جیک ڈورسی کا ٹوئٹر چھوڑنے کا اعلان، کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ


جیک ڈورسی
ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

ٹوئٹر کے مطابق اب ان کی جگہ کمپنی کے چیف تکنیکی افسر پراگ اگروال یہ عہدہ سنبھالیں گے۔

سنہ 2006 سے ٹوئٹر کے شریک بانی جیک ڈورسی ٹوئٹر کے ساتھ ساتھ آن لائن ادائیگیوں کی کمپنی ’سکوئر‘ کے بھی چیف ایگزیکٹو ہیں۔

اپنے تحریری بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ ’آخر کار میرے جانے کا وقت آ گیا ہے۔‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کمپنی ’آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔‘

جیک ڈورسی نے کہا کہ انھیں اپنے متبادل پر ’گہرا‘ اعتماد ہے اور ’میں ان کی مہارت، دل اور روح کے لیے تہہ دل سے مشکور ہوں۔ یہ ان کی قیادت کرنے کا وقت ہے۔‘

یاد رہے کہ پراگ اگروال نے سنہ 2011 میں کمپنی میں شامل ہوئے تھے اور وہ سنہ 2017 سے ٹیکنالوجی کے شعبے کے سربراہ ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ برس سے جیک ڈورسی پر کچھ سرمایہ کاروں کی طرف سے استعفیٰ دینے کا دباؤ تھا تاکہ ایک ایسا چیف ایگزیکٹو آئے جس کی تمام تر توجہ صرف ٹوئٹر پر ہی ہو۔

’مجھے ٹوئٹر سے محبت ہے‘

جیک ڈورسی کے جانے کی خبروں کے بعد ٹوئٹر کے حصص کی قیمت میں تھوڑا اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے سٹاک ایکسچینج میں حصص کی تجارت عارضی طور پر روک دی گئی۔

پیر کو جیک ڈورسی کی ٹوئٹر چھوڑنے کی خبر سب سے پہلے سی این بی سی پر دی گئی تھی جس میں نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیا گیا تھا۔ دوسری جانب خبر رساں ادارے روئٹرز نے بھی کچھ ایسی ہی خبر دی تھی۔

اتوار کے روز جیک ڈورسی نے اچانک ہی ایک ٹویٹ کی تھی جس میں لکھا تھا کہ ’مجھے ٹوئٹر سے محبت ہے۔‘

https://twitter.com/jack/status/1464865985471471616

یہ خبر ابھی مزید اپ ڈیٹ کی جا رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments