جستجو


جو جستجو ایک گاؤں کے بچے میں ہوتی ہے شاید ہی کسی اور میں ہو۔
کسی چیز کو جاننے کا علم ہی تو جستجو کہلاتی ہے۔

جس گلی کے باہر لکھا دیکھا کہ گلی بند ہے الحمدللہ ہر اس گلی میں جاکر تصدیق کی کہ بند بھی ہے یا ویسے ہی بیوقوف بنا رہے ہیں۔

اگر کسی جگہ تختی آویزاں ہے کہ فرش گیلا ہے ضرور پاؤں رکھ کر چیک کیا اور گیلے فرش پر پاؤں کے نشان آنے پر صفائی والے سے گالیاں الگ کھائیں۔

ایسے ہزاروں تجربات کر چکنے کے بعد فوٹوگرافر محمد اظہر حفیظ مکمل ہونا شروع ہوا۔

جب بھی کسی نے کہا صاحب کا موڈ آف ہے اندر مت جائیں الحمدللہ اندر جا کر اس بات کی تصدیق کی اور باہر آ کر گواہی دی کہ واقعی صاحب کا موڈ سخت خراب ہے۔

گلیشیئر کی باقیات کیچڑ کی شکل میں بچتی ہیں اس پر آپ چڑھ تو سکتے ہیں پر اتر نہیں سکتے۔ کیونکہ پاؤں سلپ ہوتا ہے اور پکڑنے کے لئے کچھ بھی تو نہیں ہوتا، بس آپ سلائیڈ کر کے ہی اتر سکتے ہیں 1997 میں یہ تجربہ بھی کر کے دیکھا کہ کیا یہ سچ ہے یا پھر جھوٹ پر مبنی کہانیاں ہی ہیں۔

رات کو قبرستان کے پاس سے نہیں گزرتے ہوائی چیزیں ہوتی ہیں۔ ہمیشہ گزر کر دیکھا ڈر بہت لگا لیکن نظر کچھ نہیں آیا۔ کیونکہ اس طرف دیکھا ہی نہیں۔

کسی نے بتایا کہ جن اور چڑیلوں کے پاؤں الٹے ہوتے ہیں۔ الحمدللہ شکل سے ثابت بھی ہو گیا کہ یہ شکل جن یا چڑیل کی ہی ہو سکتی ہے بہت کوشش کے باوجود پاؤں نہیں دیکھے۔

یہ گاؤں میں چاچا رحمت علی ہے اس کو سلام نہیں کرتے جب تک گاؤں میں رہے ہمیشہ سلام کر کے گزرے اور بے شمار گالیاں کھائیں۔ پھر چاچا فوت ہو گیا اور ہمارا سلام قبول ہو گیا۔

جب بھی کسی الٹے کام کی اطلاع آتی امی جی بیچاری سمجھ جاتیں میرے لعل نے ہی یہ کارنامہ انجام دیا ہو گا۔

راوی دریا میں اس علاقے میں بہت دلدل ہے۔ عین اسی جگہ سے لائف جیکٹ پہن کر دریا ضرور کراس کیا۔ بعد میں پتہ چلا لائف جیکٹ پانی کے لئے ہوتی ہے دلدل کے لئے نہیں۔

زمین پر بیٹھ کر بجلی مرمت کے کام نہیں کرتے۔ بجلی کا ٹانکا لگانے والا قاویہ لے کر زمین پر بیٹھا ٹانکے لگا رہا تھا ایک شاندار کرنٹ نے استقبال کیا اور بہت مزا۔ آواز آئی ہائے مر گیا اور جھٹکے سے قاویہ کی تار سوئچ سے نکل گئی اور امی جی بھاگی ہوئی آئیں کیا ہوا۔ کچھ بھی تو نہیں ایسے ہی مذاق کر رہا تھا۔ کیونکہ سچ بول کر کرنٹ کے ساتھ تھپڑ کھانا ایک قیمت میں دو مزے کچھ مناسب نہیں لگتا تھا۔

موٹر سائیکل سے گر جانا اور کسی کو نہ بتانا معمول تھا پھر گھٹنے سے پھٹی ہوئی شلوار چغلی کھا جاتی تھی اور امی کہتیں میرے لعل ہمیشہ ایسے کام ہی کیوں کرتے ہو۔

ایک دفعہ لڑائی میں کنپٹی پر مد مقابل نے لوہے کا پنچ ہاتھ پر پہن کر مارا۔ چکر ہی آ گیا۔ اب درد ہے کہ جائے نا۔ امی جی کرکٹ کھیلتے ہارڈ بال اس جگہ لگ گئی بہت درد ہے۔ نیو کٹاریاں مارکیٹ میں کیپٹن نیاز نام کے بزرگ ڈاکٹر تھے امی جی لے کر ان کے پاس چلی گئیں۔ انھوں نے بغور معائنہ کیا اور کہنے لگے اچھی گیند تھی جس کی چار آہنی انگلیاں بھی تھیں کونسی کلاس میں ہو برخوردار۔ جی ڈاکٹر صاحب ساتویں میں۔ ماشاء اللہ اتنی چھوٹی عمر میں آہنی ہاتھوں سے لڑائیاں۔ انھوں نے دوا لگادی اور درد کی دوا دے دی۔ گھر آگر امی جی ایک دفعہ پھر آہنی ہاتھوں سے ملیں۔ پر اپنے لئے یہ ایک معمول تھا۔ جب بھی باہر لڑ کر آئے مار کھائی یا مارا دونوں صورتوں میں گھر سے مار پڑی۔

بارش میں موٹرسائیکل احتیاط سے چلاتے ہیں ہمیشہ بے احتیاطی سے چلایا اور کدوکش کیا ہوتا ہے۔ سمجھ میں آیا جب سڑک نے کدوکش کی طرح چھیلا۔

یار یہ لڑکا اچھا نہیں ہے چرس پیتا ہے۔ پاس جاکر دوستی کر کے دیکھا لوگ ٹھیک کہتے ہیں۔

بہت سے لوگوں سے کاروباری شراکت کی اور یہ سب وہ تھے جن کے بارے میں مشہور تھا کہ فراڈیے ہیں۔ ان سے بچنا چاہیے۔ پھر عین الیقین سمجھ آیا کیا ہوتا ہے کہ لوگ ٹھیک کہتے ہیں۔

زندگی تجربات سے بھری پڑی ہے جب بیٹیاں پوچھتی ہیں بابا جی آپ کو سب کیسے پتہ ہوتا ہے کیا بتاؤں پتہ لگایا ہے تو پتہ چلا ہے۔ اس جستجو نے مجھے اب بہت محتاط بنا دیا ہے۔ ہمیشہ دو چھتریاں لے کر چلتا ہوں ایک اپنے لئے اور ایک اپنے جیسے پینڈو کے لئے جو بادل دیکھ کر بھی سوچتا ہے پتہ نہیں بارش ہوگی بھی کہ نہیں۔ اگے مت جائیں بلاسٹنگ ہو رہی ہے جی تصویر بنانی ہے ضرور جاکر دیکھا اور کئی دفعہ موت کے منہ سے بچے۔ یہ سیاچن ہے یہاں بہت آہستہ چلتے ہیں ورنہ جسم سے آکسیجن ختم ہوجاتی ہے الحمدللہ وہاں بھی تیز تیز چل کر دیکھا اور پھر آکسیجن سلنڈر پر شفٹ ہو گئے۔

میرے سب تجربے ذاتی ہیں ساتویں جماعت میں ہی اپنا ریڈیو بنا لیا تھا۔ اور کئی دفعہ چاند پر جانے کا ارادہ بھی کیا پر ہر دفعہ تھوڑا بہت فرق رہ گیا۔ پنکھے کے آگے کھڑے ہو کر کشش ثقل کے بغیر جگہ کے مطابق خلا میں چلنے کی پریکٹس بھی کرتا رہا۔ ہوا میں معلق میری دھوتی دیکھ کر ہی انگریز نے سپر مین کا کریکٹر بنایا بس دھوتی اس کے گلے میں ڈال دی۔

پھر گھر والوں نے لاچا اور دھوتی پہننے پر پابندی لگا دی۔

کچھ دن پہلے ہی میرا لاچا الماری سے نکال کر میری بیٹیاں خوش ہو رہی تھیں اتنا خوبصورت کلر فل کپڑا بابا یہ کیا ہے۔ بیٹا یہ میرا لاچا ہے۔ آپ اس کو مردوں کی سکرٹ کہہ سکتی ہو۔ اور کیا بتاتا۔

لاچا کبھی پنجابیوں کی شان ہوتا تھا۔ اب ڈھول والے پہن کر دھمال ڈالتے ہیں۔

بہت سا وقت اور پیسہ بلیک اینڈ وائٹ کو کلر کیمیکل میں ڈیویلپ کر کے اور کلر کو بلیک اینڈ وائٹ کیمیکل میں ڈیویلپ کر کے ضائع کیا۔ کچھ بھی تو سامنے نہیں آتا تھا۔ نیگیٹو وہی تصویر بنتا ہے جس پر کچھ ہو خالی نیگیٹو کبھی تصویر نہیں بن سکتا۔ یہ آخری فیصلہ تھا۔

اکثر پیپر کاٹ کر احتیاطاً جیکٹ میں ڈال لیتا تھا تاکہ روشنی سے مزید بچایا جا سکے اور پھر ڈارک روم سے نکل کر چائے پینے کینٹین چلا جاتا تھا۔ اس سے یہ ثابت ہوا کہ روشنی لگنے سے پیپر خراب ہوجاتا ہے۔ اور ہمیشہ ہی ہوا۔ پہلے اپنی غلطیوں سے سیکھتا تھا اب لوگوں کی غلطیوں سے سیکھتا ہوں۔ کیونکہ میں یہ سب غلطیاں اپنے حصے کی کرچکا ہوں۔

جس جگہ لکھا دیکھا تصویر بنانا منع ہے ضرور بنا کر دیکھی۔ جہاں لکھا دیکھا نہانا منع ہے نہا کر دیکھا، جہاں لکھا دیکھا پیشاب کرنا منع ہے پیشاب کر کے دیکھا۔ کچھ بھی تو نہیں ہوتا۔ سوات گئے 2009 میں خودکش حملوں کا دور دورہ تھا۔ ہر ناکے پر لکھا تھا چادر اتار کر آگے آئیں مجھے اپنا لاچا بہت یاد آیا۔ آج اگر پہنا ہوتا تو کتنا شغل لگتا۔

باتیں کرنے کا ہمیشہ سے ہی بہت شوق تھا اور بے شمار جگہوں سے ذلت اٹھائی۔ پر اس عادت ہر کنٹرول نہ حاصل کر سکا۔ کیونکہ ذلیل بھی بندہ بغیر جستجو کے نہیں ہو سکتا ۔ بہت کوشش کرنا پڑتی ہے۔ تب جاکر یہ جستجو مکمل ہوتی ہے۔

جہاں جہاں خودکش حملے ہوتے تھے ان سب جگہوں پر گیا۔ کہ شاید کسی بلاسٹ کی تصویر بنا سکوں۔ اس کے لئے وزیرستان کے کئی چالیس روزہ چلے کاٹے پر ناکام ہی رہے۔ سوچتا، تھا کبھی خودکش حملہ آور کی شکل دیکھوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک جگہ کچھ سے ملنے کا اتفاق بھی ہوا۔ تقریباً میرے ہم شکل ہی تھے۔ سپاٹ چہرے جن پر کوئی ایکسپریشن نہیں تھا۔ جیسا کہ وہ بھی جستجو میں ہوں کہ مرنے کے بعد کیا ہو گا۔

کبھی نہ ختم ہونے کا نام ہی جستجو ہے۔
شاید یہی زندگی ہے۔

محمد اظہر حفیظ
Latest posts by محمد اظہر حفیظ (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments