ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں تبدیلیاں، سرفراز احمد کی واپسی، خوشدل شاہ، اعظم خان اور حسنین ٹیم سے باہر


سرفراز
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ پاکستان کی 15 رکنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کر دی گئی ہیں۔

بیٹسمین فخر زمان، حیدر علی اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ بیٹسمین خوشدل شاہ، اعظم خان اور فاسٹ بولر محمد حسنین پہلے سے اعلان کردہ ٹیم سے باہر ہو گئے ہیں۔

فخر زمان ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ ان کی حتمی ٹیم میں شمولیت کے بعد ان کی جگہ خوشدل شاہ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیے گئے ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں ان کے علاوہ شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

ٹیم میں ان تبدیلیوں کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے جمعے کے روز کیا۔

ٹیم میں تبدیلیوں کے بارے میں کئی ہفتوں سے قیاس آرائیاں جاری تھیں اور اس ضمن میں مختلف نام لیے جا رہے تھے۔

آئی سی سی ایونٹس کے قواعد و ضوابط کے مطابق شریک ٹیموں کا ایک خاص تاریخ تک اعلان ہوتا ہے اور پھر ایک مقررہ تاریخ تک ان ٹیموں میں رد و بدل کی اجازت ہوتی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ ٹیموں میں تبدیلی کے لیے آئی سی سی نے دو تاریخیں مقرر کر رکھی ہیں۔ کوالیفائنگ مرحلے میں شریک ٹیمیں 10 اکتوبر تک اپنے سکواڈ میں رد و بدل کر سکتی ہیں جبکہ فائنل راؤنڈ میں کھیلنے والی ٹیموں کے لیے یہ تاریخ 16 اکتوبر مقرر ہے۔

تبدیلیوں کی وجہ کیا ہے؟

پاکستانی کرکٹ ٹیم میں ہونے والی تبدیلیوں کا پس منظر یہ ہے کہ چھ ستمبر کو چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا تھا۔

اسی ٹیم کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی حصہ لینا تھا لیکن یہ دونوں سیریز نہ ہو سکیں جس کے بعد یہ کھلاڑی قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں ایکشن میں نظر آئے۔

تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ ٹیم کے چند کھلاڑیوں کی قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں غیر تسلی بخش کارکردگی کے بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم سخت تنقید کی زد میں آ گئے تھے۔

یاد رہے کہ جب چھ ستمبر کو محمد وسیم نے آصف علی اور خوشدل شاہ کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا تو اُس وقت ان دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بارے میں سوالات ہوئے تھے کہ کسی قابل ذکر کارکردگی کے بغیر کیسے یہ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

اُس وقت چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ یقیناً ان دونوں کے اعداد و شمار متاثر کن نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود یہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں موجود کھلاڑیوں میں قدرے اچھے ہیں اور ان سے عالمی مقابلے میں اچھی کارکردگی کی امیدیں ہیں۔

اس سے قبل بھی جب محمد وسیم نے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا تھا تو اُس وقت نوجوان بیٹسمین اعظم خان کی سلیکشن پر تنقید ہوئی تھی اور کہا گیا تھا کہ پی ایس ایل کے 10 میچوں میں صرف 174 رنز بنانے کے باوجود اُنھیں کس بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان سپر لیگ 6 میں سب سے زیادہ 20 وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کو محدود اوورز کی سیریز کے لیے منتخب نہ کیے جانے پر بھی سخت حیرانی ظاہر کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

سخت گیر کپتان، ٹیم میں اختلافات اور ایک ناقابل یقین فتح

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ: سرفراز آئے تھے تو قسمت بدلی تھی، اب وہی تنزلی کی داستان ہے

شاہنواز دھانی: ’ٹرائلز کے لیے میرے پاس جوتے، جرابیں نہیں تھیں‘

اعظم، خوشدل اور حسنین کی مایوس کن کارکردگی

ورلڈ کپ سکواڈ سے ڈراپ کیے جانے والے اعظم خان نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے آٹھ میچوں میں صرف 123 رنز بنائے ہیں جن میں کوئی نصف سنچری شامل نہیں ہے۔

خوشدل شاہ سدرن پنجاب کی طرف سے کھیلتے ہوئے آٹھ میچوں میں صرف ایک نصف سنچری کی مدد سے 173 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔

فاسٹ بولر محمد حسنین قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں صرف چھ وکٹیں لے پائے ہیں۔

حیدر علی اور سرفراز احمد کی واپسی

نوجوان بیٹسمین حیدر علی اعلان کردہ پندرہ رکنی سکواڈ کا حصہ نہیں تھے لیکن نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ناردرن کی طرف سےعمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے وہ آٹھ میچوں میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 280 رنز بنا چکے ہیں۔

اس کی وجہ سے سلیکٹرز نے ان پر ایک مرتبہ پھر اعتماد کیا ہے۔ وہ انگلینڈ کے دورے پر جانے والی ٹیم کا حصہ تھے لیکن پی ایس ایل کے دوران بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی پر وہ ٹیم سے باہر کر دیے گئے تھے۔

وکٹ کیپر سرفراز احمد جنھیں حالیہ دنوں میں محمد رضوان کی موجودگی میں صرف ایک ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے کا موقع مل سکا ہے تاہم نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ان کی بیٹنگ کارکردگی اچھی رہی ہے لہٰذا اُنھیں ایک تجربہ کار وکٹ کیپر ہونے کے ناتے اعظم خان کی جگہ سکواڈ میں واپس لایا گیا ہے۔

سرفراز احمد

سرفراز احمد کو ٹیم میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے

سلیکشن میں تبدیلیاں پہلی بار نہیں

کسی عالمی مقابلے کے لیے پہلے سے اعلان کردہ پاکستانی ٹیم میں تبدیلیاں پہلی بار نہیں ہوئی ہیں۔ سنہ 2019ء کے عالمی کپ سے قبل بھی ایسا ہی ہوا تھا جب ورلڈ کپ سکواڈ سے فاسٹ بولرز جنید خان، فہیم اشرف اور اوپنر عابد علی کو ڈراپ کر دیا گیا تھا اور ان کی جگہ محمد عامر، وہاب ریاض اور آصف علی کو شامل کر لیا گیا تھا۔

ان تبدیلیوں کی وجہ بھی یہی تھی کہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز میں پاکستانی بولرز متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پندرہ رکنی سکواڈ

بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، حیدر علی، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی اور صہیب مقصود۔

ٹیم کے ریزرو کھلاڑی

شاہنواز دھانی، عثمان قادر اور خوشدل شاہ


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments