شہر قائد میں خوف کی فضا : 3 مقامات پر دستی بم حملے


\"karachiشہر قائد میں اس وقت خوف کی فضا دیکھنے میں آئی جب دو گھنٹے کے اندر شہر کے تین مختلف مقامات پر دستی بم حملے کیے گئے۔پہلا حملہ ضلع شرقی میں مبینہ ٹاون تھانے پر ، دوسرا ضلع وسطی میں کریم آباد میں طالبات کے کالج کے قریب بس سٹاپ جبکہ تیسرا ضلع جنوبی میں نارتھ ناظم آباد کے ایک سکول پر کیا گیا۔پہلا دستی بم حملہ سپر ہائی وے کے قریب واقع مبینہ پولیس تھانے پر کیا گیا۔پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گھریلو ساختہ بوتل بم تھانے پر پھینکا جس سے ڈیوٹی پر تعینات ایک اہلکار زخمی ہوا۔موٹر سائیکل سوار ملزمان حملے کے بعد بآسانی فرار ہو گئے۔حملے میں آصف علی لاشاری نامی اہلکار معمولی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حملے کے بعد ابوالحسن اصفہانی روڈ کے ایک ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ خوف و ہراس کے باعث دکانیں اور کاروبار بھی جزوی طور ہر بند ہوا۔بم حملے کی اطلاع ملنے پر پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا جس نے شواہد جمع کرنا شروع کر دیئے۔دستی بم حملے سے تھانے کے باہر کھڑی ہیڈ محرر کی کار کو بھی نقصان پہنچا اور اس کے شیشے ٹوٹ گئے۔
مبینہ تھانے پر حملے کے کچھ دیر بعد ہی کریم آباد میں طالبات کے کالج کے قریب بس اسٹاپ پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ کریم آباد کے فلائی اوور کے اوپر سے ایک دستی بم کالج کے قریب بس سٹاپ پر پھینکا گیا جس سے کالج میں موجود طالبات اور عملے میں خوف وہراس پھیل گیا۔اس وقت کالج کے گیٹ اور اس کے قریب بس سٹاپ پر زیادہ رش تھا جس سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر کالج کے باہر اور بس سٹاپ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق کریم آباد میں اپوا گرلز کالج پر حملہ ہوا جس سے کالج کی دیوار کو معمولی نقصان پہنچا۔ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق بم حملے کے بعد انتظامیہ نے گرلز کالج اور اس سے تھوڑا فاصلے پر واقع پولی ٹیکنک کالج میں تدریسی عمل معطل کر کے طلبہ کی چھٹی کر دی جبکہ دونوں تعلیمی اداروں کو بند کر دیا گیا۔
تیسرا دستی بم حملہ نارتھ ناظم آباد کے بلاک اے میں ایک اسکول کے قریب ہوا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ حملے میں 2 بچے بھی معمولی زخمی ہوئے البتہ پولیس کی جانب سے اس کی تردید کی گئی۔بم حملے کی اطلاع ملتے ہی والدین کی بڑی تعداد بچوں کو لینے سکول پہنچ گئی جبکہ انتظامیہ کی جانب سے سکول کو بند کر دیا۔کچھ ہی وقت کے وقفے سے تین دستی بم حملوں کے حوالے سے پولیس نے شبہ ظاہر کیا کہ اس میں ایک ہی گروہ ملوث تھا تاہم پولیس ان کو فوری پکڑنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بم دیسی ساختہ تھا جن کو بوتل کے ذریعے بنایا گیا تھا جبکہ ان کو موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے تینوں مقامات پر پھینکا۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کراچی میں دستی بم حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments