کارپوریٹ کمیونیکیشن: جدید آرگنائزیشنز کی ضرورت



بزنس کی دُنیا میں نئی انقلابی تبدیلیوں کی موجب!

کمیونیکیشن انسانی زندگی کا انتہائی احساس اور بنیادی جز ہے۔کمیونیکیشن کے بغیر انسانی زندگی میں پیش رفت ناممکن ہے۔عام زندگی میں جہاں کمیونیکیشن کی اہمیت اتنی زیادہ ہے وہاں بزنس کی دُنیا میں تو یہ اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔بزنس ورلڈ یعنی کارپوریٹ کی دُنیا میں کمیونیکیشن ہی اصل بزنس ہے۔آج کے جد ید اور مواصلاتی دور میں کوئی بزنس کمیونیکیشن کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔اس لئے کاروباری دُنیا میں کارپوریٹ کمیونیکیشن کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔

یہ کارپوریٹ کمیونیکیشن ہے کیا اور کیوں ضروری ہے؟ آج اس کے بارے میں جانیں گے۔ کارپوریٹ کمیونیکیشن کی اصطلاح پاکستان میں اتنی عام فہم نہیں جبکہ دُنیا بھر میں اس شعبہ میں بہت کام ہو رہا ہے۔کارپوریٹ کمیونیکیشن میں ایسی سر گرمیاں شامل ہیں جن کے ذریعے کسی بھی آرگنائزیشن کی اندرونی اور بیرونی سرگرمیوں کا ابلاغ عامہ کا استعمال کرتے ہوئے مطلوبہ ذرائع تک پہنچانا ہے۔اس میں آرگنائزیشن کا جاری کردہ پیغام اسٹیک ہولڈرز، ورکرز، میڈیا اور عوام تک پہنچایا جاتا ہے۔

آرگنائزیشن کا مقصد ایک ہی پیغام کو تمام اسٹیک ہولڈرز تک انتہائی ذمہ داری، شفافیت کے ساتھ انتہائی معتبر انداز میں اخلاقی طریقہ سے پہنچانا ہے۔کارپوریٹ کمیونیکیشن آرگنائزیشنز کی مدد کرتی ہے کہ وہ اپنا مشن،وژن،اقدار اور مفصل پیغام مطلوبہ ذرائع تک پہنچا سکے۔کارپوریٹ کمیونیکیشن کا کردار اس تناظر میں بھی سمجھا جا سکتا ہے کہ یہ ایسا نظام ہے جو کسی بھی ادارے اور اس کے اسٹیک

ہولڈرز کے درمیان معاونت کے فرائض سرانجام دیتا ہے۔ اس کی اہمیت کسی بھی حکومت میں وزارتِ اطلاعات کی طرح ہوتی ہے جو عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کا باہمی اور اہم فرض ادا کرتی ہے۔کارپوریٹ کمیونیکیشن میں کسی بھی آرگنائزیشن کے پاس یہ سہولت ہوتی ہے کہ وہ اپنے صارفین تک پیغام رسانی کے لیے مختلف ذرائع اور پلیٹ فارمز کا استعمال کر سکتی ہے۔عوامی روابط، میڈیا سے تعلقات، پریس کانفرنس اور نیوز کانفرنس تک کے لیے کارپوریٹ کمیونیکیشن کا شعبہ متحرک ہو تا ہے۔

آرگنائزیشن،کمپنی کی تشہیری مہم کے لئے ایک بہترین اور جاندار ذریعہ ہے۔کارپوریٹ لاطینی زبان کا لفظ ہے۔لفظ کارپوریٹ کا لفظی مطلب ”جسم“ ہے جبکہ دیگر جڑوں کے مطابق کارپوریٹ کا مطلب ”جسم کی تشکیل“کرنا ہے۔کارپوریٹ کمیونیکیشن میں آرگنائزیشن کے امیج کو الفاظ،تحریر،تصویر اور تقریر کے ذریعے جسم یعنی ظاہری صورت فراہم کرتی ہے۔کارپوریٹ کمیونیکیشن کی ذمہ داری کمیونیکیشن کے ڈپارٹمنٹ کو سنبھالنا،اور کمیونیکیشن کے تمام تر مرحلے کو مینیج کرنا ہے۔اس کے ذمہ کنٹرولڈ اور ان کنٹرولڈ کے ساتھ روابط ہیں۔یہ اندرونی اور بیرونی صارفین تک معلومات کی فراہمی کرتی ہے۔

کارپوریٹ کمیونیکیشن ایک پرو ایکٹو پروسس ہے جس میں مختلف اسٹریٹیجی اور طریقے کار استعمال کئے جاتے ہیں۔

کارپوریٹ کمیونیکیشن کیوں ضروری ہے؟

جد ید دُنیا جدید کمیونیکیشن کے بغیر ادھوری ہے۔جس طرح ہماری زندگی میں تیزرفتاری اور جدت آ گئی ہے اسی طرح ہمارے لائف سٹائل اور ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت اور روابط میں بے حد تبدیلی آ گئی ہے۔کارپوریٹ سیکٹر بھی اس تبدیلی کا حصہ بن چکا ہے جس کا انکار کوئی بھی انسان نہیں کر سکتا۔لیکن ہمارے ہاں تبدیلی کو اپنانے اور نئی چیزوں کو سیکھنے میں روایتی سستی اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جا تا ہے۔یہ نہیں ہو سکتا کہ کوئی آرگنائزیشن ورلڈ کلاس ہو اور اُس کی کمیونیکیشن تھرڈ کلاس ہو۔معروف صحافی اور مصنف ٹینا براؤن کا کہنا ”کارپوریٹ کمیونیکیشن بہت ہائی ٹیک آرٹ بن جائے گی،اتنی اہم جتنی پولیٹیکل کمیونیکیشن امریکی صدر باراک اوبامہ کے لئے تھی۔“

کارپوریٹ کمیونیکیشن کنسلٹنٹ کا کردار

کارپوریٹ کمیونیکیشن کنسلٹنٹ وہ لوگ ہوتے ہیں جو بزنس کی دُنیا کو سمجھتے ہیں اور ذرائع ابلاغ کی اہمیت سے بھی بخوبی واقف ہوتے ہیں۔

یہ میڈیا کے تمام چینلزز(پرنٹ،الیکٹرونک اور ڈیجیٹل) سے آشنا ہوتے ہیں اور اس کمپنی کی تشہیر اور برانڈنگ کو مزید بہتر کرنے میں مدد و معاونت و رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔آرگنائزیشن اس طرح کے لوگوں کو بطور کنسلٹنٹ کسی مخصوص پروجیکٹ یا مخصوص ٹاسک کے لیے ہائر کرتی ہے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مستفید ہوتی ہے۔اس ضمن میں فری لانسر،یوٹیوبر، وی لاگر اور بلاگرز و سوشل انفلانسر بھی معاون ثابت ہوسکتے ہیں لیکن یہاں ایک بہت اہم اور بنیادی سوال جنم لیتا ہے کہ اُس فری لانسر کی اپنی برانڈنگ اور سوشل امیج آرگنائزیشن کے کارپوریٹ امیج سے میچ کرتی ہے؟یقینی طور پر یہ وہ بنیادی سوال ہے مارکیٹنگ ٹیم جہاں غلطی کرتی ہے۔مارٹن لینوسٹنگ اپنی کتاب ’Buyology میں کہتا ہے کہ آج کے جد ید دور میں صارفین آپ سے حقیقی کہانیاں سننا چاہتے ہیں، فیک اور معروف ماڈل کی باتیں نہیں۔“

کارپوریٹ کمیونیکیشن کنسلٹنٹ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ وہ کمپنی کے وژن،مقصد اور کارپوریٹ کو اچھی طرح سمجھتا ہو اور اُس کی مدد کر سکے کہ وہ اپنے بہتر امیج کو حقیقی کہانیوں سے بہترین بنا سکے۔ کارپوریٹ کمیونیکیشن کنسلٹنٹ آرگنائزیشن کی نمائندگی کرتے ہوئے آرگنائزیشن کے حقیقی امیج اور معیار کو برقرار رکھنے کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔کارپوریٹ کمیونیکیشن کنسلٹنٹ اپنے شعبہ کے ساتھ مل کر کمیونیکیشن کے تمام انتظامات کی پلاننگ، آرگنائزنگ،لیڈنگ اور کنٹرولنگ کے فرائض بھی سرانجام دیتے ہیں۔

کارپوریٹ کمیونیکیشن کا مستقبل

یہ بات تو طے کہ ہے جو آرگنائزیشن مستقبل کو یقینی بنا نا چاہتی ہیں اُنہیں اپنے کارپوریٹ کمیونیکیشن کو مضبوط، وقت،معاشرے سے ہم آہنگ،اور جد ید تقاضوں سے آراستہ کرنا ہوگا۔کیونکہ جس طرح ہم چیزوں کو دیکھتے ہیں ویسے ہی چیزوں کو عملی طور پر سرانجام دیتے ہیں۔

کارپوریٹ کمیونیکیشن کو ایم بی اے،بی بی اے، ماس کمیونیکیشن میں اور سوشل سائنس کے مضمون کے طور پر یونیورسٹی اور کالج کی سطح پر پڑھایا جانا چاہیے۔یہ ایک ایسا مضمون ہے جس کی ہمارے کارپوریٹ سیکٹر کو اشد ضرورت ہے خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو بزنس کی دُنیا کو سمجھتے ہوں۔

کارپوریٹ سیکٹر کو مضبوط اور موثر کمیونیکیشن کی کیوں ضرورت ہے؟

جیکسن 1987) کے مطابق کارپوریٹ کمیونیکیشن ”کمپنی کی جانب سے جاری کردہ وہ مجموعی سرگرمی ہے جو کمپنی کے منصوبے کے مطابق مطلوبہ اہداف کو حاصل کر سکے۔“موثر اور متحرک کارپوریٹ کمیونیکیشن کے لیے مندرجہ ذیل نکات پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔

سادہ: آرگنائزیشن کا پیغام انتہائی سادہ اور عام فہم ہو تاکہ سب کو سمجھ آ سکے۔
مختصر: آرگنائزیشن کا پیغام جتنا مختصر ہوگا اتنا ہی موثر ہو گا۔

واضح: آرگنائزیشن کے لئے لازم ہے کہ اس کا پیغام بہت واضح اور صاف و شفاف ہو۔مبہم،ذومعنی جملوں سے اجتناب کرنا چاہئے۔

درست: کسی بھی آرگنائزیشن کے لئے یہ بات سمجھانا ضروری ہے کہ اُس کا جاری کردہ پیغام درست ہو۔معاشرتی، اخلاقیات،اقدار، انسانی نفسیات کو مدِنظر رکھ کر ہمیشہ درست پیغام لوگوں تک پہنچایا جائے۔

مکمل: ادھوری بات اور نامکمل معلومات بہت خطرناک ہوتی ہے اس لئے آرگنائزیشن کو چاہئے کہ وہ اپنے پیغام اور مقصد کو مکمل طور پر پہنچائے۔

مستقل: کسی بھی آرگنائزیشن کے لیے یہ بات فائدہ مند نہیں ہوتی ہے کہ وہ اپنی کمیونیکیشن کو مستقل مزاجی سے جاری نہ رکھ سکے۔مستقل اور بروقت پیغام کی رسائی ہی موثر پیغام کی ضمانت ہے۔

مکمل فیڈ بیک: کوئی بھی اچھی آرگنائزیشن فیڈ بیک کے بغیر کمیونیکیشن کو مکمل نہیں سمجھتی۔اس لئے ہمیشہ اپنے اسٹیک ہولڈرز سے مکمل فیڈ بیک لیں کہ آپ کا پیغام اُن تک کس حد تک پہنچا رہا ہے۔

مکمل پلاننگ: بزنس پلاننگ کے بغیر نامکمل ہے۔کارپوریٹ کمیونیکیشن پلاننگ کے بغیر نہیں چل سکتی۔

آج کے جدید اور ڈیجیٹل دور میں کارپوریٹ کمیونیکیشن کس طرح سے بزنس،کمپنی اور آرگنائزیشن کی مدد کر سکتی ہے؟

یہ سوال بہت اہم ہے۔درحقیقت یہ ہی کارپوریٹ کمیونیکیشن کی اصل رُوح ہے کہ کسی بھی آرگنائزیشن کو آج کے دور میں ترقی کی نئی منزلوں پر پہنچا دے۔اکثر ہمارے ہاں سوال کیا جاتا ہے کہ کمیونیکیشن پر کام کرنے کی کیا ضرورت ہے؟یہ کون سا کوئی کسی کام آتی ہے؟ جناب یہ اُن کے ہی کام آتی ہے جو اس پر کام کرتے ہیں۔آج کے دور میں آرگنائزیشن کا کارپوریٹ امیج درست ہونا اور واضح ہونا انتہائی ضروری ہے۔آج آپ ایک ٹاؤن تک محدود نہیں ہیں۔

آپ گلوبل ولیج کے ساتھ منسلک ہیں۔اس لئے آپ کو اپنا امیج مقامی نہیں عالمی معیار کے مطابق رکھنا ہوگا۔آج وقت کے ساتھ معاشرتی اور سماجی مسائل و ٹرینڈز پر گہری نظر رکھے بغیر آپ ترقی نہیں کر سکتے۔اپنے کارپوریٹ کمیونیکیشن کو بہتر بنا کر آپ اپنے بزنس کو نئی بلندیوں پر لے کر جا سکتے ہیں۔کارپوریٹ کمیونیکیشن نے وقت کی تیز رفتار سے بدلتی دُنیا اور ترقی کرتے ہوئے میڈیا کی کوکھ سے جنم لیا ہے۔انٹرنیٹ کی ایجاد سے قبل پبلک ریلیشن کی صورت میں امریکہ اور برطانیہ میں کارپوریٹ کمیونیکیشن موجود تھی۔

1950کے بعد سے کارپوریٹ کمیونیکیشن کے مختلف ماڈلز اور عوامل سامنے آنا شروع ہوئے۔تاہم وقت کے ساتھ ساتھ حالات و واقعات کے ساتھ کارپوریٹ کمیونیکیشن کی ساخت، اپروچ اور کام کی نوعیت وسیع ہوتی گئی۔اب کارپوریٹ کمیونیکیشن میں کارپوریٹ امیج،اسٹریٹجی، فریم ورک،سیاسی و معاشی چیلنجز کے نئے موضوعات بھی شامل ہیں۔معاشرتی و معاشی تبدیلیوں کو مدِ نظر رکھ کر اس شعبہ میں گراں قدر کام کیا جاسکتا ہے۔

کورونا کے بعد کارپوریٹ کمیونیکیشن

یقینی طور پر ہر آرگنائزیشن کے لئے کورونا سے پیدا کردہ صورتحال بہت مشکل تھی۔ بالخصوص کمیونیکیشن سے وابستہ اداروں کے لیے۔

وقت کی نئی حقیقتوں کو سمجھنا اور نئی ٹرینڈز کے مطابق اپنی پالیسی مرتب کرنا،آن لائن،ویب سیمینارز،ورچوئل کانفرنس اور ورک فروم ہوم جیسے نئے چیلنجز نے کارپوریٹ کمیونیکیشن کے لیے جہاں بہت سارے مسائل پیدا کئے ہیں وہاں کئی مواقع بھی پیدا کئے ہیں۔کئی آرگنائزیشن نے ٹریننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ڈپارٹمنٹ کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم LMSکے ساتھ جوڑ دیا ہے۔اب پوری آرگنائزیشن کی ٹریننگ ہر اسٹیک ہولڈر کے لئے دستیاب ہو چکی ہے۔

لیکن یہ بات بہت اہم ہے کہ کمیونیکیشن ایک آرٹ ہے جس میں ہر انسان کو ٹریننگ کی ضرورت ہوتی ہے۔خصوصی طور پر جب ایک پیغام ریکارڈ ہو کر دوسرے انسانوں کے پاس جائے تو اس میں بے شمار پہلوؤں کو دیکھنا پڑتا ہے۔ہر آرگنائزیشن کو اپنے تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے ٹریننگ اور تربیت کا خصوصی انتظام کرنا چاہئے۔یہ آرگنائزیشن کے وقار اور معیار کا سوال ہوتا ہے۔ہمارے ہاں اس کام کو اتنی توجہ دی نہیں جاتی جتنی اس کام کے لیے درکار ہے۔

کسی بھی آرگنائزیشن کے لئے لازم ہے کہ جتنی اچھی اُس کی بلڈنگ،فرنیچر اور پروڈکٹ سے کہیں اچھی اور بہتر کمیونیکیشن ہونی چاہئے۔بد قسمتی سے ہمارے ہاں کمیونیکیشن کو صرف انگریزی زبان میں اچھی سے پریس ریلیز اور پیغام کو سمجھا جاتا ہے لیکن آرگنائزیشن بھول جاتی ہے کہ اُس کے بیشتر ورکرز انگریزی زبان بولنا تو دُور کی بات سمجھنے سے بھی قاصر ہیں۔

کارپوریٹ کمیونیکیشن کو زبان کے میڈیم تک محدود کرنے کی بجائے اس کی افادیت پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔

ہمیں اس شعبے پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔پاکستان میں ہر شعبے میں بہت ہی اچھا اور مثبت و بہترین کام ہو رہا ہے۔ اس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے لیکن اصل مسئلہ ہماری برانڈنگ اور امیج کا ہے۔ ہمارے ہاں آرگنائزیشن اور اُس سے وابستہ افراد اس چیز کو سنجیدہ نہیں لیتے لیکن یہ آج کے دور کی حقیقت بن چکا ہے۔اپنے نام،کام اور دام کی درست برانڈنگ نہیں کریں گے تو ہم دُنیا سے بہت پیچھے رہ جائیں گے اور ہم کیوں رہیں، جب ہمارے پاس تمام سہولیات،صلاحیتیں اور مواقع و ذرائع موجود ہیں تو اُن کا بھرپور فائدہ اُٹھائیں اور اپنے کارپوریٹ امیج و کمیونیکیشن کو بہتر بنائیں۔اپنا،اپنی آرگنائزیشن اور ملک کا نام روشن کریں۔

لبرٹی یونیورسٹی کی سوزن لائز نے اپنی ایک رپورٹ ”اکیسویں صدی میں کارپوریٹ کمیونیکیشن“ میں لکھا ہے کہ ”جدت، ٹیکنالوجی اور سرمائے نے مقامی و عالمی کاروباری دُنیا میں مقابلے کے رجحان بڑھا دیا ہے۔ چیلنجوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مارکیٹیں میں اپنے پیغام کے فریم ورک کی فکر زیادہ کریں۔ اکیسویں صدی میں کاروباری دُنیا متحرک کارپوریشنوں کو ڈھونڈتی ہے۔

معمول کے تصورات کے ساتھ ساتھ نئے مواقع تلاش کریں۔اچھی کمپنیاں مربوط کاروباری سرگرمیاں انجام دیتی ہیں۔ایک اسٹریٹجک مواصلاتی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے سماجی، ثقافتی شناخت اور امیج کو بہتر بنا کر اپنے آرگنائزیشن کو نئی بلند یاں عطا کی جا سکتی ہیں۔“

یاد رہے آنے والے وقت میں برانڈز کی بہ نسبت ہیومن برانڈ مارکیٹنگ،تشہیر اور پیغام رسانی کے لیے بہترین ذرائع تسلیم کئے جائیں گے۔دُنیا اس سفر کا آغاز کر چکی ہے آپ بھی اس سفر میں شامل ہو کر ترقی کی نئی منزلیں طے کر سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments