نام سے جانا جاتا ہے نکولا سرکوزی کو تیرہ دوسرے افراد کے ہمراہ اس الزام کا سامنا تھا۔ اور وہ الزام یہ تھا کہ انھوں نے اپنی انتخابی مہم میں 22.5 ملین یورو کے اخراجات کی مقررہ حد سے دگنا اپنی انتخابی ریلیوں پر خرچ کیا اور پھر اسے چھپانے کے لیے ایک کمپنی کی خدمات حاصل کیں جس نے انھیں انتخابی مہم کے اخراجات کی بجائے پارٹی کے اخراجات میں ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

جمعرات کو پیرس کی ایک عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ہو سکتا ہے کہ سابق صدر کو ان اخراجات کی مکمل تفصیلات کا علم نہ ہو لیکن انھیں یہ تو معلوم ہو گا کہ وہ انتخابی اخراجات کی حد کو تجاوز کر چکے ہیں اور انھوں نےاسے روکنےکی کوئی کوشش نہیں کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32466 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments