توہین مذہب کے الزام میں سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی ہلاکت کے واقعے پر وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاستدانوں کا ردعمل


پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مزت کرتے ہوئے اسے ’پاکستان کے لیے ایک شرمناک دن‘ قرار دیا ہے۔

جمعے کو پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں ایک مشتعل ہجوم نے توہین مذہب کے الزام میں ایک غیر ملکی شہری کو تشدد کر کے ہلاک کرنے کے بعد اس کی لاش کو آگ لگا دی۔ پولیس کی طرف سے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا ہے۔ اس واقعے پر سماجی، سیاسی اور عسکری حلقوں کی طرف سے بھی ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’سیالکوٹ میں مشتعل گروہ کا ایک کارخانے پر گھناؤنا حملہ اور سری لنکن مینیجر کا زندہ جلایا جانا پاکستان کے لیے ایک شرمناک دن ہے۔ میں خود تحقیقات کی نگرانی کر رہا ہوں اور دوٹوک انداز میں واضح کر دوں کہ ذمہ داروں کو کڑی سزائیں دی جائیں گی۔ گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔‘

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1466770570637422592

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی شرمناک واقعہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے ماورائے عدالت اقدام قطعاً ناقابل قبول ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے سول ایڈمنسٹریشن کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ’سیالکوٹ واقعہ بہت دلخراش ہے اور قابل مذمت ہے‘۔ انھوں نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومتی ادارے واقعے کی تحقیقات میں پنجاب حکومت کی معاونت کر رہے ہیں۔’نیشنل کرائیسس سیل واقعے کے محرکات کا جائزہ لے رہا ہے۔ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کی عدالت میں لائیں گے‘۔

https://twitter.com/CMShehbaz/status/1466800350720000003?s=20

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ بہت اندوہناک واقعہ ہے۔ انھوں نے ذمہ داران کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سیالکوٹ میں ہونے والے ’دل خراش واقعے نے دل چیر کر رکھ دیا‘۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1466799878164647941?s=20

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ’سیالکوٹ میں پیش آنے والا سانحہ شرمناک، انتہائی قابل مذمت اور اسلام و شرف انسانیت کی توہین ہے، پاکستان کی بدنامی کا باعث ہے‘۔

https://twitter.com/SirajOfficial/status/1466749831985172480?s=20

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ریاست کی پالیسیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

تاہم وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مذہب کے نام پر انتہا پسندی کے واقعات کو روکنے کے لیے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments