پیرس فیشن ویک میں کیٹ واک کے دوران پھندے والا نیکلس پہنانے پر ژیوانچی کو تنقید کا سامنا


پیرس ویشن ویک میں ژیوانچی کے پھندہ نما نیکلس
پھندہ نما نیکلس
فرانسیسی فیشن ہاؤس ژیوانچی کو پیرس فیشن ویک میں کیٹ واک کے دوران ماڈلز کو پھندہ نما ہار پہنانے پر تنقید کا سامنا ہے۔

اتوار کو تین ماڈلوں کو ژیوانچی کے سپرنگ سمر 2022 شو میں اس کے زیورات کے سونے اور چاندی سے بنے ہوئے ایسے ہار پہنائے گئے تھے جن کی شکل پھندے سے ملتی جلتی تھی۔

اس سے دو برس قبل بربیری نے ایک پھندہ نما ہوڈی پر معذرت کی تھی۔

پیرس ویشن ویک میں ژیوانچی پھندہ نما نیکلس

پھندہ نما نیکلس

ایکٹیوِسٹ اور فنکار کِم سائرہ نے لکھا: ’یہ کیسے ممکن ہوا کہ شو سے پہلے اتنے لوگوں نے اسے دیکھ کر کہا ہو گا کہ سب ٹھیک ہے؟ اور مجھے بھی دیکھ کر حیرت کیوں نہیں ہوئی؟‘

گزشتہ گرمیوں میں بطور کرییٹیو ڈاکٹر میتھیو ویلیمز کے ژیوانچی سے وابستہ ہونے کے بعد یہ ان کا پہلا اِن پرسن کیٹ واک شو تھا۔

انھوں نے فیشن میگزین ووگ کو بتایا کہ ان اشیا پر ’واقعی بہت محنت کی گئی اور پیچیدہ تھیں‘، اور امریکی آرٹسٹ جوش سمِتھ کی گرِم رِیپر پینٹنگز سے متاثر ہوکر ان کے ساتھ مل کر ان پر کام کیا گیا تھا۔

ژیوانچی نے خود پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کچھ نہیں کہا ہے۔

جب 2019 میں بربیری کا تنازع کھڑا ہوا تو اس کی ایک ماڈل لِز کنیڈی نے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں لکھا تھا: ’خودکشی فیشن نہیں ہے۔‘

بہت زیادہ تنقید کے بعد بربیری کے باس مارکو گوبیٹی نے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ حساس معاملہ تھا اور ہم سے غلطی ہوئی ہے۔‘

حالیہ برسوں کے دوران فیشن انڈسٹری میں کئی تنازعات سامنے آئے ہیں۔

گوچی نے 2019 میں ایک اونی جمپر کی فروخت اس وقت بند کر دی تھی جب اس پر تنقید کی گئی کہ وہ سیاہ چہرے کے مشابہ ہے۔

پراڈا نے بھی اپنی کچھ اشیاء کی فروخت اس لیے بند کر دی تھی کہ ان پر بنی تصویریں سیاہ بندروں اور ان کے بڑے سرخ ہونٹوں کے مشابہ تھیں۔

کیٹی پیری نے جوتوں کے دو ایسے جوڑے سیل سے ہٹا لیے تھے جن کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں کہ ان میں سے ایک کا ڈیزائن نسل پرستانہ ہے۔

اور ڈولچی اینڈ گبانا نے 2016 میں اس وقت ایک تنازع کھڑا کر دیا تھا جب اس نے موسم بہار/گرما کے کلیکشن میں ایک جوتے کو ’سلیو سینڈل‘ یعنی غلام چپل کا نام دیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32486 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments