روس کے صدر ولادیمیر پوتن کا افغان طالبان کو دہشتگرد تنظیموں کی فہرست سے نکالنے پر غور، کیا یہ انڈیا کے لیے جھٹکا ہے؟


پیوتن اور نریندر مودی
انڈیا روس کے دوستوں میں شمار ہوتا ہے
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ افغان طالبان کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالنا ممکن ہے۔ لیکن ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی سطح پر کیا جانا چاہیے۔

روسی صدر پوتن نے جمعرات کو انٹرنیشنل والدائی ڈکشن کلب کے ایک اجلاس میں کہا ’ظاہر ہے کہ پورے افغانستان کا کنٹرول طالبان کے ہاتھ میں ہے اور ہمیں امید ہے کہ طالبان مثبت ماحول کو یقینی بنائیں گے۔ طالبان کے بارے میں ہمیں اتفاقِ رائے سے فیصلہ لینا چاہیے، ہم طالبان کو دہشت گردوں کی فہرست سے نکالنے کے فیصلے پر غور کریں گے اور ہم اس فیصلے کے نزدیک پہنچ رہے ہیں۔‘

افغان طالبان کو دہشت گرد گروپوں کی فہرست سے نکالنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس عمل میں روس اکیلا نہیں ہے۔

انڈیا کو جھٹکا

ادھر روس میں افغانستان پر مذاکرات کے لیے کیا گیا ماسکو فارمیٹ بھی ختم ہو چکا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ انڈیا ماسکو فارمیٹ سے جاری ہونے والے بیان سے خوش نہیں ہے۔ ماسکو فارمیٹ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان افغانستان میں ایک نئی حقیقت ہیں اور اس ملک کے ساتھ تعلقات میں بھی اسے مدنظر رکھنا ہو گا۔

کیونکہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ افغان طالبان پر پاکستان کا اثر رسوخ ہے تو ایسے میں ماسکو فارمیٹ کے اس بیان کو انڈیا کے حق میں نہیں سمجھا جا رہا ہے۔ ادھر روسی صدر پوتن نے کہہ دیا کہ افغان طالبان کو دہشت گردوں کی فہرست سے باہر نکالا جا سکتا ہے۔

انڈیا میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط نے ماسکو فارمیٹ کے بیان کے بارے میں کہا ہے ’ماسکو فارمیٹ کے بیان سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ طالبان کو حقیقی حکمران تسلیم کر لیا گیا ہے۔ ‘

ماسکو فارمیٹ میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات صرف طالبان کے ساتھ ہوں گے۔ ایک جامع حکومت کے بارے میں بھی بات ہوئی ہے، اب طالبان کو اس بات کا اندازہ ہو گیا ہے کہ ہر کوئی ان سے بات کرنے کے لیے تیار ہے۔ اقوام متحدہ کے تحت سربراہی اجلاس بلانے کی بات بھی ہوئی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ انسان دوست امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ طالبان کے ساتھ انڈیا کی دوسری ملاقات تھی۔ افغانستان میں دلچسپ پیش رفت ہو رہی ہے۔ دنیا اب طالبان کو بطور حکومت دیکھ رہی ہے۔‘

فائل فوٹو

افغانستان میں طالبان حکومت کو صلاحات کے لیے اقدامات کرنا ہونگے

واضح رہے کہ ماسکو فارمیٹ مذاکرات 20 اکتوبر کو روسی دارالحکومت میں منعقد ہوئے۔ ان مذاکرات میں روس، چین، پاکستان، ایران، انڈیا، قزاقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد نائب وزیرِ اعظم مولوی عبدالسلام حنفی کی قیادت میں شریک ہوا۔ جبکہ رواں ہفتے پاکستان کے وزیر خارجہ نے بھی افغانستان کا دورہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

افغانستان میں انڈیا تذبذب کا شکار، طالبان سے بات کرے یا نہ کرے؟

’دنیا نے افغانوں کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں لیکن انڈیا نے مجھے واپس بھیج دیا‘

انڈیا افغانستان پر اربوں روپے کیوں لگا رہا ہے؟

انڈیا میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ ماسکو فارمیٹ کے بیان میں انڈیا کو بے چین کرنے والی بات یہ ہے کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات میں اب نئی حقیقت کو ذہن میں رکھنا ہو گا۔ افغان طالبان اب اقتدار میں ہیں، چاہے عالمی برادری طالبان کو تسلیم کرے یا نہ کرے۔

وہ کہتے ہیں کہ اس کا یہ مطلب بھی ہو سکتا ہے کہ اگر آپ افغانستان میں انسانی امداد بھی بھیجیں گے تو وہاں کی نئی حقیقت کو ذہن میں رکھنا پڑے گا۔

ماسکو فارمیٹ کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کو اصلاحات کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ ایک جامع حکومت تشکیل دی جا سکے۔

جامع حکومت کا مطلب یہ ہے کہ افغانستان میں تمام گروہوں کو اقتدار میں نمائندگی ملے۔ فی الوقت پشتون سنی مسلمان عبوری افغان طالبان حکومت پر حاوی ہیں۔

ماسکو فارمیٹ کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ شامل ممالک نے طالبان حکومت کے اس عزم پر اطمینان کا اظہار کیا جس میں اُنھوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ افغانستان کی زمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

طالبان نے ماسکو فارمیٹ میں بھی اس نکتے کو دہرایا ہے۔

مودی ، پیوتن

انڈیا افغانستان کے حوالے سے ہر میٹنگ یا مذاکرات میں شرکت چاہتا ہے

انڈیا کی خاموشی

انڈیا کی جانب سے پاکستان-افغانستان-ایران امور کے نمائندے جے پی سنگھ اور انڈین وزارت خارجہ میں یوریشیا کے انچارج آدرش سوائکا نے ان مذاکرات میں شرکت کی تھی۔ انڈیا کے انگریزی اقتصادی اخبار دی منٹ نے لکھا ہے کہ انڈین نمائندوں نے اپنی ناراضگی خود تک ہی رکھی اور اس کا اظہار نہیں کیا۔

امریکہ نے اس اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا۔

جبکہ انڈیا کو روس نے پہلی بار ایسے اجلاس میں بلایا تھا۔ اس سے قبل روس نے افغانستان کے بارے میں مذاکرات کے لیے انڈیا کو ٹرائکا پلس میں شامل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

انڈیا کو روس کے خاص دوست کے طور پر دیکھا جاتا ہے اس لیے انڈیا نے ماسکو فارمیٹ کے بیان پر عوامی طور پر اعتراض نہیں کیا کیونکہ اس کا اہتمام روس نے کیا تھا۔

دوسری طرف انڈیا یہ بھی چاہتا ہے کہ افغانستان کے بارے جو بھی گروپ بنائے جائیں یا اس کے بارے میں جو بھی مذاکرات ہوں وہ اس میں بھی شامل ہو۔ اس بارے میں بھی کنفیوژن ہے کہ ماسکو فارمیٹ کا بیان مشترکہ ہے یا صرف میزبان ملک روس کا ہے۔

ایک سینیئر طالبان رہنما نے انڈیا کے بارے میں دعویٰ کیا تھا کہ انڈیا افغانستان میں کھانے پینے کی اشیا بھیجنے کے لیے تیار ہے۔ انڈیا نے بھی افغان طالبان کے اس دعوے کو مسترد نہیں کیا ہے۔

افغان طالبان نے یہ بیان ایک ایسے وقت پر دیا ہے جب ماسکو فارمیٹ میں انڈیا کے نمائندے مذاکرات کے لیے موجود تھے۔ اقوام متحدہ کے فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے ایک سینیئر عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ اُنھوں نے افغانستان میں غذائی اشیا کی مدد کے لیے نئی دہلی سے رابطہ کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments