آرین خان کو گرفتار کرنے والے این سی بی افسر سمیر وانکھیڑے کون ہیں؟


بالی ووڈ سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو جب سے منشیات کے کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے گرفتار کیا ہے، تبھی سے این سی بی کی کارروائی سیاسی الزامات اور جوابی الزامات کی وجہ سے تنازعہ کا شکار رہی ہے۔

اس تنازعہ کے مرکز میں این سی بی کے ممبئی زون کے ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے ہیں۔

پچھلے کچھ دن سے این سی بی نے بالی ووڈ میں ڈرگ ریکیٹ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے۔ اسی لیے الزامات لگائے جا رہے ہیں کہ سمیر وانکھیڑے خبروں میں رہنے کے لیے بالی وڈ کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔

لیکن سمیر وانکھیڑے اور تنازعہ کوئی نئی بات نہیں۔ ممبئی ایئرپورٹ پر کسٹم ڈیپارٹمنٹ میں رہتے ہوئے وہ بالی وڈ کی کچھ مشہور شخصیات کے خلاف کارروائیاں بھی کر چکے ہیں۔

سمیر وانکھیڑے کون ہیں؟

سمیر وانکھیڑے کا تعلق مہاراشٹر سے ہے اور وہ انڈین ریونیو سروس 2008 بیچ کے افسر ہیں۔ انھوں نے ریونیو سروس میں شمولیت سے پہلے 2006 میں پہلی بار سینٹرل پولیس آرگنائزیشن (سی پی او) میں شمولیت اختیار کی تھی۔

کچھ دوسرے محکمے جیسے انٹیلی جنس بیورو، سی بی آئی، نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی)، نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی، سی پی او کے تحت آتے ہیں۔

سمیر وانکھیڑے کے والد بھی سابق پولیس افسر ہیں۔

انڈین ریونیو سروس میں شامل ہونے کے بعد وانکھیڑے کو محکمہ کسٹم میں تعینات کیا گیا۔ انھوں نے چند سال ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اسسٹنٹ کمشنر (کسٹم) کی حیثیت سے کام کیا۔

انھوں نے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (ڈی آر آئی) اور نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے ساتھ بھی کام کیا۔ این آئی اے ایک سرکاری ایجنسی ہے جو دہشت گردانہ سرگرمیوں سے متعلق مقدمات کی تحقیقات کرتی ہے۔

سال 2020 میں سمیر وانکھیڑے کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو میں ممبئی زون کے ڈائریکٹر کی ذمہ داری دی گئی۔ انھیں مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے بہترین تحقیقات کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

سمیر وانکھیڑے پہلی بار 2020 میں اس وقت سرخیوں میں آئے جب انھوں نے بالی ووڈ کے بارے میں ڈرگس ریکیٹ کیس کی تحقیقات کی کمان سنبھالی۔ بالی وڈ کا مبینہ منشیات کنکشن اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد این سی بی کے ریڈار پر آ گیا۔

بالی ووڈ کی منشیات سے وابستگی کی بات زوروں پر تھی اور سوشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکرورتی پر منشیات لینے کا الزام لگایا گیا تھا۔ این سی بی ممبئی نے ریا چکرورتی کو گرفتار کیا اور اس کے بعد سمیر وانکھیڑے نے ان تحقیقات کا رخ بالی وڈ کی طرف موڑ دیا۔

این سی بی نے دیپیکا پڈوکون، سارہ علی خان، راکول پریت سنگھ اور شردھا کپور کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا جبکہ مشہور کامیڈین بھارتی سنگھ کو منشیات کے استعمال کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

آرین خان کے ساتھ سیلفی لینے والا ’پرائیویٹ جاسوس‘ اور ارباز مرچنٹ کا ہاتھ پکڑے ’بی جے پی کارکن‘

شاہ رخ کے بیٹے آرین کی گرفتاری کسانوں کی موت سے بڑی خبر کیوں؟

بالی وڈ میں منشیات کے استعمال کی کہانی

بالی ووڈ میں منشیات اور این سی بی کی کارروائی؟

این سی بی نے بالی وڈ اداکار ارجن رامپال سے بھی پوچھ گچھ کی۔ ٹی وی اداکارہ پرتیکا چوہان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ پچھلے ایک سال میں این سی بی کے ممبئی زونل آفس نے منشیات کے کئی معاملات میں کارروائی کی ہے۔

سمیر وانکھیڑے نے انڈیا کی نیوز ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ’اس سال این سی بی نے ممبئی میں 94 اور گوا میں 12 آپریشن کیے ہیں۔ ان میں سے منشیات کا کام کرنے والے بارہ گروہ پکڑے گئے ہیں۔‘

سمیر وانکھیڑے پر الزام ہے کہ انھوں نے پبلسٹی حاصل کرنے کے لیے بالی وڈ کو نشانہ بنایا ہے۔

وانکھیڑے اور تنازعہ

جب سمیر وانکھیڑے ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات تھے تو تب بھی ان پر بالی وڈ کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا گیا تھا۔

ایئرپورٹ پر اسسٹنٹ کمشنر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہوئے سمیر وانکھیڑے نے کسٹم ڈیوٹی سے بچنے کے لیے بیرون ملک سے آنے والے بالی وڈ اداکاروں منیشا لامبا اور گلوکار میکا سنگھ پر ٹیکس چوری کا جرمانہ عائد کیا تھا۔

کہا جاتا ہے کہ جب سنہ 2011 کے کرکٹ ورلڈ کپ کی ٹرافی ممبئی ایئرپورٹ پر پہنچی تو اسے کسٹم ڈیوٹی ادا کرنے کے بعد ہی ائیرپورٹ سے باہر لے جانے کی اجازت دی گئی۔ اُس وقت سمیر وانکھیڑے وہاں کسٹم ڈیپارٹمنٹ میں تعینات تھے۔

سمیر وانکھیڑے کا بالی وڈ کنکشن؟

سمیر وانکھیرے پر ہمیشہ بالی وڈ کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا گیا ہے لیکن ان کی بیوی مراٹھی اور ہندی فلموں کی اداکارہ ہیں۔ سمیر وانکھیڑے نے کچھ سال پہلے اداکارہ کرانتی ریڈکر سے شادی کی تھی۔

کرانتی ریڈکر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے کام کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’آپ سب کے تعاون کے لیے شکریہ۔۔۔ ہم سب نے این سی بی کے کام اور ان کی کارروائیوں کی ستائش کی ہے حالانکہ اس میں صرف بالی وڈ کا ذکر کیا گیا ہے کیونکہ اس میں لوگوں کی زیادہ دلچسپی ہوتی ہے تاہم میڈیا پہلے ہی اطلاع دے چکا ہے کہ این سی بی نے بڑے بڑے گینگسٹرز کو پکڑا ہے۔‘

انھوں نے مزید لکھا: ’کچھ لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ این سی بی صرف بالی وڈ کو نشانہ بنا رہا ہے۔ میں ایسے لوگوں سے کہوں گی کہ وہ تھورا پڑھ لیں۔ گھر بیٹھ کر اپنے مہنگے فون سے تنقید کرنا آسان ہے اور جب آپ یہ کر رہے ہوتے ہیں تب این سی بی کے لوگ منشیات کے خلاف آگے آ کر لڑ رہے ہوتے ہیں۔ ہمیں ان لوگوں کا احترام کرنا چاہیے جو ہمارے ملک کے لیے لڑ رہے ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments