کراچی لا وارث کیوں؟


کراچی وطن عزیز کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور سب سے زیادہ حکومت کو ٹیکس اور ریونیو کراچی سے ہی ملتا ہے آج سے دس سال پہلے تک کراچی میں ہر طرف بد امنی، خوف و ہراس، بوری بند لاشیں افراتفری کا عالم ہوتا تھا ایک منٹ میں پورا شہر بند ہو جاتا تھا۔ بھتہ خوری، لوٹ مار عروج پر تھی پھر نواز شریف کے دور حکومت میں وفاقی وزارت داخلہ کی نگرانی میں سکیورٹی فورسز کی طویل جدوجہد کے بعد کراچی شہر کی امن و امان کی صورت حال کافی بہتر ہو گئی اور آج دنیا میں اسے ایک محفوظ شہر تصور کیا جاتا ہے۔ امن کے بعد دوسرا مرحلہ شہر کی ترقی کا ہونا چاہیے تھا جو کہ بد قسمتی سے پورا نہ ہو سکا اگر

کراچی کے مسائل دیکھیں جائیں تو شہر کراچی میں کوئی جگہ ایسی نہیں جہاں پر مکمل ضروریات زندگی موجود ہوں، اگر کسی علاقے میں صاف پانی دستیاب ہے تو پبلک ٹرانسپورٹ کا خستہ حال ہے اگر پبلک ٹرانسپورٹ موجود ہے تو وہاں قبضہ مافیا بھی پوری طاقت کے ساتھ موجود ہے، اگر کہیں پلاننگ نظر آ رہی ہے تو وہاں غیر فعال تعلیمی انفراسٹرکچر بھی موجود ہے ہر طرف بدحالی اور مسائل کے انبار ہیں پچھلے تیس سال سے کراچی شہر کو کبھی بھی رحم کی نظر سے نہیں دیکھا گیا وزیر اعلیٰ سندھ، گورنر سندھ اور تمام سیاسی پارٹیوں کے ایم این اے، ایم پی اے اور لیڈران کو کراچی پر اپنی اپنی پارٹی کے لیے سیاست کرنا خوب آتی ہے، اگر ان کی گفتگو کا ریکارڈ نکال کر دیکھا جائے تو ایسے لگتا ہے جیسے کراچی کے سب مسائل کا حل تلاش کرنے کا واحد فارمولا اسی گفتگو کرنے والے شخص کے پاس ہے لیکن سب کے سب صرف اپنی باتوں کی حد تک چیمپئن ہیں اور سب کے قول و فعل میں کھلا تضاد ہے کراچی کی عوام نے تمام پارٹیوں کے وعدوں سے تنگ آ کر 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کو بھر پور ووٹ دیا اور شہر قائد سے 20 میں سے 14 ایم این اے اور 24 ایم پی اے ابھر کر سامنے آئے لیکن سامنے آنے کے بعد ایسے غائب ہوئے کہ عوام کے بھر پور تلاش کرنے کے باوجود بھی نظر نہیں آتے ہیں یقیناً عوام اس لیے نام نہاد لیڈران کو تلاش کرتی ہے تاکہ ان کی پارٹی کے وعدے یاد دلائے جائیں ان کو یاد کروایا جائے کہ شاید مرکز میں بھی آپ ہی کی حکومت ہے

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی حکومت کو تقریباً تین سال کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن کراچی کی خستہ حالی کی فکر کیے بغیر ٹنا ٹن اسپیڈ سے شاہانہ انداز میں حکمرانوں کا نظام زندگی چل رہا ہے حکمرانوں کو فکر تو اس وقت ہوتی، جب ان میں سے کسی ایک کا گھر منگھو پیر میں ہوتا اور اس کو براستہ بنارس تا منگھو پیر جانا پڑتا، گورنر کو کراچی کی فکر اس وقت ہوتی جب تین دن بارش رکنے کے بعد کورنگی سے انڈس لانڈھی تک جانا پڑتا، وزیر اعلیٰ کو فکر تب ہوتی جب اسے بائیک یا پبلک ٹرانسپورٹ پر سائٹ ایریا اور بلدیہ ٹاؤن میں جانا پڑتا، اور وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب عمران خان کو کراچی کی فکر تب ہو گی جب موٹر سائیکل پر بٹھا کر مندرجہ بالا علاقوں اور اس کے علاوہ ان کھنڈرات کا منظر دکھایا جائے جو ترقیاتی کاموں کی بنا پر آج سے پانچ پانچ سال پہلے کھودے گئے ہیں اور عوام آج تک منصوبے مکمل ہونے کا انتظار کر رہی ہے لیکن ایسا نا ممکن دکھائی دیتا ہے کیوں کہ حکمرانوں کی گزر گاہ صرف اور صرف شاہراہ فیصل ہے اور جب بھی انہوں نے گزرنا ہوتا ہے تو شاہراہ فیصل کی چمک دمک پورے شہر سے الگ تھلگ نظر آتی ہے ہر طرف سیکورٹی فورسز کا پہرہ ہوتا ہے ایک دن پہلے KMC سے لے کر کنٹونمنٹ بورڈ تک سارے ادارے حرکت میں ہوتے ہیں جس طرح شاہراہ فیصل کے لیے سب ادارے دن رات ایک کر کے کام کرتے ہیں۔

ایک دفعہ وزیر اعلیٰ سندھ کی گاڑی طارق روڈ پر اس لیے پھنس گئی کہ طارق روڈ پر اللہ والی چورنگی سے لے کر بہادر آباد تک دونوں طرف پارکنگ مافیا کا قبضہ ہے، بڑے صاحب کی گاڑی نکلوانے کے لیے ہر طرف ہارن، اور بڑے بڑے ہوٹرز کی آوازیں آنا شروع ہو گئیں اگے دو تین روز تک پارکنگ مافیا غائب رہا اور ٹریفک پولیس کا پہرہ سخت تھا لیکن چند دنوں کے بعد ہی دونوں طرف دور دور تک کاروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ کاش! پورے کراچی شہر کے لیے ایسا کام ہوتا جیسے حکمران جماعت کے طرز زندگی کے لیے عمل در آمد ہوتا ہے تو آج کراچی دنیا کا جدید ترین شہر ہوتا۔ حکمرانوں کا یہ شکوہ بھی رہا ہے کہ کراچی کو جو فنڈز ملتے ہیں وہ اس کے مسائل کے مطابق کم ہیں۔ یقیناً یہ شکوہ بھی درست ہے لیکن آخر سوال یہ ہے کہ جو فنڈز ملتے ہیں ان کا صحیح استعمال ترقیاتی منصوبوں پر کیا جاتا ہے یا وہ بھی آدھے سے زیادہ کرپشن، نا اہلی کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔

کراچی کا حلیہ بگاڑنے میں سرکاری اداروں اور سیاسی جماعتوں کا کلیدی کردار رہا ہے، اس شہر کو اجاڑنے میں یہاں کے حکمرانوں اور دعویداروں کا ہاتھ ہے۔ لیڈر تو وہ ہوتا ہے جو لوگوں کے دلوں کا حال سمجھ کر فوراً اس کا حل نکال لے، کراچی کی عوام تو احتجاج کر کر کے بھی تھک چکی ہے، آخر کراچی کے باسیوں کو مزید کتنا صبر کرنا ہو گا؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments