پاکستان، بنگلہ دیش سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی پر سمیع چوہدری کا تجزیہ: ’محمد نواز صرف بولنگ کرنا ہی نہیں جانتے‘

سمیع چوہدری - کرکٹ تجزیہ کار


محمد نواز
خوف اور سراسیمگی کے بیچ کی کوئی شے تھی جس نے محموداللہ اور ان کے ساتھیوں کو حصار میں لیے رکھا۔ گو کہیں ہلکی سی امید روشن ہوتی تو ذرا دیر کے لیے الجھے ذہنوں میں ارتکاز پیدا ہوتا مگر مجموعی کیفیت خلجان کی ہی رہی۔

یہ امید تب روشن ہوئی جب پاور پلے میں ہی محمد رضوان اور بابر اعظم جیسے مصدقہ میچ ونرز کی وکٹیں سستے داموں حاصل ہو گئیں۔ پھر حیدر علی کی وکٹ تو گویا بونس تھی اور اس پہ مستزاد جب شعیب ملک کے تساہل نے پاور پلے میں ہی چوتھی وکٹ دلوا دی تو گویا بنگلہ دیشی ٹیم میں جان آ گئی۔

لیکن اس امید کے روشن ہونے سے کافی پہلے، جس طرح سے بنگلہ دیش نے اپنی اننگز کا آغاز کیا، یہ بھانپنا محال تھا کہ اس بیٹنگ یونٹ کا مائنڈ سیٹ کیا ہے جس نے ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کو ترجیح دی تھی۔

یہ تو طے تھا کہ نئے کمبینیشن میں احتیاط ہی بنیادی گیم پلان ہو گا مگر احتیاط کے سوا بھی تو کچھ کرنا ہوتا ہے۔ وہ شاید ٹیم میٹنگ میں طے ہی نہیں پایا تھا اور اگر کچھ تھا بھی، تو حسن علی کے ‘کم بیک’ میں دھرا کا دھرا رہ گیا۔

حسن علی اپنے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے تجربے کی بنا پہ اس پِچ کو بخوبی جانتے ہیں۔ یہاں، اسی تجربے کی روشنی میں، وہ اس دہری رفتار والی وکٹ میں اچھی لینتھ سے گیند نکال رہے تھے اور نوآموز بنگلہ دیشی ٹاپ آرڈر راہ سجھاتے ہی رہ گیا۔

حسن علی کے پہلے اوور میں جب بابر اعظم نے پیس کو وکٹ سے گرفت ملتے دیکھی تو فوراً نواز کو اٹیک سے نکال کر محمد وسیم کو لائے اور وسیم نے شاندار سیم بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ ان کے سپیل کی خاص بات اس کی ‘درستی’ تھی۔

کرکٹ

محمد وسیم نے بنگلہ دیش کے خلاف 24 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں

اگرچہ بنگلہ دیش نے اگلے ورلڈ کپ کی تیاری کے پیشِ نظر نئی ٹیم بنانے کا سوچا ہے مگر اس تجرباتی کمبینیشن میں ٹیلنٹ اور تجربے کا توازن درست نہیں ہو پایا۔ اگرچہ شکیب الحسن اور تمیم اقبال تو انجریز کے سبب دستیاب نہ تھے لیکن مڈل آرڈر میں مشفیق الرحیم کی کمی اس ٹیم کو واضح طور پہ محسوس ہوئی۔

تزویراتی اعتبار سے محمود اللہ نے یہ غلطی بھی کی کہ بیٹنگ آرڈر میں اپنی پوزیشن برقرار رکھی۔ حالانکہ جس مقدار میں ناتجربہ کاری اس لائن اپ میں نمایاں تھی، انھیں چوتھے نمبر پہ آ کر اننگز کو سنبھالنا چاہیے تھا لیکن وہ اپنے نمبر پہ ہی آئے۔

یہ بھی پڑھیے

’حسن علی نے ثابت کیا کہ وہ ایک فائٹر ہیں‘

یہ شاداب خان کا ’دوسرا جنم‘ ہو سکتا ہے

آصف علی کے چھکے: ’کیسا بیٹسمین دیا ہے جو روزانہ پانچ، چھ گیندیں گم کر دیتا ہےʹ

اگر یہیں ان کے بلے باز بیس، پچیس رنز اور جوڑ لیتے تو اس میچ کی کہانی خاصی مختلف ہو سکتی تھی۔

پچھلے سال بھر میں محمد رضوان اور بابر اعظم کی فارم کچھ ایسی رہی ہے کہ مڈل آرڈر پہ کبھی زیادہ بوجھ پڑا ہی نہیں۔ لیکن یہاں بنگلہ دیشی بولنگ لائقِ تحسین ہے کہ پاور پلے کے آغاز میں ہی اوپر تلے پاکستان کے دونوں برج گرا دیے۔

کرکٹ

بنگلہ دیشی بولنگ لائقِ تحسین ہے کہ پاور پلے کے آغاز میں ہی اوپر تلے پاکستان کے دونوں برج گرا دیے

جس بے احتیاطی سے شعیب ملک نے اپنی وکٹ گنوائی، اس کے بعد کواکب کچھ اور ہی نظر آ رہے تھے اور کوئی اپ سیٹ بھی خارج از امکان نہیں تھا۔ اگر یہ سیاق و سباق بھی ملحوظ رکھا جاتا کہ، حال ہی میں، انہی کنڈیشنز میں یہی، بنگالی بولرز کیویز اور کینگروز کو دھول چٹا چکے ہیں تو گھبراہٹ کا رُخ یقیناً پاکستانی ڈریسنگ روم کی ہی جانب ہونا تھا۔

لیکن فخر زمان نے سیمی فائنل میں جیسے اپنی فارم بحال کی تھی، سلسلہ وہیں سے جوڑ کر چلے۔

گو یہ وکٹ فخر زمان کے سٹائل سے مطابقت نہیں رکھتی تھی اور سکور کارڈ بھی انہیں ہاتھ کھولنے نہیں دے رہا تھا، مگر ان کے صبر نے ڈگمگاتی اننگز کو کچھ استحکام بخشا۔ جب تک گیند ان کے زون میں نہیں آیا، انہوں نے زبردستی بلا گھمانے کی کوشش نہیں کی اور وقت آنے پہ نہایت سمارٹ سٹروک کھیل کر ڈوبتی ناؤ کو امید دلائی۔

لیکن فخر زمان اور خوشدل شاہ کی کاوشوں کے بعد بھی یہ میچ بنگلہ دیش کی ہی جانب جھکا ہوا تھا۔ آصف علی کی عدم موجودگی میں سوال یہ تھا کہ اگر آخری تین اوورز میں مطلوبہ رن ریٹ دس سے زیادہ ہوا تو ایسی سست وکٹ پہ، یہ جُوئے شیر کون لائے گا۔

پاکستان، بنگلہ دیش

شاداب خان اور محمد نواز نے محض 15 گیندوں پر 36 رنز جوڑ کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا

اور پھر کھلا کہ محمد نواز صرف بولنگ کرنا ہی نہیں جانتے، وہ پریشر کو جھیلنا بھی جانتے ہیں اور ایسے پریشر کے بیچ، اپنے اوسان بحال رکھ کر باؤنڈری پار کرنے سے بھی واقف ہیں۔

حسن علی، محمد وسیم، فخر زمان اور خوشدل شاہ، سبھی اس جیت کے نمایاں کاریگر ہیں لیکن اگر یہاں محمد نواز کی یہ مختصر سی اننگز شاملِ حال نہ ہوتی تو شاید، میچ کے بعد، محمود اللہ ہی مسکرا رہے ہوتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments