نیٹو نے آٹھ روسی سفارت کاروں کو جاسوسی کے الزام میں نکال دیا


Nato HQ
نیٹو نے برسلز میں روسی سفارتی عملے کی تعداد آدھی کر دی ہے
نیٹو اتحاد نے آٹھ روسی سفارت کاروں کو برسلز سے نکلنے کا حکم دیا ہے جو اس کے بقول خفیہ ایجنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔

نیٹو نے برسلز میں روسی سفارت خانے کے عملے کی تعداد کو کم کر کے 10 تک محدود کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

2018 میں برطانیہ میں روسی خفیہ ایجنسی کے سابق اہلکار اور ان کی بیٹی کو زہر دے کر ہلاک کرنے کی کوشش کے وقت یورپ سے سات روسی سفارت کاروں کو نکالے جانے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ نیٹو اتحاد نے روسی سفارت کاروں کو خفیہ ایجنٹ کہہ کر برسلز سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

روس نے کہا ہے کہ مغرب جان بوجھ کے اسے ایک ’ڈراؤنی شے‘ کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ روس کے نائب وزیر خارجہ الیگزینڈر گرشکو نے کہا کہ ’ افغانستان کا دور اچانک ختم ہونے کے بعد وہ (مغربی ممالک) روسی خطرے کے واہمہ کے بغیر کیسے رہ سکتے ہیں۔‘

روس کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ مغرب روس کے ساتھ سفارتی محاذ آرائی کی پالیسی کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیئے

روسی طیاروں کی پروازیں نیٹو کی فضائیہ چوکس

‘نیٹو روس سے ٹکراؤ چاہتا ہے نہ نئی سرد جنگ’

نیٹو کیا ہے، کب بنا اور اب اس اتحاد کا مستقبل کیا ہے؟

سکائی نیوز کے مطابق روسی سفارت کاروں کو جاسوسی اور شرپسندانہ کارروائیوں کے خدشے کے تحت نکالا گیا ہے۔

روس اور نیٹو کے تعلقات 2014 سے کشیدہ چلے آ رہے ہیں جب روس نے یوکرین کے جزیرہ نما کرائمیا کو اپنے ساتھ ملا لیا تھا۔

نیٹو کی جانب سے روسی سفارت کاروں کے انخلا کے اعلان کا مطلب یہ ہے کہ اس ماہ کے آخر تک برسلز میں تعینات 20 روسی سفارت کارروں کی تعداد آدھی رہ جائے گی۔

نیٹو کے ایک اہلکار کے بقول ’ہم تصدیق کرتے ہیں کی روسی مشن کے آٹھ ارکان کی منظوری ختم کر دی گئی ہے جو روس کے غیر اعلانیہ انٹیلیجنس افسران تھے۔‘

نیٹو اہلکار نے کہا کہ روس کے بارے میں ہماری پالیسی یکساں ہے جس کے تحت ہم روس کی جارحانہ کارروائیوں کا توڑ اور دفاع کرتے ہیں اور بامقصد مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔

روسی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین لیونڈ سلٹسکی نے نیٹو کے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تعلقات مزید کشیدہ ہو جائیں گے۔

لیونڈ سلٹسکی نے انٹرفیکس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ نیٹو کو اس کا جواب دیا جائے گا۔ لیکن انھوں نے اپنے بیان کی وضاحت نہیں کی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments