ٹی 20 ورلڈ کپ: عام آدمی پارٹی نے بھی پاکستان کے ساتھ میچ کی منسوخی کا مطالبہ کر دیا


پاکستان انڈیا میچ
انڈیا کی عام آدمی پارٹی کی ایک رہنما نے مطالبہ کیا ہے کہ اتوار کو دبئی میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان طے شدہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ کو منسوخ کر دیا جائے۔

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں حالیہ کچھ عرصے میں ہونے والے حملوں کے اثرات سیاست اور کرکٹ پر بھی نظر آ رہے ہیں اور ملکی سیاسی جماعتوں میں پاکستان کی مخالف بڑھتی جا رہی ہے۔

اب کئی رہنما دبئی میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں اتوار کے لیے طے شدہ انڈیا پاکستان کرکٹ میچ کی منسوخی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

عام آدمی پارٹی کی رہنما اور ایم ایل اے آتشی مارلینا نے، جو پارٹی کی سیاسی اُمور کمیٹی کی رکن بھی ہیں، اس میچ کی منسوخی کے حق میں آواز بلند کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق آتشی مارلینا نے کہا ہے کہ ’مجھے یقین ہے کہ نہ صرف عام آدمی پارٹی بلکہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی قیادت بشمول وزیرِ اعظم اتفاق کریں گے کہ جب تک ملک میں جاری ایسے انتہاپسند حملے رک نہیں جاتے تب تک ایسے میچ کھیلنا مناسب نہیں ہو گا۔‘

آتشی مارلینا سے پہلے بی جے پی اور دیگر پارٹیوں کے رہنما بھی اس میچ کی مخالفت کر چکے ہیں۔ اس میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما اسدالدین اویسی اور بی جے پی کے سبرامنین سوامی اور گریراج سنگھ نمایاں ہیں۔

اسدالدین اویسی نے کہا کہ ’ہم وزیرِ اعظم انڈیا سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ جب ہمارے نو بہادر سپاہی ’شہید‘ ہوئے، تو کیا تب بھی انڈیا پاکستان کے ساتھ ٹی 20 میچ کھیلے گا؟ مودی جی، کیا آپ نے پہلے نہیں کہا تھا کہ جب انڈین فوجی ہلاک ہو رہے تھے تو منموہن سنگھ کی حکومت پاکستانیوں کو بریانی کھلا رہی تھی؟ ایسی صورتحال میں کیا انڈیا ہمارے سپاہیوں کی ’شہادت‘ کے موقع پر ٹی 20 میچ کھیلے گا؟‘

یہ بھی پڑھیے

پاکستان انڈیا میچ اور ’موقع موقع‘: ’کوئی چانس نہیں بھائی، ہماری ٹیم بہت مضبوط ہے‘

ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ شروع، آغاز میں ہی ایک بڑا اپ سیٹ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے انڈیا کو دھونی کی ضرورت کیوں پڑی

اسی دوران بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن سبرامنین سوامی نے کہا کہ ’دہشتگردی کے تاجر پاکستان کے ساتھ میچ رکھنے کی ضرورت ہی کیا ہے؟ کیا بی سی سی آئی کے جے شاہ جانتے ہیں کہ اُن کے والد وزیرِ داخلہ کے طور پر کیا پرچار کر رہے ہیں؟ کرکٹ دبئی کے ڈانز کے لیے اہم ہے جو سٹے بازی سے کماتے ہیں۔ اس لیے اس میچ کو منسوخ کر کے ملک کی عزت بچائیں۔‘

وفاقی وزیر گریراج سنگھ نے جو اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے جانے جاتے ہیں کہا ’مجھے لگتا ہے کہ اس میچ پر دوبارہ غور کیا جانا چاہیے کیونکہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالات سازگار نہیں۔‘

تاہم کانگریس رہنما اور انڈین کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے اس میچ کی حمایت کی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ ’ہم ان حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ جہاں تک اس میچ کی بات ہے تو یہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے۔ یہ آئی سی سی کا ٹورنامنٹ ہے اور ہم اسے نہیں روک سکتے۔‘

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32501 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments