انسداد دھاندلی فارمولا


الیکشن میں دھاندلی کو دھول چٹانے کے لیے ہم مشینوں پر تو بھروسہ نہیں کر سکتے اور اپنے اداروں پر ۔۔۔توبہ توبہ!۔ دنیا علم کے دانا لوگوں کی دانائی پر ماتم کرنے کو جی چاہتا ہے جو سائنسی کرامات و ایجادات و مہمات گنواتے نہیں تھکتے۔ ارے جناب! ہم تو سائنس کو تب مانیں جب الیکشن میں ہارے ہوئے امیدوار اپنی شکست مانیں۔ لیکن سائنس کے پاس کوئی ایسی مشین نہیں ہے جو کسی امیدوار کو مجبور کرے کہ وہ اپنا تکبر و رعونیت اور حسد ترک کر کے۔۔کیمروں کے سامنے با وقار انداز میں اپنی شکست تسلیم کرلے۔

یہ تو ممکن ہے کہ مستقبل میں سائنس دان ٹائم مشین بنانے میں کامیاب ہو جائیں لیکن کوئی مشین انسان کے اندر عاجزی وانکساری اور صبر پیدا نہیں کر سکتی۔ ہم مشینوں کی مدد سے دیانت دار امیدوار پیدا کر سکتے ہیں نہ سمجھ دار ووٹر تخلیق کر سکتے ہیں۔ مشین کی مدد سے گدھوں کو انسان نہیں بنا سکتے۔ ہمیں شفاف و غیر جانبدار الیکشن منقعد کروانے کے لیے مشین سازی کی نہیں بلکہ کردار سازی کی ضرورت ہے اس واسطے ہمیں مشین مشین نہیں کھیلنا چاہئیں۔

کردار سازی اطاعت گزاری کے ذریعے پروان پاتی ہے۔ جو اطاعت نہیں کر سکتا وہ حکومت بھی نہیں کر سکتا۔ الیکشن میں حصہ لینے والے ایسے امیدوار جو انصاف و امن، معاشرتی فلاح و بہبود اور بنیادی انسانی حقوق سے وابستہ قوانین و ضبواط کی اطاعت نہیں کرتے تو پھر کیسے ممکن ہے کہ وہ عوام کو اطاعت پر مجبور کرسکیں ۔ ہمارے دیس کے لوگ پردیس جا کر اس وجہ سے بندے کے ُپتر (معذرت کے ساتھ) بن جاتے ہیں کہ وہاں ُاوپر سے نیچے تک اطاعت کار فرما ہے اور جو اطاعت سے باہر نکلتا ہے، دھر لیا جا تا ہے۔

ایک اور نکتہ توجہ طلب ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کے سدباب کے لیے ہمیں پہلے دھاندلی کی جامع تعریف مقرر کر لینی چاہئیں۔

الیکشن جیتنے کے لیے کمزور طبقے کی محرومیوں کو کیش کروانا بھی دھاندلی ہے۔ خوف و ہراس پیدا کر کے ووٹ لینا بھی دھاندلی ہے۔ سیاست میں مذہبی کارڈ استعمال کرنا بھی دھاندلی ہے اور جھوٹے وعدے اور دعوے کرنا بھی دھاندلی ہے۔ اب کیا الیکٹرونک ووٹینگ مشین ان سب دھاندلیوں کو پکڑ سکتی ہے؟۔

اور آخر میں ایک اور بات کہ اگر الیکشن میں حصہ لینے والے دو امیدوار زید اور بکر بد دیانت و بے ایمان ہیں تو پھر الیکشن میں دھاندلی کے ہونے یا نہ ہونے سے کو ئی فرق ہی نہیں پڑتا کیونکہ نتیجہ ایک جیسا ہی ہو گا


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments