فرح شہزادی کے شاہانہ اخراجات نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی



تحقیق و تحریر: محمد عباس ثاقب

حال ہی میں سبک دوش وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی سہیلی فرح خان عرف شہزادی عرف گوگی مبینہ طور پر پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیرسایہ کروڑوں روپے لے کر اعلیٰ سرکاری افسران کے تبادلے اور ترقی کرانے اور اربوں روپے کمانے کے حوالے سے ان دنوں خبروں میں ہیں۔ اس حوالے سے ان کی شاہانہ طرز زندگی اور ذاتی استعمال کی مہنگی ترین اشیا کے بارے میں جو لگ بھگ مصدقہ اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، انہوں نے ذرائع ابلاغ خصوصاً سوشل میڈیا میں تہلکہ مچا دیا ہے۔

ہم نے اس حوالے سے جو تحقیقات کی ہیں، ان کے نتائج عقل حیران کرنے کے لیے کافی ہیں۔ مثال کے طور پر یہ خاتون ایک تصویر میں ایک چارٹر طیارے میں براجمان نظر آتی ہیں جو اپنی جگہ پر کروڑوں روپے کی گیم ہے مگر بات یہیں تک محدود نہیں ہے۔ اس تصویر میں ان کے قدموں کے پاس شوخ جامنی رنگ کا ایک ہینڈ بیگ رکھا نظر آتا ہے۔ مگر ہماری تحقیق کے مطابق یہ کوئی عام ہینڈ بیگ نہیں ہے بلکہ اسے دنیا بھر میں سیلیبریٹیز یعنی مشہور اور امیر ترین افراد کے لیے مخصوص اسٹیٹس سمبل سمجھا جاتا ہے۔ ہماری تحقیقات کے مطابق یہ دنیا بھر میں اپنی مہنگی ترین لگژری مصنوعات کے لیے مشہور فرانسیسی کمپنی ہرمیز (Hermes) کا برکن 30 ہینڈ بیگ 9 Gہے جو مگر مچھ کی مسام دار کھال سے تیار کیا جاتا ہے جب کہ اس کے تمام دھاتی حصے اٹھارہ قیراط کے سونے سے بنائے گئے ہیں، جس کا لاک خصوصی سیکیورٹی کوڈ سے ہی کھل سکتا ہے۔

اس بیگ کی قیمت آپ کے خیال میں کیا ہوگی؟ چلیں ہم بتا دیتے ہیں۔ 13مئی 2021 کو سی این این کی ویب سائٹ پر شائع شدہ ایک باتصویر خصوصی رپورٹ کے مطابق صرف خصوصی آرڈر پر تیار کردہ اس بیگ کی قیمتی اتنی زیادہ ہے کہ یہ عام اسٹورز پر فروخت نہیں کیا جاتا بلکہ صرف آرڈر پر تیار کیا جاتا ہے۔ اس کی بے پناہ مانگ کی وجہ سے گزشتہ سال ان بیگز کو نیلام کر کے بیچا گیا اور نیلامی میں اس کی قیمت چار لاکھ پچاس ہزار امریکی ڈالر یعنی آٹھ کروڑ چھیاسی لاکھ روپے ( 84,600,000 ) لگائی گئی ہے۔ ہو سکتا ہے کچھ قارئین اعتراض اٹھائیں کہ ہو سکتا ہے یہ بیگ اوریجنل ہرمیز برانڈ کا نہ ہو بلکہ اس کی نقل بمطابق اصل (Replica) ہو، تو ان کے لیے عرض ہے کہ ہماری تحقیق کے مطابق اس بیگ کی نقل بمطابق اصل کی بھی مارکیٹ میں موجودہ قیمت تیرہ سے چودہ ہزار امریکی ڈالر یعنی بیس لاکھ چالیس ہزار سے لے چھبیس لاکھ روپے تک ہے۔

چلیں ہم چارٹرڈ طیارے میں براجمان فرح شہزادی کی اسی تصویر کے حوالے سے مزید تحقیق کے کچھ نتائج سے آگاہ کرتے ہیں۔ اس تصویر میں فرح شہزادی نے اپنے زرد لباس سے ہم آہنگ زرد سینڈل پہن رکھے ہیں۔ امت کی تحقیق کے مطابق ہرمیز برانڈ کی اس سینڈل کی قیمت صرف پانچ سو دس یورو یعنی ایک لاکھ اور دو ہزار روپے ہے۔

آئیے اب اسی تصویر میں محترمہ فرح شہزادی کی انگلی میں دکھائی دینے والی بڑی سی انگوٹھی کا جائزہ لیتے ہیں۔ اس انگوٹھی میں جڑا بڑا سا سبز نگینہ ایک قیمتی جوہر زمرد کہلاتا ہے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ سابقہ خاتون اول محترمہ بشریٰ بی بی کی انگلی میں بھی آپ کو بالکل ایسی ہی انگوٹھی دکھائی دے گی اور ان دونوں کی کثرت سے شائع ہونے والی ایک تصویر میں ان دونوں خواتین کو یہی انگوٹھیاں پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔ جب کہ حیرت انگیز طور پر قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری بھی حال ہی میں شیرشاہ سوری کی تصویر کے سامنے بالکل اسی طرح کی انگوٹھی پہنے دکھائی دیے۔ مصنف کی تحقیق کے مطابق اس سائز کے زمرد والی ایسی انگوٹھی کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت سترہ ہزار ڈالر یعنی اکتیس لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔ (جاری ہے )


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).