اسلام آباد میں گمشدہ فون سے تصویریں حاصل کر کے لڑکی کو بلیک میل کرنے کے الزام میں ایک شخص گرفتار


ایف آئی اے
اسلام آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو مبینہ طور پر ایک لڑکی کو اس کے گمشدہ فون سے تصاویر حاصل کر کے شادی کے لیے بلیک میل کر رہا تھا۔

ملزم نے ان تصاویر کو استعمال کر کے 16 برس کی لڑکی کو بلیک میل کیا اور مجبور کر کے اس کی قابل اعتراض ویڈیوز بنائیں اور اسے دھمکیاں دیں کہ اگر اس نے اس کی بات نہ مانی تو وہ اس کی ویڈیوز کو وائرل کر دے گا۔

اس حوالے سے سرکاری طور پر فراہم کی گئی معلومات کے مطابق ملزم کا تعلق کوہستان سے ہے اور اسے سائبر کرائم وِنگ نے اسلام آباد کے ایک سیکٹر سے حراست میں لیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اسلام آباد تھانہ سائبر کرائم سرکل کے ایک افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ اسلام آباد میں مقیم ایک 16 سال کی لڑکی کی زندگی اس وقت انتہائی مشکلات سے دوچار ہو گئی جب اس کی وہ تصویریں جو اس کے گمشدہ موبائل فون کے میموری کارڈ میں موجود تھیں ملزم کے ہاتھ لگ گئیں۔

حکام کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر تصویریں دیکھ کر متاثرہ لڑکی کو کال کی اور اس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سے دوستی کرے اور دھمکی دی کہ اگر اس نے بات نہ کی تو وہ اس کے موبائل فون سے ملنے والی تصاویر کو وائرل کر دے گا۔

حکام کے مطابق خوفزدہ لڑکی نے اس شخص کے مجبور کرنے پر اس سے ویڈیو پر بات کی جسے ملزم نے ریکارڈ بھی کیا اور یہ کہ ویڈیو کالز کے دوران وہ لڑکی سے مختلف پوز بنانے کا مطالبہ کرتا تھا۔

اس کیس کی انکوائری پر مامور اہلکار نے بی بی سی کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’متاثرہ لڑکی کا نکاح اپنے آبائی علاقے سکردو ہی میں ہوا تھا جہاں پر اس کی عمر کی لڑکیوں کی شادی ہونا کوئی انوکھی بات نہیں اور نکاح ہونے تک اس کے خاندان کو بھی یہ معلوم نہیں تھا کہ اس کا موبائل اور اس میں پڑی تصویریں کسی کے ہتھے چڑھی ہیں تاہم ملزم نعیم خان کو جب پتا چلا کہ اس کا نکاح ہو چکا ہے تو اس نے طیش میں آ کر قابل اعتراض حرکتیں شروع کیں۔‘

جب لڑکی کے ساتھ اس کی بات نہ بنی تو ملزم نے لڑکی کے والد کے نمبر پر لڑکی کی وہ ویڈیو بھیجی جو اس نے ویڈیو کال کے دوران بنائی تھی۔

گرفتار

ملزم نے متاثرہ لڑکی کے والد سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی اس سے کروا دے بصورت دیگر وہ یہ ویڈیوز متاثرہ لڑکی کے شوہر کو بھیج کر اس کا گھر برباد کر دے گا جو ابھی بسا بھی نہیں تھا۔

متعلقہ افسر کے مطابق متاثرہ خاندان نے اس دوران اس معاملے سے نمٹنے کے لیے ایف آئی اے سے رابطہ کیا اور وہاں اپنی شکایت درج کروا دیں جہاں سے ان کو یہ ہدایت کی گئی کہ وہ ملزم کو یہ تاثر دیں کہ اس کی بات مانی جا رہی ہے اور یوں جمعرات کو اسے اسلام آباد کے ایک سیکٹر میں مقررہ مقام پر بلایا گیا جہاں سے اسے ایف آئی اے کی ٹیم نے گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی۔

حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے یہ دھمکی بھی دی تھی کہ لڑکی نے اس کی بات نہ مانی تو وہ اس کے باپ اور بھائی کو قتل کر دے گا۔

یہ بھی پڑھیے

کوہستان ویڈیو: ’لڑکیوں کا قاتل کون ہے، یہ واضح نہیں ہوا‘

پشاور میں بیٹھ کر ورجینیا میں لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

کوئٹہ: لڑکی کی نازیبا تصاویر اپ لوڈ کرنے پر ٹیکسی ڈرائیور کو قید، جرمانے کی سزا

سائبر کرائمز سے منسلک ایف آئی اے کے ایک سابق سینیئر افسر نے رابطے پر بتایا کہ جن لوگوں کے بھی موبائل گم ہوں وہ فوراً اس کی گمشدگی کی رپورٹ متعلقہ تھانے میں درج کرائیں اور اس میں لگی سِم کو بھی بند کروائیں بصورت دیگر وہ اس قسم کی صورتحال کا شکار ہو سکتے ہیں۔

سائبر کرائمز سے منسلک ایک اور سرکاری شخصیت کا کہنا تھا کہ یہ اہم بات ہے کہ کسی ایسے کیس میں متاثرہ لڑکی یا لڑکے کی رضامندی اس وقت تک رضامندی تصور ہی نہیں ہوتی جب تک وہ اٹھارہ سال سے کم ہو اور اسے ہمیشہ اس جرم کا متاثرہ ہی کہا جاتا ہے اور دوسری طرف اگر اس سے کوئی بڑی عمر کا مرد یا عورت کچھ کرواتے ہیں تو مجرم وہی تصور ہو گا جس کی عمر اٹھارہ سال سے زیادہ ہو گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32505 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments