لاٹری کا سب سے بڑا ٹکٹ 184 ملین پاؤنڈ جو میاں بیوی ایک دوسرے کو بھی نہیں بتاتے


آج منگل کو برطانیہ میں یورو ملین لاٹری کا سب سے بڑا انعام کسی خوش نصیب کے ہاتھ لگنے کا امکان ہے۔ اگر کوئی ایک شخص یہ لاٹری جیت جاتا ہے تو یہ برطانیہ میں اب تک کی سب سے بڑی انعامی رقم ایک سو چوراسی ملین پاؤنڈ ہو گی۔

برطانیہ میں اس سے قبل یورو ملین کا سب سے بڑا جیک پاٹ سنہ 2019 میں سامنے آیا تھا جو 170 ملین پاؤنڈ تھا لیکن یہ انعام جیتنے والی شخصیت نے اپنا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔

لاٹریوں کا انتظام کرنے والی کمپنی کیملوٹ کے سینیئر اہلکار اینڈی کارٹر کا کہنا ہے کہ انھوں نے گزشتہ کئی برس کے دوران بڑی لاٹریاں جیتنے والوں مختلف ردعمل دیکھے ہیں۔

‘میں نے لوگوں کو انتہائی خوشی کی وجہ سے بیمار ہوتے دیکھا ہے، میں نے دیکھا ہے کہ لوگ کھڑے کھڑے اپنی نوکری سے استعفا دے دیتے ہیں اور میں نے لوگوں کو اوپر نیچے اچھلتے کودتے دیکھا ہے۔’

اینڈی کارٹر کا کام بڑی رقوم جیتنے والوں کو مشورے دینا ہے۔ وہ کہتے ہیں ‘میں ایسے شوھروں کو جانتا ہوں جنھوں نے اپنی بیویوں کو نہیں بتایا اور ایسی بیویاں جنھوں نے اپنے شوھروں کو نہیں بتایا، میں ایسے گھروں میں جا چکا ہوں جہاں پہلے ہی باقاعدہ طور پر پارٹی شروع ہو چکی تھی۔’

یورو ملین لاٹری نو یورپی ممالک میں کھیلی جاتی ہے۔ اس لاٹری کے سب سے بڑے انعام یعنی جیک پاٹ کی حد 220 ملین یورو مقرر کی گئی ہے۔ گزشتہ جمعے کو یہ لاٹری اس حد تک پہنچ چکی تھی اور اب اگلی پانچ قرعہ اندازیوں تک جیک پاٹ کی رقم 184 ملین پاؤنڈ یا 220 یورو ہی رہے گی۔ اس دوران اگر کوئی خوش قسمت اسے جیت گیا تو پھر یہ سلسلہ نئے سرے سے شروع کر دیا جائے گا۔

پانچویں قرعہ اندازی میں بھی اگر کوئی جیک پاٹ نہیں جیت سکا تو اس رقم کو ان افراد میں برابر تقسیم کر دیا جائے گا جن کا ایک نمبر کم لگا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے:

45 کروڑ ڈالر سے ’مزے کرنا چاہتا ہوں‘

1.6 بلین ڈالر کی لاٹری جیتنے والا خوش قسمت کون؟

کیا آپ لاٹری کی رقم سے خیراتی ادارہ کھولیں گے؟

یورو ملین کے جیک پاٹ میں اس وقت 10 ملین یورو کا اضافہ کر دیا جاتا ہے جب نو ممالک میں سے کسی بھی ملک میں کوئی اسے جیت جاتا ہے۔ جیک پاٹ میں آخری مرتبہ اس سال فروری میں اضافہ کیا گیا تھا۔ یہ اضافہ اس وقت تک ہوتا رہے گا جب تک جیک پاٹ کی رقم 250 ملین یورو تک نہیں پہنچ جاتی۔

اینڈی کارٹر یا ان کا کوئی ساتھی آج کی لاٹری جیتنے والے سے بات کرنے والا پہلا فرد ہو گا جو انھیں مشورہ فراہم کرے گا اور ایسے افراد سے رابطہ کروائے گا جو یہ لاٹری پہلے جیت چکے ہیں۔

لاٹری جیتنے والے

PA Media

'اگر آپ ایک بڑی رقم جیتے ہیں تو جو سب سے بہتر کام آپ کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ آپ کسی ایسے شخص کے ساتھ بیٹھ کر چائے پیجیے جس نے پہلے کبھی بڑی رقم جیتی ہو۔ کیونکہ یہی وہ لوگ ہیں جو آپ کی کیفیت کو درست طور پر سمجھ سکتے ہیں۔'

برطانیہ میں 184 ملین پاؤنڈ جیتنے والا شخص برطانیہ کے 10 مہنگے ترین علاقوں میں گھر خرید سکتا ہے۔ ان علاقوں میں لندن میں کینسنگٹن پیلس گارڈنز بھی شامل ہے جہاں ایک گھر کی اوسطاً قیمت 30 ملین پاؤنڈ کے قریب ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments