بالی وڈ ڈائری: 'لو میکِنگ' کے ایک منظر پر سلمان کے والد کا اعتراض، کیا سلمان کریں گے کترینہ کی شادی میں شرکت

نصرت جہاں - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن


'میرے بارے میں افواہ تھی کہ میں 'انتم' فلم کا حصہ نہیں ہوں لیکن فلم دیکھنے کے بعد لوگوں کی یہ غلط فہمی دور ہو گئی'۔

سلمان خان نے اپنی فلم انتِم کی کامیابی کے بعد پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں ان کا کردار کچھ دیر کا نہیں بلکہ کافی لمبا ہے۔ فلم میں اپنے جیجا جی آیوش شرما کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے سلمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہترین اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے

سلمان خان نے بتایا کہ فلم میں ‘لو میکِنگ’ کے ایک منظر پر ان کے پاپا سلیم خان کو اعتراض تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘لوگ اپنے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر تمہاری فلم دیکھ سکتے ہیں اس لیے اس طرح کا منظر فلم کا حصہ نہیں ہونا چاہیے’۔

سلمان خان نے کہا کہ انہوں نے پورا سین تو نہیں نکالا کیونکہ وہ کہانی کی ضرورت کے مطابق تھا تاہم اس سین کو مختصر کر دیا گیا۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ او ٹی ٹی پر لوگ کیا کچھ نہیں دکھاتے لیکن وہ اس طرح کی فلمیں ہرگز نہیں بناسکتے۔

سلمان خان سے یاد آیا کہ ان کی قریبی دوست کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل کی شادی کے چرچے تو کئی مہینوں سے جاری تھے، اب آخر کار میڈیا کے مطابق ان کی شادی کی تاریخ بھی طے ہو گئی ہے اور دونوں نو دسمبر کو شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔

تو کیا واقعی کترینہ کیف وکی کوشل سے شادی کر رہی ہیں؟ اس سوال کا جواب نہ تو اب تک کترینہ نے دیا اور نہ ہی وکی کوشل نے۔ ان دونوں نے تو کبھی اس بات کی بھی تصدیق نہیں کی کہ وہ ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں، یہ اور بات ہے کہ ان کی شادی کہاں ہو رہی ہے، کب ہو رہی ہے، کیا کیا تیاریاں ہو رہی ہیں یہاں تک کہ مہمانوں کی فہرست تک میڈیا میں چھائی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سلمان خان کو اپنی فلم ’انتِم‘ کی ہیروئن سے معافی کیوں مانگنی پڑی؟

کترینہ کیف کی زندگی میں اب کون ہے؟

رنبیر کے ساتھ دوبارہ کام کرنے پر انکار کیوں؟

سلمان خان کو جیل، ٹوئٹر پر ہلچل

دلچسپ بات یہ ہے کہ میڈیا میں جاری ہونے والی مہمانوں کی فہرست میں سلمان کے بجائے ان کی دونوں بہنوں کا نام ہے۔ جبکہ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلمان کی بہن ارپتا نے کہا ہے کہ ان کے گھر میں کسی کو شادی کا دعوت نامہ نہیں ملا۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ شادی ریاست راجستھان کے سوائے مادھو پور میں چودھویں صدی کے ایک قلعہ میں ہوگی لیکن اس سے پہلے ممبئی کی ایک عدالت میں شادی رجسٹر کروائی جائے گی۔

یہ تو تھیں کترینہ اور وکی کی شادی کے بارے میں انڈین میڈیا میں چھپنے والی گرما گرم خبریں۔ اب واقعی یہ شادی ہو رہی ہے یا نہیں یہ آپ کو نو دسمبر کو پتہ چل ہی جائے گا۔ جہاں تک میڈیا میں اس شادی کی دھوم کا سوال ہے تو اس بارے میں یہی کہا جاسکتا ہے ‘بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ’۔

‘پاپا کہتے ہیں بڑا نام کرے گا’، آجکل یہ لائن سنیل شیٹی کے بیٹے آہان شیٹی کے بارے کہی جا رہی ہے۔ آہان شیٹی اپنے پاپا کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ایکشن ہیرو کے روپ میں سنیما حال تک پہنچ گئے ہیں۔ اس ہفتے ان کی فلم ‘تڑپ’ ریلیز ہوئی ہے۔ فلم کی ریلیز سے پہلے ہی آہان کی ایکٹنگ اور ان کے ٹیلنٹ کی تعریفیں کی جا رہی ہیں اور لوگ انہیں نیا سٹار بتا رہے ہیں۔ تاہم آہان کا کہنا ہے کہ انہیں ان باتوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ صرف سر جھکا کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ سے بات کرتے ہوئے آہان نے کہا کہ ایکشن ہیرو کا کردار انہوں نے اس لیے نہیں کیا کیونکہ ان کے پاپا ایک ایکشن ہیرو ہیں دراصل انہیں ایسے ہی کردار آفر کیے گئے تھے۔ فلم میں آہان کے ساتھ اداکارہ تارہ سوتاریہ مرکزی کردار میں ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments