یوکرین، روس تنازع: پراسرایت میں لپٹا ’Z‘ کا نشان جو جنگ کے حامیوں کی علامت بنا

پال کرلی اور رابرٹ گرین ہال - بی بی سی نیوز


روسی جمناسٹ ایوان کولیاک
روسی جمناسٹ ایوان کولیاک
روسی جمناسٹ ایوان کولیاک کو قطر میں اپنے یوکرین کے حریف کے ساتھ پوڈیم پر انگریزی کے آخری حرف ’زیڈ‘ کی نمائش پر بین الاقوامی جمناسٹک فیڈریشن (ایف آئی جی) کی جانب سے تادیبی کارروائی کا سامنا ہے۔ لیکن اس Z شکل کی علامت کا کیا مطلب ہے؟

روس میں انگریزی زبان کے حرف ’زیڈ‘ کو تیزی کے ساتھ صدر پوتن کے یوکرین پر حملے کی حامی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس کا سیاست دانوں نے سرعام مظاہرہ بھی کیا ہے، اور اسے کاروں، ویگنوں اور اشتہاری ہورڈنگز کے اطراف میں دیکھا گیا ہے۔

روس میں اس نشان کو بس شیلٹرز پر بھی لگا ہوا دیکھا جا رہا ہے۔ یہاں تک کہ اسے بلغراد میں روس نواز مظاہروں میں بھی استعمال کیا ہے۔ اور سوشل میڈیا پر زیڈ کی علامت والی تصاویر کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا ہے۔

روس یوکرین تنازع: اس جنگ کے آپ کی زندگی پر کیا اثرات ہو سکتے ہیں؟ ہمیں اپنے سوال بھیجیں

لندن کی گلوبل یونیورسٹی میں سکول آف سلاونک اینڈ ایسٹرن یورپین سٹڈیز میں بین الاقوامی سیاست کے شعبے کی ایک لیکچرر اگلیا سنیتکووا کہتی ہیں کہ یہ سوشل میڈیا میں ایک گفتگو کا موضوع بن گیا ہے۔ ’بہت معنوں میں اس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ روس کس حد تک عالمی دنیا کا حصہ ہے، یا رہا ہے۔‘

اگر چہ روسی سیریلک حروف تہجی میں زیڈ کو مختلف طریقے یعنی انگریزی کے 3 کی شکل میں لکھا جاتا ہے لیکن زیادہ تر روسی اس لاطینی حرف کو پہچانتے ہیں۔ آر یو ایس آئی میں روس اور یوریشیا کی ریسرچ فیلو روس ایملی فیرس کا کہنا ہے کہ ‘زیڈ’ ایک طاقتور اور آسانی سے پہچانی جانے والی علامت ہے۔

Z کی مختلف جگہ علامتیں

Z کی مختلف جگہ علامتیں

وہ کہتی ہیں ’پراپیگنڈے کے ساتھ اکثر یہ ہوتا ہے سب سے آسان چیزیں تیزی سے پھیلتی ہیں۔ یہ اپنے آپ میں بذات خود ڈرانے والا اور کافی سخت ہے۔ جمالیاتی نقطہ نظر سے یہ ایک بہت ہی طاقتور علامت ہے۔‘

زیڈ کو صدر پوتن کے حملے کے حامیوں کے درمیان پھیلنے میں پندرہ دن سے بھی کم وقت لگے۔

وسطی روس کے شہر کازان میں، تقریباً 60 بچوں اور سٹاف ممبر ہسپتال کے سامنے زیڈ کی شکل میں برف میں قطار بند ہوئے اور ان کی اس طرح تصویر کشی کی گئی کہ وہ ایک بڑا انسانی زیڈ بنا رہے تھے۔

آخر اس زیڈ کی علامت کا اصل مطلب کیا ہے؟ اس کے متعلق کئی نظریات گردش کر رہے ہیں۔ اس پر سب سے پہلے سوشل میڈیا کی توجہ اس وقت مبذول ہوئی جب زیڈ کی علامت والے روسی ٹینک یوکرین جاتے ہوئے دیکھے گئے۔

ابتدائی طور پر یہ خیال ظاہر کیا گیا کہ در حقیقت یہ نمبر ’2‘ ہے، جو 22 فروری (22/02/2022) کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ وہ دن تھا جب روس نے مشرقی یوکرین کے خود سے الگ ہونے والے علاقوں دونیسک اور لوہانسک کے ساتھ ’دوستی، تعاون اور باہمی امداد‘ کے معاہدے کی توثیق کی تھی۔

زیڈ

لیکن اب یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ علامت صرف روس کی فوج کے لیے اپنی افواج کی شناخت کا ایک طریقہ ہے۔

گذشتہ ہفتے روس کے سرکاری کنٹرول والے چینل ون پر ایک نیوز پروگرام کے ناظرین کو بتایا گیا کہ زیڈ روسی فوجی ساز و سامان پر لگایا جانے والا ایک عام نشان ہے۔ آرتھوڈوکس مسیحی پوتن نواز ویب سائٹ تسرگراد نے قارئین کو بتایا کہ یہ نشان ’دوستانہ فائرنگ سے بچنے‘ کے لیے ہے اور اس سادہ علامت سے ’کسی اور چیز کے ساتھ دھوکہ نہیں کھایا جا سکتا۔‘

روسی سپیشل فورسز کے ریٹائرڈ فوجی سرگئی کوویکن نے روسی میگزین کی ویب سائٹ لائف کو بتایا کہ مختلف علامتیں مختلف فوجی یونٹوں کی نشاندہی کرتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’اس طرح کی علامتوں میں زیڈکا کسی مربع یا باکس یا پھر کسی دائرے میں یا پھر ستارے کے نشان کے ساتھ یا پھر صرف زیڈ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ نشانات اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کرتے ہیں کہ فوجی، جو دوسرے ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں نہیں ہیں، وہ وہاں رہیں جہاں انھیں ہونا چاہیے۔

زیڈ

امریکی فضائیہ کے لیفٹیننٹ کرنل ٹائسن ویٹزل جو کہ اٹلانٹک کونسل نامی تھنک ٹینک کے ساتھ ایئر فورس کے ایک سینیئر فیلو ہیں، انھوں نے ٹاسک اینڈ پرپز ویب سائٹ کو بتایا کہ روسی جنگی طیارے اتنی تیزی سے پرواز کرتے ہیں کہ ان کے لیے سفید نشانات کو دیکھنا بہت مشکل ہے۔ لیکن انھوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ یہ زیڈ ایسے نشانات ہیں جو اپنے ہی طیاروں کے حملے سے بچاتے ہیں۔

یو سی ایل کے ايگلیا ستینتکوو کا کہنا ہے کہ زیڈ کا روس میں پھیلاؤ صرف سوشل میڈیا کی وجہ سے نہیں ہے۔

بلکہ ’اسے حکومت کی جانب سے بھی پھیلایا گيا ہے۔‘


روس کا یوکرین پر حملہ: ہماری کوریج

بی بی سی لائیو پیج: یوکرین پر روس کا حملہ، تازہ ترین صورتحال

ویکیوم بم: کیا روس نے انسانی جسم کو تحلیل کرنے والا ہتھیار یوکرین میں استعمال کیا؟

یوکرین کیسے وجود میں آیا اور روس کے ساتھ اس کا تنازع کتنا قدیم ہے؟

روس نے یوکرین پر حملہ کیوں کیا اور صدر پوتن آخر چاہتے کیا ہیں؟

پانچ نتائج جن پر یوکرین اور روس کی جنگ کا اختتام ہو سکتا ہے


ایک روسی سیاست دان، ماریا بوتینا نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انھوں نے بتایا ہے کہ کس طرح ایک جیکٹ پر زیڈ کا نشان لکھنا ہے۔ وہ وضاحت کرتی ہیں کہ ’تاکہ آپ کام پر جائيں تو اس کے بارے میں شور مچائے بغیر اسے سب کو دکھا سکیں۔‘

لیکن مز سنیتکوو کا کہنا ہے کہ اس علامت کو فاشسٹ علامت کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ ’زیڈ کو سواستیکا میں تبدیل کرنے والے بہت سارے میمز سامنے آئے ہیں، لیکن یہ ان لوگوں نے کیا ہے جو حکومت کے خلاف ہیں۔‘

اور زیڈ کے علاوہ دوسری علامتیں بھی نمودار ہو رہی ہیں۔

زیڈ

مثال کے طور پر سیریلک حروف تہجی میں رومن حرف ’وی‘ بھی نہیں ہے لیکن روسی محکمہ دفاع کے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں زیڈ کے ساتھ وی بھی دیکھے جا رہے ہیں۔

جیسے ‘Za PatsanoV’ کی طرح کے کیپشن لکھے ہوئے نظر آئے ہیں۔ اس کا مطلب ہوتا ہے لڑکوں کے لیے۔ جبکہ ایک دوسرا ‘Sila V pravde’ نظر آیا ہے جس ترجمہ ’سچ میں طاقت‘ ہے۔

ایک نظریہ یہ ہے کہ یہ دو لاطینی حروف ‘vostok’ اور ‘zapad’ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ پہلے کا مطلب مشرق ہے تو دوسرے کا مطلب مغرب ہے۔ لیکن سوشل میڈیا پر یہ بھی بات کہی جا رہی ہے کہ یوکرین کی فوج کے مطابق Z سے روس کی ’مشرقی افواج‘ اور V سے ’بحری فوج‘ مراد ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments