اکشے کمار کی نئی فلم سوریہ ونشی کا 100 کروڑ روپے کا بزنس: ’فلم کی کامیابی کا فارمولہ کسی کے باپ کو معلوم نہیں‘

سوپریہ سوگلے - صحافی، انڈیا


عالمی وبائی مرض کورونا کے دور میں ہندوؤں کے تہوار دیوالی پر سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ اداکار اکشے کمار کی فلم ’سوریہ ونشی‘ نے 100 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی سے فلم انڈسٹری کا حوصلہ بڑھایا ہے۔

لیکن سپر سٹار اکشے کمار کے مطابق فلم کی کامیابی کا فارمولا ابھی تک کسی کو نہیں ملا۔ تقریباً ڈیڑھ سال سے انڈیا میں سنیما ہالز کے کھلنے کا انتظار تھا۔ مہاراشٹر میں تھیٹر بھی کورونا وبا کی وجہ سے کافی دنوں تک بند رہے۔

بالآخر گذشتہ ماہ حکومت مہاراشٹر نے نصف سیٹوں کی شرط کے ساتھ تھیٹر کھولنے کی اجازت دے دی۔ سوریہ ونشی پہلی بڑی فلم تھی جس نے ناظرین کو ایک بار پھر سنیما ہالز کی جانب راغب کیا۔

اس سے قبل اکشے کمار کی فلم ’بیل باٹم‘ نے ایک کوشش کی تھی لیکن کئی ریاستوں میں سنیما گھروں کے بند ہونے کی وجہ سے یہ فلم باکس آفس پر کچھ خاص بزنس نہیں کر سکی۔

لیکن ’سوریہ ونشی‘ نے پہلے ہفتے میں ہی سو کروڑ روپے کما کر فلمسازوں کا حوصلہ بڑھایا ہے۔

اکشے کمار کے کرئیر کی یہ 15ویں فلم ہے جو 100 کروڑ روپے کمانے والی فلموں کے کلب میں داخل ہوئی ہے۔ اس سے قبل ’ایئر لفٹ‘، ’گولڈ‘، ’ہولی ڈے‘، ’راؤڈی راٹھور‘، ’ہاؤس فل سیریز‘، ’رستم‘، ’جولی ایل ایل بی‘، ’کیسری‘، ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ نے 100 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کیا تھا۔

ناظرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اکشے کمار کا کہنا ہے کہ ’میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ ناظرین نے مجھے اتنا پیار دیا، ایک وبا سے باہر آنے کے بعد ناظرین کا سنیما ہال جانا، ٹکٹ خریدنا اور فیملی کے ساتھ فلمیں دیکھنا ابھی نیا نیا شروع ہوا ہے۔ میں اس کے لیے ناظرین کا شکر گزار ہوں۔‘

’سوریہ ونشی‘ میں اکشے کمار کے ساتھ اجے دیوگن اور رنویر سنگھ بھی مہمان کردار میں نظر آئے ہیں۔ سٹار پاور اور فلموں پر تبصرہ کرتے ہوئے اکشے کہتے ہیں کہ ان کے مطابق سٹار پاور کچھ نہیں ہے کیونکہ اصل طاقت سکرپٹ اور سکرین پلے میں ہوتی ہے۔

اکشے کمار کا ماننا ہے کہ ہدایتکار اور مصنف پہلے آتے ہیں اور اداکار بعد میں آتے ہیں۔

30 برسوں پر محیط اپنے فلمی کریئر میں اکشے کمار نے کئی کامیاب فلمیں دی ہیں اور کئی یادگار کلٹ فلموں کا حصہ بھی رہے ہیں۔ لیکن وہ فلم کی کامیابی کے فارمولے سے لاعلم ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فلم کی کامیابی کا فارمولہ کسی کے باپ کو معلوم نہیں، کوئی نہیں بتا سکتا کہ فلم کی کامیابی کی وجہ کیا ہے، یہ میں اپنے کرئیر کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں۔ میں نے دیکھا ہے کہ سکرپٹ اچھی ہوتی ہے، فلم اچھی نظر آتی ہے، ٹرائل پر لوگ واہ واہ کرتے ہیں اور کتا بھی اس فلم دیکھنے نہیں جاتا۔ وہیں ایسی فلموں کا ٹرائل بھی ہوتا ہے جہاں سے لوگ منھ چھپا کر بھاگتے ہیں کہ کوئی یہ نہ پوچھ لے کہ فلم کیسی ہے اور وہ فلمیں ہٹ ہو جاتی ہیں۔‘

اکشے کمار کا ماننا ہے کہ جو فلمیں ہنسی خوشی بن جاتی ہیں ان کی قسمت اچھی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اب کیا بچے کی جان لو گے!

‘لکشمی بم‘ کے اکشے: ’میں اس ایریا کی رانی ہوں‘

پاکستان کے ہاتھوں شکست پر اکشے ’پنوتی‘ اور شامی ’غدار‘ کیوں ہو گئے؟

اکشے کمار کو فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین سپر سٹارز میں سے ایک کہا جاتا ہے، جو سالانہ چار سے پانچ فلموں میں کام کرتے ہیں۔ ان کی بہت سی فلمیں 100 کروڑ سے زیادہ کماتی ہیں۔ پیسوں پر مبنی انڈسٹری میں 100 کروڑ کا ہندسہ اکشے کمار کو لبھاتا ہے۔ فلموں کی کمائی انھیں مزید بڑی فلمیں بنانے اور بڑی فلموں میں خرچ کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

اکشے کمار نے کہا: ’میں اس فلم انڈسٹری میں آیا ہوں، اسی فلم انڈسٹری میں کماؤں گا اور اسی فلم انڈسٹری میں پیسے لگاؤں گا۔ میں چاہتا ہوں کہ مزید سینیما گھر کھلیں، فلمیں اور بڑی ہوں اور ان کی کمائی 300-400 سے بڑھ کر 800 کروڑ تک پہنچ جائے۔ کیونکہ انڈیا میں صلاحیت بہت ہے جبکہ سنیما ہالز کم ہیں۔‘

ریاست مہاراشٹر کا خطہ فلمی کاروبار کے لیے بہت اہم خطہ سمجھا جاتا ہے، لیکن فی الحال مہاراشٹر حکومت نے مہاراشٹر میں صرف 50 فیصد سیٹوں کے ساتھ سنیما ہالز کو کھولنے کی اجازت دی ہے اور اکشے کمار کا کہنا ہے کہ وہ حکومت سے 100 فیصد سیٹیں کھولنے کی اپیل نہیں کریں گے۔ ان کا ماننا ہے کہ مہاراشٹر حکومت ریاست کے شہریوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اقدامات کر رہی ہے اور ان کا جو بھی فیصلہ ہو گا اسے قبول کیا جائے گا۔

کئی فلموں میں پولیس افسر کا کردار ادا کرنے والے اکشے کمار کے لیے سب سے پسندیدہ پولیس کردار زنجیر میں امیتابھ بچن کا ہے۔ ساتھ ہی وہ پولیس کے کردار میں اداکار جگدیش راج اور افتخار کو بھی پسند کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی جو شخصیت ان اداکاروں نے پردے پر تیار کی ہے، وہی اداکار آج بھی اپنائے ہوئے ہیں۔

جگدیش راج اور افتخار نے فلموں میں پولیس کے اتنے کردار ادا کیے ہیں کہ وہ اپنی گاڑیوں میں پولیس کی وردی رکھتے تھے۔ اکشے کمار نے 90 کی دہائی میں پولیس کے کئی کردار ادا کیے اور شروع میں وہ بھی اپنی گاڑی میں پولیس کی وردی رکھتے تھے۔

مختلف النوع کردار ادا کرنے اور کہانیوں کا حصہ بننے کے خواہشمند اکشے کمار کو علاقائی فلموں میں بطور فنکار کام کرنے میں کوئی عار نہیں ہے۔

انھوں نے مراٹھی، پنجابی، کنّڑ، اور تمل زبان کی فلموں میں کام کیا ہے۔ ان کے مطابق اب صرف بھوجپوری فلم کرنی رہ گئی ہے۔ اگر انھیں اچھی آفر ملی تو وہ علاقائی فلموں میں ضرور کام کریں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments