نرسنگ سٹاف کے احترام میں چند لفظ


سیلف لیس لفظ سنا تھا۔ پھر اس کے معنی تلاش کیے تو گوگل نے ترجمہ کیا، ” بے لوث“۔ سوچا یہ صرف ماں باپ ہی ہوسکتے ہیں۔

ساری زندگی نرسنگ سٹاف اور پیرا میڈیکل سٹاف سنا اور دیکھا تھا۔ اور ان کی عجیب و غریب کہانیاں سنی تھیں۔ شاید وہ سب لوگ بہروپیے ہیں اور اس عظیم کام کو کرنے والوں کی بدنامی کا ذریعہ بن رہے ہیں۔

پچھلے کچھ ہفتوں سے جگر ٹرانسپلانٹ کے سلسلے میں پاکستان کڈنی لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سنٹر لاہور میں داخل ہوں۔ میرا خیال تھا کہ سرجن ڈاکٹر فیصل سعود ڈار صاحب اور اس کی ٹیم کا ٹرانسپلانٹ میں بہت اہم رول ہوتا ہے پر وہ سارا رول بے ہوشی میں ہی گزر گیا۔ مجھے نہیں معلوم کہ کس نے بے ہوش کیا اور کس نے ٹرانسپلانٹ کیا۔

جب میری آنکھ کھلی تو آئی سی یو میں میرا کوئی اپنا میرے پاس بیٹھا تھا۔ اور میرے جسم سے منسلک سب مشینوں کو بار بار نوٹ کر رہا تھا۔ میں نہ بول سکتا تھا اور نہ ہل سکتا تھا۔ ابھی ہوش میں آیا ہی تھا۔

بہت سے بیگ میرے جسم کو لگے ہوئے تھے جن کو وہ خالی کرتے تھے۔ اس کی مقدار لکھتے تھے۔ اس طرح کے تین لوگ شفٹوں میں کام کر رہے تھے۔ مسلمان بھی تھے اور کرسچین بھی پر سب بے لوث تھے۔ عجیب مرد وزن تھے۔ مجھے ایسے لگ رہا تھا کہ شاید میرا جنم ابھی ہوا ہے۔ کبھی میرا منہ گیلے کپڑے سے صاف کر رہے تھے، مجھے دیکھ کر مسکرا رہے تھے۔ مجھے ڈائپر لگا رہے تھے، میرا ڈائپر بدل رہے تھے، مجھے دن میں تین دفعہ ماوتھ واش کروا رہے تھے۔ آکسیجن ماسک درست کر رہے تھے، مجھے اٹھا کر بیٹھا رہے تھے، میرے پیشاب کے بیگ بدل رہے تھے مسکرا رہے تھے جیسے وہ بہت خوش ہوں۔ مجھے ورزش کروا رہے تھے۔

جو وہ سب انجام دے رہے ہیں۔ یہ ان پر فرض ہے، مجھے ہاتھ سے پکڑ کر چلا رہے تھے، اچھا ایک قدم اور واہ جی واہ بہت بہادر ہیں آپ۔ اچھا انکل ایک بات تو بتائیں غبارہ پھلا لیتے ہیں۔ یہ لیں کوشش کریں، ہوش میں آنے کے بعد پھیپھڑوں کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کے لئے یہ ورزشیں بہت ضروری ہیں، پہلا غبارہ پھلایا اور تالیاں بجانے کی آواز آئی اور یوں کئی غبارے پھلا کر اس مرحلے سے گزر گیا۔ آئی سی یو سے ہوتا ہوا میں ہسپتال کے کمرے میں آ گیا۔ نہ میں بیڈ سے گرا، نہ میرے کپڑے گندے یا گیلے ہوئے، روزانہ منہ ہاتھ دھلوا کر تیار کیا جاتا، بغیر کہے کپڑے بدلوائے جاتے، جب کمرے میں شفٹ ہوا تو کچھ اور لوگ منتظر تھے۔ دوائی کا وقت ہوا چاہتا ہے، انکل شاباش واک کریں، انکل دانت صاف کریں، انکل سوئی چبھے گی سوری، انکل کیسے ہیں، انکل کیا کھایا۔

سچ بتاؤں مجھے پہلی دفعہ احساس ہوا یہ نرسنگ سٹاف نہیں ہیں بلکہ میرے ماں باپ ہیں، وہی شفقت، وہی مسکراہٹ، وہی ٹھنڈک، وہی برداشت کیا بتاؤں۔ سبحان اللہ

آئی سی یو میں بابر صاحب، شہزاد صاحب، دانش صاحب، نجف صاحب، تنویر صاحب اور کمرے میں عدنان صاحب، فہیم صاحب، علی شیر صاحب، فرزانہ صاحبہ، گوہر صاحب، سیم صاحب، عدیلہ صاحبہ، علیزا صاحبہ، ولید صاحب، شیزا صاحبہ، ام فروا صاحبہ، جینفر صاحبہ، نیہا صاحبہ، فاطمہ صاحبہ، اسما صاحبہ، جہانگیر صاحب، ماہم صاحبہ، نقاش صاحب، رفعت صاحبہ، نبیلہ صاحبہ، رامین صاحبہ، یاسر نیازی صاحب، حفیظ صاحب، احمد صاحب، ہارون صاحب، فدا صاحب ان سب کی شکل میں میں نے اپنے مرحوم والدین کو ساتھ ساتھ پایا۔ اتنا اپنا پن اور خیال ماں باپ ہی رکھ سکتے ہیں۔ ان سب کے لئے خاص دعا کی درخواست ہے۔ میرے علاج میں اللہ کے فضل و کرم کے ساتھ ساتھ ان سب کی مدد بھی شامل ہے ورنہ معاملات کافی دشوار ہو گئے تھے۔

مجھے آج عبدالستار ایدھی صاحب سمجھ آئے، اگر وہ میل نرس نہ ہوتے تو شاید عبدالستار ایدھی بھی نہ ہوتے۔ اور بے شمار بچے کے عظیم والد بھی نہ ہوتے۔ مدر ٹریسا بھی اگر نرس نہ ہوتیں تو کبھی اتنی عظیم ماں نہ ہوتیں۔

میرے ساتھ ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر قدم بڑھائیں اور نرسنگ سٹاف کو والدین کا احترام اور عزت دیں۔ بے شک وہ اس سے زیادہ کے حقدار ہیں۔

پاکستان کڈنی لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر لاہور آپ کا شکریہ اتنے اچھے لوگوں سے ملوانے کا اور میری سوچ بدلنے کا۔ میرا سلام ان عظیم ماؤں کو جنہوں نے اتنے عظیم بیٹے اور بیٹیاں پیدا کیں اور پھر ان کو خدمت کے لئے چن لیا گیا۔

بے شک یہ ہی عبدالستار ایدھی صاحب ہیں اور مدر ٹریسا صاحبہ ہیں۔ یہی سچے اور کھرے انسان ہیں اور اللہ کے انعام یافتہ لوگ ہیں۔

الحمدللہ میرا جگر ٹرانسپلانٹ کامیاب ہو گیا ہے اور جلد لاہور اپنے گھر شفٹ ہو جاؤں گا انشاء اللہ۔ میری بیٹی گھر شفٹ ہو چکی ہے، الحمدللہ۔

ابھی تین ماہ تک احتیاط کا حکم ہے ملاقات اور رابطے ممکن نہیں۔ فون کا استعمال ابھی نہیں کرتا میرے گھر والے فون سنتے ہیں۔ واک کرتا ہوں نارمل کھانا کھاتا ہوں الحمدللہ سب بہتر ہو رہا ہے۔

میرے علاج کے سلسلے میں سب احباب نے بہت مدد کی اس کے لئے ہماری فیملی آپ سب کی بہت شکر گزار ہے۔ اللہ تعالی آپ سب کو اجر عظیم عطا فرمائیں آمین۔

محمد اظہر حفیظ
Latest posts by محمد اظہر حفیظ (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments