ڈی سی سپرمین: ہم جنس تعلق میں بندھے سپرمین اور پانچ سپر ہیورز جو نظریات بدل رہے ہیں


کیا یہ کوئی پرندہ ہے؟ کیا یہ کوئی طیارہ ہے؟ نہیں یہ وہ سپرہیرو ہے جسے آپ لاکھوں بار پہلے بھی دیکھ چکے ہیں یا نہیں؟

حالیہ دنوں میں کامک بکس کی کاسٹ میں کافی چیزیں تبدیل ہو رہی ہیں۔ مارول اور ڈی سی کامکس سپر ہیروز کی دنیا میں سماجی تنوع لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مثال کے طور پر ڈی سی کامکس نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ تازہ ترین شمارے میں سپر مین جان کینٹ بائی سیکشوئل (یعنی دونوں اجناس میں رومانوی دلچسپی رکھنے والا) ہو گا۔

نومبر میں متوقع کامک بک میں جان ایک صحافی جے ناکامورا کے ساتھ ایک ہم جنس پرست رومانوی تعلق میں نظر آئیں گے۔

اس کامک بک کی کہانی میں جان اپنے والد کلارک کینٹ کی جگہ سپرمین کے روپ میں سامنے آ رہے ہیں۔

مگر دیگر سپر ہیروز نے روایتی انداز چھوڑ کر کئی مختلف اقسام کے کردار متعارف کروانے کی کوشش کی ہے۔

مندرجہ ذیل ان کی بہترین مثالیں ہیں:

ایک مسلمان سپر ہیرو

وہ ایک 16 سالہ امریکی مسلمان لڑکی ہیں جن کے مسائل عام نوجوانوں کے مسائل ہیں۔

مگر اپنی عمر کے دیگر نوجوانوں کے برعکس کمالہ خان سپر پاورز حاصل کر لیتی ہیں۔ اپنا نام مس مارول رکھ کر وہ اپنے پسندیدہ سپر ہیروز کی طرح اپنی صلاحیتوں کو باطل سے لڑنے میں صرف کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں۔

کمالہ کا مرکزی کردار امریکہ میں جرسی سٹی میں پاکستانی تارکینِ وطن کی بیٹی ہیں۔ 2014 میں متعارف کروائے جانے کے بعد سے کمالہ خان کا کامک انتہائی کامیاب رہا ہے۔

اس کامک کی مصنفہ جی ویلو ونسن کہتی ہیں کہ وہ امریکہ میں ایک لڑکی ہونے اور ایک مسلمان ہونے کے بارے میں خیالات تبدیل کرنا چاہتی تھیں۔

کمالہ خان کے کردار کو ٹی وی منی سیریز اور ویڈیو گیمز میں بھی متعارف کروایا جا چکا ہے۔

کمالہ خان کو اکثر مارول کی پہلی مسلم سپر ہیرو کہا جاتا ہے۔ مگر 2002 میں ایکس مین لانے والی اس کامک بک کمپنی نے سوریا قادر کا کردار بھی متعارف کروایا تھا جو کہ ایک نقاب پہنے میوٹنٹ تھیں اور خود کو مٹی کے بادل کی شکل دے سکتی تھیں۔

صنفی تنوع

پانچ نومبر کو سنیما گھروں میں متوقع مارول کی ایٹرنلز میں دس انتہائی طاقتور لوگ اکھٹے ہو کر دنیا کو بچانے کی کوشش کریں گے۔

وہ دنیا میں 35 ہزار سال سے رہتے ہیں اور ان میں مارول کا پہلے ہم جنس پرست سپر ہیرو ‘فیسٹوس‘ شامل ہو گا۔

کامک بکس میں فیسٹوس ایک ماہر ایجاد ساز ہے جو کہ ایٹرنلز کے لیے ہتھیار بناتا ہے اور انسانیت کو مشکلات سے نکالتا ہے۔

اگرچہ فیسٹوس سکرین پر نظر آنے والا مارول کا پہلا ہم جنس پرست سپر ہیرو ہو گا، مگر اس سے پہلے اور بھی ایل جی بی ٹی کیو سپر ہیروز کامک بکس میں سامنے آ چکے ہیں۔

اپنے کامکس میں ویلکائر بائی سیکشوئل تھی۔ بڑی سکرین پر یہ کردار ٹیسا تھامسن ادا کرتی ہیں (جو خود بھی بائی سیکشوئل ہیں) اور یہ کردار انھوں نے 2017 کی تھور: راگناروک میں ادا کیا تھا۔ انھوں نے یہی کردار دوبارہ 2022 میں تھور: لو اینڈ تھنڈر میں بھی ادا کرنا ہے۔

ان کے علاوہ گلوکارہ اور اداکارہ بیکی جی نے ٹرینی کا کردار ادا کیا تھا جو 2017 میں ایک ہم جنس پرست پاور رینجر تھیں۔ ڈیڈ پول کو پین سیکشوئل کے طور پر پیش کیا جا چکا ہے اور 1956 میں بیٹ ویمن بیٹ مین کی گرل فرینڈ کے طور پر تیار کی گئی تھیں مگر 2006 میں انھیں ہم جنس پرست ظاہر کیا گیا تھا۔

معذوری میں سپر پاور

کامک بکس میں کئی قسم کی معذوری کو دیکھا جا چکا ہے، جیسے کہ 1940 اور 50 کی دہائی میں مڈ نائٹ کے نابینا ڈاکٹر یا ایکس مین میں پروفیسر ایکس کی ویل چیئر۔

مارول کامکس میں ڈیئر ڈیول جسے 2003 میں ہالی وڈ کی فلم کی شکل دی گئی تھی اور 2015 میں نیٹ فلکس کی سیریز بنی، ان میں بھی مرکزی کردار میٹ مرڈاک کا تھا جو نابینا تھے۔

اگرچہ وہ دیکھ نہیں سکتا مگر اس کی وجہ سے ان کی دیگر تمام حس انتہائی تیز ہو جاتی ہیں یعنی وہ بینائی والے لوگوں سے زیادہ ‘دیکھ‘ سکتے ہیں۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ ڈیئر ڈیول اس بات کی ترغیب دیتا ہے کہ انسان اپنی صلاحیتوں کو بڑھائے نہ کہ معذوری پر توجہ دے۔

خواتین کی اہمیت

2017 میں ڈی سی کامکس کی ایک اسرائیلی اداکارہ گیل گاڈوٹ کے ساتھ ایک بلاک بسٹر فلم ونڈر ویمن کو خواتین کے خودمختاری کے حوالے سے پیغام دینے پر بہت تعریف ملی تھی۔

بجائے کردار کی ظاہری خوبصورتی پر توجہ دینے کے، اس فلم میں ایک طاقتور کردار دکھایا گیا جس میں کئی قسم کے جذبات دکھائے گئے اور یہ کہ وہ اپنا اور دیگر لوگوں کا خیال رکھ سکتی تھیں۔

اس ماہ ڈی سی کامکس نے کچھ تقریبات کی ایک سیریز شروع کی ہے جن کا مقصد ونڈر ویمن کی 21 اکتوبر کو 80ویں سالگرہ منانا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ڈی سی کامکس: سپر مین اب ہم جنس تعلق میں بندھے نظر آئیں گے

مس مارول: گیمنگ کی دنیا کی پہلی پاکستانی نژاد مسلمان سپر ہیرو

پاک لیجن: پاکستان کو جن ’سپر ہیروز‘ کی ضرورت ہے

یہ منہ اور ’بیٹ مین‘؟ ممکن ہی نہیں!

ان تقریبات میں سے ایک ان کے کردار کو کامک کون کے ہال آف فیم میں شامل کرنا ہے۔

مگر ایک اور سپرہیروئن ونڈر ویمن سے صرف چھ ماہ پہلے 1941 میں منظرِ عام پر سامنے آئی تھیں۔ ان کا نام مس فری تھا اور ان کی شناخت مارلا ڈریک، ایک نیویارک کی امیر خاتون، کی تھی۔ ان کے پاس بہت زیادہ جسمانی طاقت نہیں تھی مگر وہ اپنی ذہانت سے اپنے دشمنوں کو ہراتی تھیں۔

اپنے وقت کے لحاظ سے مس فری کافی ماڈرن تھیں۔ پسند کرنے والوں کو چھوڑ دینا اور اپنے دشمن کے بچے کو گود لے کر ایک سنگل غیر شادی شدہ ماں بن جانا، ان کی زندگی کی کہانی تھی۔

ان کا کردار جون تارپ ملز نے لکھا تھا۔ پہلے انھوں نے تارپ ملز کے نام سے شائع کیا تھا جس سے آپ جنس نہیں بتا سکتے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ اس کی وجہ یہ تھی کہ بچے یہ سوچ کر مایوس نہ ہوں کہ اتنے زبردست کردار کو بنانے والی ایک عورت تھی۔

بلیک پاور

جب 2018 میں مارول نے بلیک پینتھر ریلیز کی تو یہ پہلا موقع تھا کہ ایک سیاہ فام سپر ہیرو اور زیادہ تر سیاہ فام اداکاروں کے ساتھ ایک سپر ہیرو فلم بنائی گئی ہو۔

عالمی باکس آفس پر اس فلم نے ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر کمائے اور یہ پہلی سپر ہیرو فلم تھی جسے آسکرز میں بہترین فلم کے لیے نامزد کیا گیا ہو۔ اگرچہ یہ فلم اعزاز نہیں جیتی مگر دیگر تین کیٹیگریوں میں کامیاب رہی۔

اس فلم میں تچلا کا کردار جسے آنجہانی چیڈ وک بوزمین نے نبھایا ہے، اپنے وطن لوٹ کر اپنے والد کی جگہ وکانڈا کے بادشاہ کی جگہ سنبھالتے ہیں۔

ہالی وڈ کے افریقہ کے بارے میں عام خیالات کے برعکس وکانڈا کا ملک ٹیکنالوجی اور ثقافت میں انتہائی ترقی یافتہ ہے۔

اس فلم کا دوسرا پارٹ آنے والی ہے تاہم اس میں بوزمین نہیں ہوں گے کیونکہ وہ گذشتہ سال کینسر کی وجہ سے وفات پا چکے ہیں۔ اس فلم کی ریلیز 2022 میں متوقع ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments