ڈی سی کامکس: سپر مین اب ہم جنس تعلق میں بندھے نظر آئیں گے


سپر مین
DC Comics
ڈی کامکس نے اعلان کیا ہے کہ ان کے تازہ ترین شمارے میں سپر مین جان کینٹ کا کردار بائی سیکشوئل یعنی دونوں جنسوں (مرد او خواتین) سے رومانوی کشش رکھنے والا ہو گا۔

نومبر میں متوقع کامک بک کے آئندہ شمارے میں جان کو اپنے دوست جے ناکامورا کے ساتھ ہم جنس پرست تعلق میں دکھایا جائے گا۔

اس شمارے کی کہانی ‘سپر مین: سن آف کال ایل‘ سیریز کا حصہ ہے اور اس میں جان کینٹ کی کہانی بیان کی گئی ہے جو کہ اپنے والد کلارک کینٹ کی جگہ سپر مین بنے ہیں۔

ڈی سی کامکس نے یہ اعلان نیشنل کمنگ آؤٹ ڈے پر کیا ہے جو کہ امریکہ میں ہم جنس پرستی کے بارے میں آگاہی کا سالانہ دن ہوتا ہے۔

اس جولائی میں شروع ہونے والی اس سیریز میں اب تک جان نے موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے جنگلات میں لگنے والی آگ کا مقابلہ کیا ہے، ایک ہائی سکول میں ہونے والی فائرنگ کو روکا ہے اور پناہ گزینوں کی ملک بدری کے خلاف احتجاج کیا ہے۔

ایک شمارے میں جان نے جے کے ساتھ دوستی کر لی تھی۔ جے ناکامورا گلابی بالوں والے عینک لگانے والے ایک صحافی کا کردار ہے۔

ڈی سی کامکس کا کہنا ہے کہ یہ جوڑا آئندہ آنے والے پانچویں شمارے میں ایک رومانوی تعلق میں بندھ جائے گا۔ اس کی وجہ یہ ہو گی کہ سپر مین ہر کسی کو بچانے کی کوششوں کی وجہ سے ذہنی اور جسمانی طور پر تھک جاتے ہیں۔

سپر مین

DC Comics

کہانی کے مرکزی خیال کی تفصیلات ابھی تک منظر عام پر نہیں لائی گئی ہیں تاہم ڈی سی کامکس کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں جان اور جے ایک دوسرے کو بوسہ کر رہے ہیں۔

سیریز کے مصنف ٹام ٹیلر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جب انھیں یہ نوکری دی گئی تھی تو انھوں نے سوچا کہ آج کا سپرمین کیسا ہو گا؟

ٹام کہتے ہیں کہ مجھے لگا کہ ہم سے ایک غلطی ہوئی کہ ہم نے کلارک کینٹ کی جگہ پھر ایک اور سفید فام مرد کو دی۔

وہ کہتے ہیں کہ ان کے اس آئڈیا کو پیش کرنے سے پہلے ہی ڈی سی کامکس اس پر غور کر رہا تھا۔

ٹام کہتے ہیں کہ ’گذشتہ چند سالوں میں کافی چیزیں بدلی ہیں۔ آج سے پانچ یا دس سال پہلے یہ کرنا مشکل ہوتا مگر میرے خیال میں اب چیزیں کافی بدل گئی ہیں۔‘

سپرمین

DC Comics

انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں کی جانب سے تنقید کے علاوہ اس کہانی پر ردعمل مجموعی طور پر مثبت رہا ہے۔

ٹام ٹیلر کا کہنا تھا کہ ’ہمیں لوگوں نے بتایا ہے کہ آج وہ یہ خبر پڑھ کر رونے لگے، لوگوں نے کہا کہ ہم نے کبھی خود کو بطور سپر مین نہیں دیکھا تھا، جو کہ کامکس میں سب سے زیادہ طاقتور ہے۔‘

’آپ کے پاس ہمیشہ ایسے لوگ ہوں گے جو کہیں گے کہ سیاست کو کامکس میں نہ ڈالیں۔ وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ ہر کامک بک کسی نہ کسی طرح سیاسی ہوتی ہے۔ لوگوں کو احساس نہیں ہے کہ مارول کی ایکس مین سیریز سول رائٹس موومنٹ کے متعلق تھی۔‘

’ہم ان لوگوں کو بھی ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر ہم ان لوگوں کے لیے بھی لکھ رہے ہیں جو شاید اس سپر مین کو دیکھ کر کہیں گے کہ ’یہ سپر مین میرے جیسا ہے، یہ سپر مین ہمارے لیے لڑ رہا ہے اور ان چیزوں کے لیے جو میرے لیے اہم ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments