یوم جمہوریہ پر وزیراعظم کی ٹوپی زیربحث: 'ہمارا میڈیا مودی جی کی ٹوپی کو سمجھنے میں پھنس گیا‘


انڈیا کے 73ویں یوم جمہوریہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی ٹوپی نے بہت سے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کی۔ اس سے پہلے پی ایم مودی رنگین پگڑی پہنتے تھے۔ مگر اس مرتبہ یوم جمہوریہ کی تقریب میں وزیراعظم نے جو ٹوپی پہنی وہ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔

بہت سے لوگوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وزیر اعظم مودی نے جو ٹوپی پہنی وہ شمالی ہند کی پہاڑی ریاست اتراکھنڈ کی ثقافت کی عکاس ہے۔ اتراکھنڈ کے مقامی لوگ اسے ’برہما کمل ٹوپی‘ کہتے ہیں۔ ’برہما کمل‘ اتراکھنڈ کا ریاستی پھول ہے۔ واضح رہے کہ اتراکھنڈ میں اسمبلی انتخابات بھی ہونے والے ہیں۔

اس تعلق سے بہت سے صارفین نے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ صحافی فرح خان نے لکھا ہے کہ ‘ہماری میڈیا مودی جی کی ‘ٹوپی’ میں مشغول ہے۔ ٹوپی نوجوانوں کے متستقبل سے زیادہ اہم ہے۔’

اس کے ساتھ انھوں نے ایک اما شنکر سنگھ کا ایک ٹویٹ پیش کیا ہے جس میں انھوں نے یوم جمہوریہ کے موقعے پر ریلویز میں آسامی کی بھرتیوں میں ہونے والی مبیبہ بدعنوانی کے خلاف مظاہرہ کرنے والے امیدواروں اور طلبہ کی ویڈیو ڈالی ہے۔

https://twitter.com/farah17khan/status/1486215985279672324

وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ نے بھی اسی قسم کی ٹوپی پہن رکھی تھی۔ اجے بھٹ اتراکھنڈ کے نینی تال انتخابی حلقے سے لوک سبھا کے رکن ہیں۔ پی ایم مودی کو اس یوم جمہوریہ پر سفید کرتے، جیکٹ، اتراکھنڈی ٹوپی اور منی پوری شال میں دیکھا گیا۔

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اپنی ریاست کے کلچر کی وراثت کو اپنانے کے لیے پی ایم مودی کا شکریہ ادا کیا۔ دھامی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا: ‘آج 73 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر، عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے برہما کمل سے سرشار دیو بھومی (دیوتاؤں کی سرزمین) اتراکھنڈ کی ٹوپی پہن کر ہماری ریاست کی ثقافت اور روایت کو قابل فخر بنایا ہے۔ اتراکھنڈ کے سوا کروڑ عوام کی طرف سے میں عزت مآب وزیر اعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔’

منی پور کے وزیر وشواجیت سنگھ نے پی ایم مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا: ‘محترم وزیر اعظم نریندر مودی نے 73 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر منی پوری کی سٹال (شال) ‘لیرام فائی’ لے کر ہم سب کے افتخار میں اضافہ کیا ہے۔ یہ پی ایم مودی کی جانب سے ریاست کی روایت کا احترام ہے۔’

https://twitter.com/BiswajitThongam/status/1486207124837650435

واضح رہے کہ پی ایم مودی اکثر کندھے پر ایسے سٹالز ڈالے نظر آتے ہیں۔ پی ایم مودی جب بھی شمال مشرق کی ریاستوں میں جاتے ہیں تو وہاں کی روایت کا خاص خیال رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی داڑھی کیوں بڑھا رہے ہیں؟

نریندر مودی ٹوپی کیوں نہیں پہنتے؟

کئی صارفین نے لکھا ہے کہ مودی جی اس ٹوپی کے ذریعے کسی خاص جانب اشارہ کر رہے ہیں۔

اب تک یوم آزادی اور یوم جمہوریہ پر پی ایم مودی رنگین پگڑی یا دستار میں نظر آتے تھے، لیکن اس بار وہ اتراکھنڈی ٹوپی میں نظر آئے۔ پی ایم مودی 72 ویں یوم جمہوریہ پر سرخ پگڑی میں نظر آئے تھے۔ یہ پگڑی وزیر اعظم کو گجرات کے جام نگر کے شاہی خاندان کی طرف سے تحفے میں ملی تھی۔

کئی صارفین نے ان کی ٹوپی کو آئی این اے یعنی سبھاش چندر بوس کی پارٹی کی ٹوپی کے مشابہ بھی قرار دیا ہے۔ جبکہ کئی صارفین نے اب تک انھوں نے ایسے مواقعے پر جو دستار یا پگڑی پہنی ہے اس کی تصاویر پوسٹ کی ہیں۔

جبکہ کئی صارفین نے بی جے پی کے حامیوں کے مصدقہ ٹوئٹر ہینڈل سے ایک ہی قسم کے ٹویٹ کی سکرین شاٹ پیش کرتے ہوئے اسے آج کا ٹول کِٹ قرار دیا ہے۔

اس سے قبل سنہ 2020 میں، وزیر اعظم بھگوا (زعفرانی) پگڑی میں نظر آئے۔ وزیر اعظم مودی نے سنہ 2014 میں پہلی بار لال قلعہ سے ملک سے خطاب کیا تو انھوں نے جودھپوری پگڑی پہنی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32505 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments