اسرائیل: گرم ہوا کے غبارے سے چلتی گاڑی پر گرنے والا شخص ہلاک


گرم ہوا کا غبارہ
شمالی اسرائیل میں ایک شخص گرم ہوا کے غبارے سے ایک چلتی گاڑی پر گرنے کے باعث ہلاک ہو گیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ 20 کے پیٹے میں موجود یہ شخص غبارے کے زمینی عملے میں سے تھا اور غبارے کے فضا میں بلند ہونے کے وقت اس سے لٹکا رہ گیا تھا۔

غبارے کے مسافروں نے اسے اندر کھینچنے کی کوشش کی مگر وہ پھسل گیا اور کوئی 100 میٹر (330 فٹ) نیچے عفولا نامی قصبے کے قریب ایک شاہراہ پر چلتی گاڑی پر گرا۔

طبی عملے کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا تھا۔

گاڑی میں موجود لوگوں کو طبی نگہداشت کی ضرورت نہیں پڑی جبکہ غبارہ اور اس کے مسافر بحفاظت قریب ہی لینڈ کر گئے۔

پولیس اور شہری ہوابازی کے حکام اس واقعے کی تحقیقات کریں گے۔

مقامی پولیس افسر نے وائے نیٹ نامی ویب سائٹ کو بتایا کہ ’بظاہر وہ زمینی عملے کا رکن تھا جسے زمین پر ہونا چاہیے تھا، نہ کہ فضا میں مگر کسی نامعلوم وجہ سے وہ غبارے سے لٹک گیا۔‘

اُنھوں نے کہا کہ ’لوگ صدمے میں ہیں۔ یہ ایک بہت مشکل کیس ہے۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments