امریکہ میں 21 ہفتے کے حمل سے قبل از وقت پیدا ہونے والا بچہ


امریکہ میں 21 ہفتے کے حمل کے بعد پیدا ہونے والے ایک نوزائیدہ بچے کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ بچہ گذشتہ سال امریکی ریاست الابامہ کے شہر برمنگھم میں پیدا ہوا تھا اور پیدائش کے وقت اس کا وزن ایک پاؤنڈ سے بھی کم یعنی 14 اعشاریہ آٹھ اونس تھا۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے اس کی تصدیق کی ہے کہ کرٹس اب 16 ماہ کا ہو گیا ہے اور یہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔

خیال رہے کہ حمل کی مکمل مدت 40 ہفتے ہوتی ہے یوں کرٹس تقریباً 19 ہفتے پہلے پیدا ہو گیا تھا۔

ان کی والدہ مشیل بٹلر کو چار جولائی 2020 کو اس وقت ہسپتال جانا پڑا جب رات بھر فضا میں آتش بازی ہو رہی تھی۔

اگلے روز دوپہر کے کھانے کا وقت تھا جب مشیل نے دو جڑواں بچوں کرٹس اور سیاسہ کو جنم دیا لیکن سیاسہ اسی روز وفات پا گئی۔

ہسپتال کا کہنا ہے کہ عام طور پر وہ اس قسم کی صورتحال میں والدین سے ہمدردی کی بنیاد پر انھیں مدد دیتے ہیں تاکہ جو بھی تھوڑا وقت ان کے پاس ہے، وہ اس میں اپنے نومولود بچوں کو اٹھا سکیں۔

زندہ رہنے کی ایک فیصد سے بھی کم امید کے ساتھ کرٹس انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رہے۔ تین ماہ کے بعد کرٹس کو وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا اور پھر انھیں رواں برس اپریل میں ہسپتال سے رخصت ملی یوں وہ 275 دن تک ہسپتال میں رہے۔

مزید پڑھیے

حمل کے آٹھویں ماہ بچے کی پیدائش سے متعلق مفروضوں کی حقیقت کیا ہے؟

سات بچوں کی پیدائش: ’خطرہ تھا کہ ٹانکے اور بچہ دانی پھٹ نہ جائیں‘

تھیراپسٹ کو اسے یہ سیکھنے میں مدد دینا تھی کہ وہ سانس کیسے لے اور کھانا کیسے کھائے۔

مسز بٹلر جن کا تعلق الابامہ کے دیہی علاقے ایوٹہ سے ہے، نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’آخر کار کرٹس کو گھر لے جانا اور اپنے بڑے بچوں کو چھوٹے بھائی سے سرپرائز دینا، ایک ایسا لمحہ ہے جو میں ہمیشہ یاد رکھوں گی۔‘

کرٹس کے تین بڑے بہن بھائی ہیں۔ ابھی بھی انھیں اضافی آکسیجن سپلائی کی ضرورت ہے اور خوراک کی نالی بھی لگائی گئی ہے لیکن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی صحت اچھی ہے۔

ڈاکٹر بریان سِمز نے، جو برمگنھم میں یونیورسٹی آف الابامہ میں نوزائیدہ بچوں کی صحت و امور سے متعلق شعبے سے منسلک ہیں، کرٹس کی پیدائش کو دیکھا۔

انھوں نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ ’میں اس شعبے میں 20 سال سے کام کر رہا ہوں لیکن میں نے کسی نوزائیدہ بچے کو اتنا مضبوط نہیں دیکھا جتنا یہ تھا۔ کرٹس میں کچھ خاص ہے۔‘

کرٹس نے سابقہ ریکارڈ توڑا جو کہ وسکونسن کے رچرڈ ہیوچنسن کے پاس تھا جو قبل ازوقت پیدا ہوئے تھے لیکن وہ 21 ہفتے اور دو دن کے حمل کے بعد پیدا ہوئے۔ وہ ریکارڈ اگلے 34 برس تک قائم رہا۔

اس سے بھی پہلے یہ ریکارڈ کینیڈا کے علاقے اوٹاوا میں پیدا ہونے والے بچے کے پاس تھا، جن کی پیدائش 21 ہفتے اور پانچ دن کے حمل کے بعد ہوئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments